حدیث نمبر: 2660
وحَدَّثَنَا يَحْيَي بْنُ يَحْيَي ، أَخْبَرَنَا أَبُو عَوَانَةَ ، عَنْ أَبِي بِشْرٍ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ ، قَالَ : " سُئِلَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ أَطْفَالِ الْمُشْرِكِينَ ؟ قَالَ : اللَّهُ أَعْلَمُ بِمَا كَانُوا عَامِلِينَ إِذْ خَلَقَهُمْ " .

سعید بن جبیر نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشرکین کے بچوں کے متعلق سوال کیا گیا تو آپ نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ نے جب ان کو پیدا کیا تو وہ زیادہ جاننے والا ہے کہ وہ کیا عمل کرنے والے تھے۔“

حوالہ حدیث صحيح مسلم / كتاب القدر / حدیث: 2660
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة
تخریج حدیث «أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عبد العزیز علوی
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشرکوں کےبچوں کے بارے میں دریافت کیا گیا تو آپ نے فرمایا:"جب اللہ نے ان کوپیداکیاہے تو اسے یہ بھی خوب علم ہے،وہ کون سے عمل کرنے والےتھے۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6765]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اہل سنت کے نزدیک، اللہ کو (ما كان) (جو ہو چکا ہے) (ما يكون) (جو ہو گا) (ما لا يكون)
جو نہیں ہو گا، (لو كان كيف كان يكون)
، اگر اس نے ہونا ہوتا تو کیسے ہوتا، سب کا علم ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6765 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1383 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
1383. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے،انھوں نے فرمایا:رسول اللہ ﷺ سے اولاد مشرکین کے متعلق دریافت کیا گیا تو آپ نے فرمایا:’’جب اللہ تعالیٰ نے انھیں پیداکیا تھا تو وہ خوب جانتاتھا کہ وہ کیسے عمل کریں گے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:1383]
حدیث حاشیہ: مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سے اپنے علم کے موافق سلوک کرے گا۔
بظاہر یہ حدیث اس مذہب کی تائید کرتی ہے کہ مشرکوں کی اولاد کے بارے میں توقف کرنا چاہیے۔
امام احمد اور اسحاق اور اکثر اہل علم کا یہی قول ہے اور بیہقی نے امام شافعی سے بھی ایسا ہی نقل کیا ہے۔
اصولاً بھی یہ کہ نابالغ بچے شرعاً غیر مکلف ہیں، پھر بھی اس بحث کا عمدہ حل یہی ہے کہ وہ اللہ کے حوالہ ہیں جو خوب جانتا ہے کہ وہ جنت کے لائق ہیں یا دوزخ کے۔
مومنین کی اولاد تو بہشتی ہے، لیکن کافروں کی اولاد میں جو نابالغی کی حالت میں مرجائیں بہت اختلاف ہے۔
امام بخاری کا مذہب یہ ہے کہ وہ بہشتی ہیں، کیونکہ بغیر گناہ کے عذاب نہیں ہوسکتا اور وہ معصوم مرے ہیں۔
بعضوں نے کہا اللہ کو اختیار ہے اور اس کی مشیت پر موقوف ہے چاہے بہشت میں لے جائے‘ چاہے دوزخ میں۔
بعضوں نے کہا اپنے ماں باپ کے ساتھ وہ بھی دوزخ میں رہیں گے۔
بعضوں نے کہا خاک ہوجائیں گے۔
بعضوں نے کہا اعراف میں رہیں گے۔
بعضوں نے کہا ان کاامتحان کیا جائے گا۔
واللہ أعلم بالصواب (وحیدي)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1383 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1384 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
1384. حضرت ابوہریرۃ ؓ سے روایت ہے،وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ سے مشرکین کی اولاد کے متعلق پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا:’‘اللہ ہی بہترجاننے والا ہے جو عمل وہ کرنے والے ہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:1384]
حدیث حاشیہ: اگر اس کے علم میں یہ ہے کہ وہ بڑے ہوکر اچھے کام کرنے والے تھے تو بہشت میں جائیں گے ورنہ دوزخ میں۔
بظاہر یہ حدیث مشکل ہے، کیونکہ اس کے علم میں جو ہوتاہے وہ ضرور ظاہر ہوتا ہے۔
تو اس کے علم میں تو یہی تھا کہ وہ بچپن میں ہی مرجائیں گے۔
اس اشکال کا جواب یہ ہے کہ قطعی بات تو یہی تھی کہ وہ بچپن میں ہی مرجائیں گے اور پروردگار کو اس کا علم بے شک تھا، مگر اس کے ساتھ پروردگار یہ بھی جانتا تھا کہ اگر یہ زندہ رہتے تو نیک بخت ہوتے یا بدبخت ہوتے۔
والعلم عنداللہ۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1384 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1384 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
1384. حضرت ابوہریرۃ ؓ سے روایت ہے،وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ سے مشرکین کی اولاد کے متعلق پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا:’‘اللہ ہی بہترجاننے والا ہے جو عمل وہ کرنے والے ہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:1384]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس عنوان سے معلوم ہوتا ہے کہ امام بخاری ؒ اولادِ مشرکین کے متعلق پہلے متوقف تھے، اس کے بعد آپ نے ان کے نجات یافتہ ہونے پر جزم کیا ہے۔
ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے علم کے مطابق ان سے برتاؤ کرے گا۔
امام احمد اور اکثر اہل علم کا یہی موقف ہے کہ جب یہ بچے شرعا غیر مکلف ہیں تو ان کا معاملہ اللہ کے حوالے کیا جائے، کیونکہ وہ خوب جانتا ہے کہ وہ جنت کے لائق ہیں یا دوزخ کے قابل۔
اگر اس کے علم میں ہے کہ وہ بڑے ہو کر اچھے کام کرنے والے تھے تو جنت میں جائیں گے بصورت دیگر جہنم کا ایندھن بنیں گے۔
(2)
قدریہ (ایک گمراہ فرقہ)
کہتے ہیں کہ اس حدیث میں نجات یا عدم نجات کا دارومدار عمل کو بتایا گیا ہے اور بچے فطرت اسلام پر پیدا ہوتے ہیں تو جب انہوں نے شرک کا ارتکاب ہی نہیں کیا تو لامحالہ نجات کے حق دار ہوں گے، لیکن یہ تاویل درست نہیں، کیونکہ فطرت پر پیدا ہونے کے بعد اگر انہیں زندگی دی جاتی تو وہ کیا کرتے؟ اللہ تعالیٰ ان کی اس ممکنہ زندگی کے متعلق اپنے علم کی بنا پر فیصلہ کرے گا اور وہ اس سے خوب آگاہ ہے۔
گویا یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ تعالیٰ کو انسان کی آئندہ ممکنہ زندگی اور اس کے اعمال کا بھی علم ہے جو ابھی تک اس سے سرزد نہیں ہوئے۔
(3)
حافظ ابن حجرؒ نے لکھا ہے کہ قیامت کے دن اہل فترت اور دیوانے لوگوں کا امتحان لیا جائے گا۔
ان سے کہا جائے گا کہ تم خود کو جہنم میں ڈالو۔
جو اللہ کی اطاعت کرتے ہوئے جہنم میں کود پڑے گا، اس کے لیے وہ جہنم گل و گلزار بن جائے گی اور جو جہنم میں چھلانگ لگانے سے انکار کر دے گا اسے دوزخ کے حوالے کر دیا جائے گا۔
(فتح الباري: 313/3)
ممکن ہے کہ میدان محشر میں بچوں کے لیے بھی کوئی امتحان عمل تجویز ہو جس پر ان کی نجات و ہلاکت کا دارومدار ہو۔
والله أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1384 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1951 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´آخرت میں کفار و مشرکین کی اولاد کے حکم کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشرکوں کی اولاد کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا: " جو کچھ وہ کرنے والے تھے اللہ تعالیٰ اسے خوب جانتا ہے۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1951]
1951۔ اردو حاشیہ: گویا اللہ تعالیٰ اپنے علم کے مطابق فیصلہ فرمائے گا۔ اس قسم کی احادیث کے پیش نظر بعض علماء اس مسئلے میں سکوت اور توقف کے قائل ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1951 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مشكوة المصابيح / حدیث: 93 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´مشرکین کے بچے جنت میں جائیں گے یا جہنم میں`
«. . . ‏‏‏‏ . . .»
". . . اور انہیں سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشرکین کی اولاد کے بارے میں دریافت کیا گیا (کہ وہ جنتی ہیں یا دوزخی ہیں)۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اللہ تعالیٰ خوب جانتا ہے جو کچھ وہ عمل کرنے والے ہوتے ہیں۔" اس حدیث کو بخاری و مسلم نے روایت کیا ہے۔ . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ/0: 93]
تخریج:
[صحيح بخاري 1384]، [صحيح مسلم 6765]

فقہ الحدیث:
➊ مشرکین کے بچے جنت میں جائیں گے یا جہنم میں؟ یہ تقدیر کا مسئلہ ہے، اسے صرف اللہ ہی جانتا ہے کہ وہ دنیا میں کیا اعمال کرنے والے تھے۔
➋ مشرکین کے بچوں کی نماز جنازہ نہیں پڑھی جائے گی۔
➌ مشرکین کے بچوں کے بارے میں سکوت کرنا بہتر ہے۔
➍ نیز دیکھئے: [اضواء المصابيح: 84، ماهنامه الحديث حضرو: 33 ص6]
درج بالا اقتباس اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 93 سے ماخوذ ہے۔