حدیث نمبر: 2517
حَدَّثَنِي أَبُو الطَّاهِرِ ، حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، عَنْ اللَّيْثِ ، عَنْ عِمْرَانَ بْنِ أَبِي أَنَسٍ ، عَنْ حَنْظَلَةَ بْنِ عَلِيٍّ ، عَنْ خُفَافِ بْنِ إِيمَاءَ الْغِفَارِيِّ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " فِي صَلَاةٍ اللَّهُمَّ الْعَنْ بَنِي لِحْيَانَ ، وَرِعْلًا ، وَذَكْوَانَ ، وَعُصَيَّةَ عَصَوْا اللَّهَ وَرَسُولَهُ غِفَارُ غَفَرَ اللَّهُ لَهَا ، وَأَسْلَمُ سَالَمَهَا اللَّهُ " .

حنظلہ بن علی نے حضرت خفاف بن ایماء غفاری رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز میں دعا کرتے ہوئے فرمایا: ”اے اللہ! بنو لحیان، رعل، ذکوان اور عصیہ پر لعنت فرما جنہوں نے اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی کی، اور غفار کی اللہ مغفرت فرمائے، اسلم کو اللہ سلامتی عطا کرے!“

حوالہ حدیث صحيح مسلم / كتاب فضائل الصحابة / حدیث: 2517
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة
تخریج حدیث «أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عبد العزیز علوی
حضرت خفاف بن ایماء غفاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز میں دعاکی،"اے اللہ!بنولحیان رعل،ذکوان اور عصیہ پر جنھوں نے اللہ اور اس کےرسول(صلی اللہ علیہ وسلم) کی نافرمانی کی،لعنت بھیج،غفار کی اللہ مغفرت فرمائے اور اسلم کو اللہ سلامت رکھے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:6434]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: بنو لحیان، رعل، ذکوان اور عصیۃ، چار قبائل نے بئر معونہ کے واقعہ میں ستر (70)
قراء، صحابہ کرام کے ساتھ بدعہدی کرتے ہوئے ان کو شہید کر دیا تھا، اس لیے آپ نے ان کے خلاف ایک ماہ تک دعاء قنوت کی۔
"
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6434 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3504 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3504. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’قریش، انصار، جہینہ، مزینہ، اسلم، اشجع اور غفار کے لوگ میرے دوست ہیں۔ اللہ اور اس کے رسول کے سوا ان کاکوئی دوست نہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3504]
حدیث حاشیہ: دوسری سند مذکورہ سے یہ حدیث نہیں ملی البتہ مسلم نے اس کو روایت کیا ہے یعقوب سے، انہوں نے ابن شہاب سے، انہوں نے صالح سے، انہوں نے اعرج سے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3504 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3504 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3504. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’قریش، انصار، جہینہ، مزینہ، اسلم، اشجع اور غفار کے لوگ میرے دوست ہیں۔ اللہ اور اس کے رسول کے سوا ان کاکوئی دوست نہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3504]
حدیث حاشیہ:

حدیث میں مذکورہ قبائل دوسرے عرب قبائل کی طرح جنگ و قتال کے بعد مسلمان نہیں ہوئے بلکہ انھوں نے جلدی اسلام قبول کرلیا۔
انصار سے مراد اوس اورخزرج کے قبائل ہیں۔

ایک حدیث میں ہے: بنو عصیہ نے تو اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی، غفار کو اللہ تعالیٰ نے معاف کردیا اور اسلم قبیلے کو بھی اللہ تعالیٰ نے صلح کی توفیق عطافرمائی۔
اس مقام پر صرف قبیلہ قریش کی تعریف مقصود ہے دیگرقبائل کا ذکر آگے ایک مستقل عنوان کے تحت آئے گا۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3504 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 797 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
797. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: یقینا میں ایسی نماز پڑھتا ہوں جو نبی ﷺ کی نماز سے مشابہ ہو، چنانچہ ابوہریرہ ؓ ظہر، عشاء اور فجر کی آخری رکعت میں سمع الله لمن حمده کے بعد قنوت پڑھا کرتے تھے جس میں اہل ایمان کے لیے دعا فرماتے اور کفار پر لعنت کرتے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:797]
حدیث حاشیہ: کچھ غداروں نے چند مسلمانوں کو دھوکا سے بئر معونہ پر شہید کر دیا تھا۔
آنحضرت ﷺ کو اس حادثہ سے سخت صدمہ ہوا اور آپ نے ایک ماہ تک ان پر بددعا کی اور ان پر مسلمان کی رہائی کے لیے بھی دعا فرمائی جو کفار کے ہاں مقید تھے۔
یہاں اسی قنوت کا ذکر ہے۔
جب مسلمانوں پر کوئی مصیبت آئے تو ہر نماز میں آخر رکعت میں رکوع کے بعد قنوت پڑھنا مستحب ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 797 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 797 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
797. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: یقینا میں ایسی نماز پڑھتا ہوں جو نبی ﷺ کی نماز سے مشابہ ہو، چنانچہ ابوہریرہ ؓ ظہر، عشاء اور فجر کی آخری رکعت میں سمع الله لمن حمده کے بعد قنوت پڑھا کرتے تھے جس میں اہل ایمان کے لیے دعا فرماتے اور کفار پر لعنت کرتے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:797]
حدیث حاشیہ:
: (1)
حضرت ابو ہریرہ ؓ کے انداز سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ پوری حدیث مرفوع کے حکم میں ہے کیونکہ آپ کے یہ الفاظ ہیں: میں رسول اللہ ﷺ کی نماز کی طرح نماز پڑھتا ہوں۔
(عمدة القاري: 532/4) (2)
امام بخاری ؒ اس حدیث کے بعد حضرت انس ؓ کی حدیث لائے ہیں تاکہ اس بات کی طرف اشارہ ہو جائے کہ قنوت نازلہ کسی ایک نماز کے ساتھ خاص نہیں، نیز اس حدیث میں قنوت کے آخری رکعت میں ہونے کا ذکر ہے لیکن آگے ایک حدیث میں وضاحت ہے کہ قنوت بعد از رکوع قومہ میں ہوا کرتی تھی۔
(فتح الباري: 369/2)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 797 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3512 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3512. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’قریش، انصار، جہینہ، مزینہ، اسلم، غفار اور اشجع میرے حمایتی اور دوست ہیں۔ اللہ اور اس کے رسول کے سوا ان کاکوئی دوست نہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3512]
حدیث حاشیہ: یہاں بہ سلسلہ تذکرہ قبیلہ آپ نے قریش کا ذکر مقدم فرمایا، اس سے بھی قریش کی برتری ثابت ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3512 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3512 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3512. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’قریش، انصار، جہینہ، مزینہ، اسلم، غفار اور اشجع میرے حمایتی اور دوست ہیں۔ اللہ اور اس کے رسول کے سوا ان کاکوئی دوست نہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3512]
حدیث حاشیہ:

عربی زبان میں مولیٰ کے کئی معنی ہیں، اس مقام پر مددگار اورحمایت کرنے والا مراد ہے، یعنی وہ رسول اللہ ﷺ کی حمایت کرنے والے ہیں اور اللہ اور اس کا رسول ان کا مددگار ہے اور اس کے مقابلے میں کافروں کا کوئی مددگار نہیں۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’یہ اس لیے کہ ایمان لانے والے کا اللہ تعالیٰ حامی ہے اور کافروں کا کوئی بھی حامی نہیں۔
‘‘ (محمد: 11/47)

چونکہ یہ قبائل سب سے پہلے ایمان لائے تھے، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے ان کی تعریف کی ہے۔
(عمدة القاري: 254/11)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3512 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3514 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3514. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’قبیلہ اسلم کو اللہ تعالیٰ سالم رکھے اور قبیلہ غفار کو اللہ تعالیٰ معاف فرمائے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3514]
حدیث حاشیہ:

مذکورہ دونوں حدیثوں کا سیاق انتہائی عمدہ ہے جس کے سننے سے کانوں کو لذت پہنچتی ہے اور دلوں میں کشش پیدا ہوتی ہے بلکہ یہ عجیب اتفاق ہے کہ ہر قبیلے کے پہلے حرف کے مطابق اس کی جنس کے حروف سے دعا فرمائی۔
بھلا ایسا کیوں نہ ہوتا جبکہ یہ اس ذات ستودہ صفات کا کلام ہے جو وحی کے بغیر گفتگو نہیں کرتے۔
بلاشبہ آپ کا کلام فصاحت وبلاغت کے آخری درجے کو پہنچتا ہے۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ نے مجھے جوامع الکلم سے نوازا ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، المساجد ومواضع الصلاۃ، حدیث: 1167 (523)
اس کی زندہ مثال مذکورہ دعائیہ جمل ہیں۔
(فتح الباري: 665/6)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3514 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1440 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´فرض نماز میں دعائے قنوت پڑھنے کا بیان۔`
ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن کہتے ہیں کہ ہم سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کرتے ہوئے کہا: اللہ کی قسم! میں تم لوگوں کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز سے قریب ترین نماز پڑھوں گا، چنانچہ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ظہر کی آخری رکعت میں اور عشاء اور فجر میں دعائے قنوت پڑھتے تھے اور مومنوں کے لیے دعا کرتے اور کافروں پر لعنت بھیجتے تھے۔ [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الوتر /حدیث: 1440]
1440. اردو حاشیہ: اس سے مراد ایسی دعا ہے جو مسلمانوں اور امت سے متعلق ہو مثلا اسلام اور مسلمانوں کے لئے نصرت مجاہدین کے لئے ثابت قدمی اور کامیابی یا کسی وبا اور مصیبت عامہ سے نجات کی دعا یا کفار کے لئے بد دعا اسے اصطلاحاً دعائے قنوت نازلہ کہتے ہیں۔ اسے پانچوں فرض نمازوں میں حسب ضرورت آخری رکعت میں رکوع کے بعد پڑھا جا سکتا ہے۔ امام جہری (بلند) آوا ز میں دُعا پڑھے۔ اور مقتدی آمین کہیں۔ امام حسب احوال دعا کرائے۔ جہاں نام لینے کی ضرورت ہو نام بھی لے سکتا ہے۔ اس دعائے قنوت نازلہ میں دوام نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1440 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7346 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7346. سیدنا ابن عمر ؓ سے روایت ہے انہوں نے نبی ﷺ سے سنا، آپ نماز فجر میں رکوع سے سر اٹھانے کے بعد یہ دعا پڑھتے تھے: "اے اللہ! ہمارے رب! تیرے ہی لیے تمام تعریفیں ہیں۔" یعنی آخری رکعت میں، پھر کہتے: "اے اللہ! فلاں فلاں کو اپنی رحمت دور کردے۔" اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی: "آپ کو اس معاملے میں کوئی اختیار نہیں، اللہ ان کی توبہ قبول کرے یا انہیں عذاب دے۔ بلاشبہ وہ ظالم ہیں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:7346]
حدیث حاشیہ:

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ لوگوں کے معاملات اور ان کے متعلق فیصلے کرنا صرف میرے ہاتھ میں ہے۔
میں جو چاہتا ہوں کرتا ہوں۔
کافروں کو توبہ کی توفیق دوں یا انھیں دنیا میں قتل کی سزا دوں یا آخرت میں دردناک عذاب دوں، یہ سب میرے اختیار میں ہے۔

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اسے کتاب الاعتصام میں اس لیے پیش کیا ہے کہ اگرانھیں ایمان کا یقین ہوتا تو اس لعنت زدگی سے بچ جاتے۔
یہ آیت ایک دوسری آیت کے ہم معنی ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’بلاشبہ آپ نہیں ہدایت دے سکتے جسے آپ چاہیں اور لیکن اللہ جسے چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے۔
‘‘ (البقرة: 272)
اس کا مطلب یہ ہے کہ کفار کو بالفعل ہدایت دینا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذمے نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذمے صرف ان کی رہنمائی کرنا ہے، یعنی مطلب کو واضح کر کے ان تک پہنچانا ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذمے داری ہے۔
واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7346 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3513 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3513. حضرت عبداللہ بن عمر ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے منبر پرفرمایا: ’’قبیلہ غفار کو اللہ تعالیٰ معاف فرمائے۔ قبیلہ اسلم کو سلامتی دے اور قبیلہ عصیہ نے اللہ اور اس کےرسول ﷺ کی نافرمانی کی ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3513]
حدیث حاشیہ: قبیلہ غفار والے عہد جاہلیت میں حاجیوں کا مال چراتے، چوری کرتے، اسلام کے بعد اللہ تعالیٰ نے ان کے گناہوں کو معاف کردیا اور قبیلہ عصیہ والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے آنحضرت ﷺ سے عہد کرکے غداری کی اور بئر معونہ والوں کو شہید کردیا، شہداء بیر معونہ کے حالات کسی دوسرے مقام پر تفصیل سے مذکور ہوچکے ہیں۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3513 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3513 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3513. حضرت عبداللہ بن عمر ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے منبر پرفرمایا: ’’قبیلہ غفار کو اللہ تعالیٰ معاف فرمائے۔ قبیلہ اسلم کو سلامتی دے اور قبیلہ عصیہ نے اللہ اور اس کےرسول ﷺ کی نافرمانی کی ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3513]
حدیث حاشیہ:
رسول اللہ ﷺ نے قبیلہ غفار اور قبیلہ اسلم کے لیے دعا فرمائی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو اچھی توفیق دے اور انھیں سلامت رکھے کیونکہ یہ دونوں قبیلوں جنگ وجدال کے بغیر مسلمان ہوئے تھے۔
قبیلہ غفار کے متعلق یہ معروف تھا کہ وہ حاجیوں کی چوری کرتے تھے۔
رسول اللہ ﷺ نے ان کے لیے مغفرت کی دعا فرمائی تاکہ آئندہ ان سے یہ تہمت جاتی رہے اور ان کے پہلے گناہ معاف ہوجائیں۔
قبیلہ عصیہ والوں نے بئر معونہ پر سترقاریوں کو دھوکے سے شہید کیاتھا جس سے رسول اللہ ﷺ انتہائی صدمے سے دوچار ہوئے تھے اور مہینہ بھر ان کے خلاف بددعا کرتے رہے، اس لیے فرمایا: ’’عصیہ نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی ہے۔
‘‘ (عمدة القاري: 261/11)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3513 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3004 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´سورۃ آل عمران سے بعض آیات کی تفسیر۔`
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے احد کے دن فرمایا: " اے اللہ! لعنت نازل فرما ابوسفیان پر، اے اللہ! لعنت نازل فرما حارث بن ہشام پر، اے اللہ! لعنت نازل فرما صفوان بن امیہ پر "، تو آپ پر یہ آیت «ليس لك من الأمر شيء أو يتوب عليهم أو يعذبهم» نازل ہوئی۔ تو اللہ نے انہیں توبہ کی توفیق دی، انہوں نے اسلام قبول کر لیا اور ان کا اسلام بہترین اسلام ثابت ہوا۔ [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3004]
اردو حاشہ:
نوٹ:
(سند میں عمر بن حمزہ بن عبد اللہ بن عمر ضعیف راوی ہیں، لیکن بخاری کی مذکورہ حدیث سے تقویت پا کر یہ حدیث صحیح ہے)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3004 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3941 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´قبائل غفار، اسلم، جہینہ اور مزنیہ کے فضائل و مناقب کا بیان`
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " بنی اسلم کو اللہ صحیح سالم رکھے، غفار کو اللہ بخشے اور عصیہ (قبیلہ) نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3941]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس میں، قبیلہ اسلم، اورغفارکی منقبت ہے، جبکہ قبیلہ ’’عصیہ‘‘ کی برائی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3941 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1079 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´دعائے قنوت میں منافقین پر لعنت بھیجنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو جس وقت آپ نے فجر کی نماز میں آخری رکعت سے اپنا سر اٹھایا کچھ منافقوں پر لعنت بھیجتے ہوئے سنا، آپ کہہ رہے تھے: «اللہم العن فلانا وفلانا» " اے اللہ! تو فلاں فلاں کو رسوا کر "، تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی: «‏ليس لك من الأمر شىء أو يتوب عليهم أو يعذبهم فإنهم ظالمون‏» " اے محمد! آپ کے اختیار میں کچھ نہیں، اللہ چاہے تو ان کی توبہ قبول کرے یا عذاب دے، کیونکہ وہ ظالم ہیں " (آل عمران: ۱۲۸)۔ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1079]
1079۔ اردو حاشیہ: حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے صراحت کی ہے کہ فأنزل اللہ راوی کا ادراج ہے، اس لیے اس آیت کو قنوت نازلہ سے رکنے کا سبب قرار نہیں دیا جا سکتا۔ دیکھیے: [فتح الباري: 286/8، حدیث: 4560۔ مزید دیکھیے: فوائد حدیث: 1071]
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1079 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 968 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
968- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے صبح کی نماز میں دوسری رکعت سے سراٹھایا تو یہ پڑھا۔ "اے اللہ! ولید بن ولید، سلمہ بن ہشام، عیاش بن ابوربیعہ اور مکہ میں موجود کمزور افراد کو نجات عطا کر۔ اے اللہ مضر قبیلے کے افراد پر اپنی سختی نازل کردے اور ان پر یوسف علیہ السلام کے زمانے کی سی قحط سالی نازل کر دے۔" [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:968]
فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ مسلمانوں کے لیے بالخصوص ضعیفوں کے لیے نجات کی دعا کرتے رہنا چاہیے، اور اسلام کے دشمنوں کے خلاف قحط سالی کی بد دعا کرنی چاہیے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 967 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1079 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1079- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: "اللہ کی قسم! اسلم، غفار، جہینہ اور مزینہ قبیلے، دوحلیف بنو اسد اور بنو غطفان اور بنوتمیم اور بنو عامر بن شعثاء سے زیادہ بہتر ہیں۔‏‏‏‏" نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی آواز کو کھینچ کر یہ بات ارشاد فرمائی۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1079]
فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ جو قبیلے اور خاندان مجموعی لحاظ سے اچھے ہوں، ان کی مجموعی طور پر تعریف کرنا درست ہے، جس انسان میں جتنی خوبی ہو، وہ بیان کر دینی چاہیے، تعریف میں غلو کرنا حرام ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1077 سے ماخوذ ہے۔