صحيح مسلم
كتاب البر والصلة والآداب— حسن سلوک، صلہ رحمی اور ادب
باب أَمْرِ مَنْ مَرَّ بِسِلاَحٍ فِي مَسْجِدٍ أَوْ سُوقٍ أَوْ غَيْرِهِمَا مِنَ الْمَوَاضِعِ الْجَامِعَةِ لِلنَّاسِ أَنْ يُمْسِكَ بِنِصَالِهَا: باب: مجمع یا بازار میں ہتھیار لے جائے تو اس کی احتیاط رکھے۔
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، وَإِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، قَالَ إِسْحَاقُ : أَخْبَرَنَا ، وقَالَ أَبُو بَكْرٍ : حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ ، عَنْ عَمْرٍو ، سَمِعَ جَابِرًا ، يَقُولُ : مَرَّ رَجُلٌ فِي الْمَسْجِدِ بِسِهَامٍ ، فَقَالَ لَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " أَمْسِكْ بِنِصَالِهَا " .سفیان بن عیینہ نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی، انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہہ رہے تھے: ایک شخص چند تیر لے کر مسجد میں سے گزرا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ان تیروں کو ان کی نوکوں (کی طرف سے) پکڑو۔“
حَدَّثَنَا يَحْيَي بْنُ يَحْيَي ، وَأَبُو الرَّبِيعِ ، قَالَ أَبُو الرَّبِيعِ : حَدَّثَنَا ، وقَالَ يَحْيَي ، وَاللَّفْظُ لَهُ ، أَخْبَرَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ ، عَنْ عَمْرِو بْنِ دِينَارٍ ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ : أَنَّ رَجُلًا مَرَّ بِأَسْهُمٍ فِي الْمَسْجِدِ قَدْ أَبْدَى نُصُولَهَا ، " فَأُمِرَ أَنْ يَأْخُذَ بِنُصُولِهَا كَيْ لَا يَخْدِشَ مُسْلِمًا " .حماد بن زید نے عمرو بن دینار سے، انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص چند تیر لے کر مسجد میں سے گزرا، اس نے ان کے پیکان کھول رکھے تھے، آپ نے حکم دیا کہ وہ انہیں پیکانوں (آگے والے لوہے کے نوکدار حصوں) کی طرف سے پکڑے تاکہ وہ کسی مسلمان کو خراش نہ لگا دیں۔
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ ، حَدَّثَنَا لَيْثٌ . ح وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ رُمْحٍ ، أَخْبَرَنَا اللَّيْثُ ، عَنْ أَبِي الزُّبَيْرِ ، عَنْ جَابِرٍ ، عَنِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " أَنَّهُ أَمَرَ رَجُلًا كَانَ يَتَصَدَّقُ بِالنَّبْلِ فِي الْمَسْجِدِ أَنْ لَا يَمُرَّ بِهَا إِلَّا وَهُوَ آخِذٌ بِنُصُولِهَا " ، وقَالَ ابْنُ رُمْحٍ : كَانَ يَصَّدَّقُ بِالنَّبْلِ .قتیبہ بن سعید اور محمد بن رمح نے کہا: ہمیں لیث اور ابوزبیر سے حدیث بیان کی، انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپ نے ایک شخص کو جو مسجد میں کچھ تیر بطور صدقہ لوگوں میں تقسیم کر رہا تھا، حکم دیا کہ وہ انہیں نوکوں سے پکڑے بغیر انہیں لے کر (لوگوں کے درمیان میں سے) نہ گزرے۔ ابن رمح نے (اپنی روایت میں) کہا: وہ تیروں کو بطور صدقہ دے رہا تھا۔
تشریح، فوائد و مسائل
معلوم ہوا کہ ہتھیار بندہوکر مسجد میں آنا جائز ہے، البتہ اگر کوئی تیز دھار چیز ہے تو اس کی دھار پر ہاتھ رکھ لے تاکہ کسی دوسرے کو زخم نہ آئے۔
جیسا کہ ایک روایت میں ہے کہ مذکورہ آدمی مسجد سے تیروں سمیت گزرا جن کے پیکان ننگے تھے، تو اسے حکم دیاگیا کہ ان کےسروں کو پکڑ لے تا کہ ان میں سے کوئی مسلمان زخمی نہ ہو۔
صحیح مسلم کی ایک روایت میں ہے کہ وہ آدمی تیر بناکر انھیں مجاہدین پر صدقہ کرنے مسجد آیا تھا تاکہ انھیں جہاد میں استعمال کیا جاسکے۔
(صحیح مسلم، البر والصلة، حدیث: 6663 (2614)
نصل نصول: تیر یا نیزے کی انی، پھل، نوک دار لوہا۔
سفیان ثوری کہتے ہیں کہ میں نے عمرو بن دینار سے پوچھا: کیا آپ نے جابر رضی اللہ عنہ کو کہتے ہوئے سنا ہے کہ ایک شخص مسجد میں کچھ تیر لے کر گزرا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: ” ان کی پیکان پکڑ کر رکھو “، تو عمرو نے کہا: جی ہاں (سنا ہے)۔ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 719]
سفیان بن عیینہ کہتے ہیں کہ میں نے عمرو بن دینار سے کہا: کیا آپ نے جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کو یہ بیان کرتے ہوئے سنا ہے کہ ایک شخص مسجد میں تیر لے کر گزرا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” اس کی پیکان (نوک و پھل) تھام لو “، انہوں نے کہا: ہاں (سنا ہے) ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأدب/حدیث: 3777]
فوائد و مسائل:
(1)
اگر آدمی کے پاس کوئی نوک دار چیز ہو تو دوسروں کے کے پاس سے گزرتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہیے کہ نادانستہ طور پر کسی کو نہ لگ جائے۔
(2)
نصال (پیکان)
سے مراد تیر کا وہ نو کیلا حصہ ہے جو لو ہے کا بنا ہوا ہوتا ہے اور شکار کو لگ کر اسے زخمی کرتا ہے۔
(3)
تیز چھری اور قینچی وغیرہ کی نوک بھی کسی کو چبھ سکتی ہے۔
گدھا گاڑی، بیل گاڑی، یا ٹرک وغیرہ پر لدا ہوا سامان بھی اگر اس قسم کا ہو کہ کسی گزرنے والے کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہو سکتا ہو تو لازمی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔
(4)
رائفل، گن اور کلا شنکوف وغیرہ لوڈ کر کے نہیں رکھنی چاہیے، نہ اس حالت میں انہیں لے کر بازار، مسجد یا ایسی جگہ جانا چاہیے جہاں لوگ جمع ہوں تا کہ اتفاقی طور پر حا دثہ نہ ہو جائے۔
(5)
حدیث کے آخر میں یہ جملہ ہے: (قال نعم)
بعض علماء نے ترجمہ کرتے وقت اسے صحابی کا قول سمجھ کر ترجمہ کیا ہے: ’’وہ بولا بہت خوب‘‘ یا ’’اس نے کہا: بہت اچھا۔‘‘
اصل میں یہ حضرت عمر و بن دینار رحمہ اللہ کا کلام ہے کہ جب ان سے ان کے شاگرد سفیان بن عیینہ رحمہ اللہ نے کہا: آپ نے حضرت جابر ؓ سے یہ حدیث سنی ہے؟ تو عمرو بن دینار نے فرمایا: ہاں (سنی ہے۔)
یہ روایت حدیث کا ایک طریقہ ہے کہ شاگرد حدیث پڑھ کر استاد کو سنائے اور استاد تصدیق کرے کہ یہ حدیث اسی طرح ہے۔
اسے محدثین کی اصطلاح میں ’’عرض‘‘ کہتے ہیں۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ تلوار اور نیزے کو اس کے منہ کی طرف سے پکڑ نا چاہیے، تا کہ کسی کو نقصان نہ پہنچے، یاد رہے کہ بندوق اور پستول وغیرہ کو پکڑتے وقت انگلی، جہاں سے بندوق چلتی ہے، وہاں نہیں رکھنی چاہیے کہ اچانک بندوق چل جائے۔ جوشخص کھلے ہتھیار لے کر چل رہا ہو اس کو اس کی حفاظت کا کہنا چاہیے۔