صحيح مسلم
كتاب فضائل الصحابة— صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کے فضائل و مناقب
باب فَضَائِلِ خَدِيجَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ تَعَالَى عَنْهَا: باب: ام المؤمنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی فضیلت۔
وحَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، وَأَبُو كُرَيْبٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا وَكِيعٌ . ح وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَابْنُ بَشَّارٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ جَمِيعًا ، عَنْ شُعْبَةَ . ح وحَدَّثَنَا وَاللَّفْظُ لَهُ عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُعَاذٍ الْعَنْبَرِيُّ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ عَمْرِو بْنِ مُرَّةَ ، عَنْ مُرَّةَ ، عَنْ أَبِي مُوسَى ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " كَمَلَ مِنَ الرِّجَالِ كَثِيرٌ ، وَلَمْ يَكْمُلْ مِنَ النِّسَاءِ غَيْرُ مَرْيَمَ بِنْتِ عِمْرَانَ ، وَآسِيَةَ امْرَأَةِ فِرْعَوْنَ ، وَإِنَّ فَضْلَ عَائِشَةَ عَلَى النِّسَاءِ كَفَضْلِ الثَّرِيدِ عَلَى سَائِرِ الطَّعَامِ " .حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مردوں میں بہت سے لوگ کامل ہوئے ہیں اور (لیکن) عورتوں میں سے مریم بنت عمران اور فرعون کی بیوی آسیہ کے سوا کوئی کامل نہیں ہوئی اور عائشہ رضی اللہ عنہا کی فضیلت عورتوں پر اسی طرح ہے جس طرح ثرید کی باقی کھانوں پر۔“
امام صاحب مختلف اساتذہ سے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کی روایت بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مردوں میں سے بہت سے لوگ باکمال ہوئے ہیں، لیکن عورتوں میں سے مریم بنت عمران اور فرعون کی بیوی آسیہ کے سوا کوئی کمال کو نہیں پہنچی اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو عورتوں پر اس طرح فضیلت حاصل ہے جیسے ثرید کو باقی کھانوں پر۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ثريد: شوربے میں بھگوئی ہوئی روٹی، جو بہت لذیذ، خوش ذائقہ، زود ہضم اور سیر بخش ہونے کی بنا پر قوت بخش ہوتی ہے۔
فوائد ومسائل: آپ کی بیویوں سے، اپنی غمگساری، خیرخواہی اور مالی تعاون و ایثار کے اعتبار سے سب سے افضل اور برتر حضرت خدیجہ ہیں اور طویل رفاقت و محبت کا شرف بھی انہیں ہی حاصل ہے، لیکن اپنے علم و فضل اور دین کی اشاعت و تبلیغ اور آپ کے مشن و تعلیم میں حصہ لینے کے اعتبار سے سب سے افضل حضرت عائشہ ہیں، جیسا کہ آپ کی بیٹیوں میں سے، آپ کی موت کا غم آپ کی لخت جگر حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کو برداشت کرنا پڑا اور دوسری بیٹیوں کا صدمہ آپ کو اٹھانا پڑا، اس طرح آپ کا جگر گوشہ ہونے کے اعتبار سے یعنی شرف و نسبت کے اعتبار سے وہ سب عورتوں سے ممتاز اور برتر ہیں۔
کمال سےمراد یہاں وہ کمال ہے جو ولایت سے بڑھ کر نبوت کےقریب پہنجا، مگر نبوت نہ ملی ہو۔
اس تاویل کی ضرورت اس لیے ہوئی کہ ولی توبہت سی عورتیں گزری ہیں اور پیغمبر کوئی عورت نہیں گزری۔
اس پر اجماع ہےمگر اشعری نے کہا ہے کہ چھ عورتوں پیغمبر گزری ہیں جو حوا، موسیٰ کی والدہ، ہاجرہ، آسیہ اورمریم۔
واللہ أعلم باالصواب۔
1۔
اس کمال میں نبوت شامل نہیں کیونکہ عورتوں کے نبی نہ ہونے پر امت کا اجماع ہے بلکہ اس سے وہ فضائل مراد ہیں جوعورتوں کے لیے خاص ہیں۔
2۔
سیدہ عائشہ ؓ کو دوسری عورتوں سے ممتاز کرنے کے لیے ان کا موازنہ ثرید سے کیا ہے۔
3۔
ثرید اس کھانے کو کہا جاتا ہے جو روٹی اور شوربا ملا کر بنایا جائے۔
اس کی فضیلت اس لیے ہے کہ اس میں غذائیت لذت، طاقت، چبانے میں آسان اور زود ہضم ہوتا ہے حضرت عائشہ ؓبھی حسن خلق شیریں کلام فصاحت و بلاغت رائے کی پختگی میں دوسری عورتوں سے ممتاز تھیں اور آپ نے وہ باتیں سمجھیں جو دوسری عورتوں کوسمجھ میں نہ آسکیں۔
آپ سوالات کے جوابات اس انداز سے دیتی تھیں کہ ایسے جوابات دیگر کئی صحابہ بھی نہیں دے سکتے تھے۔
قرآن مجید نے ان کو صدیقہ کے لفظ سے موسوم فرمایا اور ان کی فضیلت میں یہ حدیث وارد ہوئی۔
اس طرح انجیل یوحنا 16 باب کا وہ فقرہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ہی صادق ہوا کہ وہ میری بزرگی کرے گا۔
حضرت آسیہ زوجہ فرعون کا مقام بھی بہت ا کمل ہے اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ کے مقام رفیع کا کیا کہنا ہے۔
اس حدیث سے ثرید کی برتری اور فضیلت ثابت ہوتی ہے بلکہ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سحری کے کھانے اور ثرید میں برکت کی دعا فرمائی، لیکن اس کی سند میں کچھ کمزوری ہے۔
(مسند أحمد: 283/2)
طبرانی میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تین چیزوں میں بہت برکت ہے: ایک اجتماعیت میں، دوسری سحری کھانے میں اور تیسرے ثرید میں۔
‘‘ (المعجم الکبیر للطبراني: 63/6، حدیث: 6004، و الصحیحة للألباني، حدیث: 1045)
1۔
ثرید یہ ہے کہ روٹی کے ٹکڑے گوشت میں بھگو دیے جائیں،روٹی کے بغیر صرف گوشت کو اور نہ گوشت کے بغیر صرف روٹی کے ٹکڑوں کو ثرید کہا جاتا ہے۔
یہ اس وقت کا نقشہ ہے جب گوشت کےہمراہ پکی ہوئی چیز بہت کم ملتی تھی اور اسے اعلیٰ کھانا شمار کیا جاتا تھا۔
آج بھی شکم سیری،لذت ونفع رسانی اور زودہضم ہونے میں اس کی کوئی نظیر نہیں بلکہ اطباء نے تو یہاں تک لکھا ہے کہ یہ کھانا بوڑھوں کو جوان بنادیتا ہے۔
2۔
اس حدیث میں جن فضائل کی طرف اشارہ ہے وہ دیگر عورتوں میں نہیں پائے جاتے۔
افضل الانبیاء ﷺ کی بیوی ہونا سب سے بڑی فضیلت ہے،یعنی رسول اللہ ﷺ کی خاص محبوبہ ہیں۔
سب سے زیادہ علم اور حسب ونسب میں بھی فوقیت رکھتی ہیں۔
حضرت خدیجہ ؓ اور فاطمہ ؓ میں دیگر وجوہ سے فضیلت پائی جاتی ہے لیکن وہ جامع حیثیت جس کی وجہ سے ثرید سے مشابہت ہوئی وہ کسی بیوی میں نہیں پائی جاتی،جس کی ہم آئندہ وضاحت کریں گے۔
ابوموسیٰ اشعری رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مردوں میں سے بہت سارے مرد درجہ کمال کو پہنچے ۱؎ اور عورتوں میں سے صرف مریم بنت عمران اور فرعون کی بیوی آسیہ درجہ کمال کو پہنچیں اور تمام عورتوں پر عائشہ کو اسی طرح فضیلت حاصل ہے جس طرح تمام کھانوں پر ثرید کو " ۲؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأطعمة/حدیث: 1834]
وضاحت:
1؎:
چنانچہ مردوں میں سے انبیاء، رسل، علما، خلفاء، اور اولیاء ہوئے۔
2؎:
ثرید: اس کھانے کو کہتے ہیں جس میں گوشت کے ساتھ شوربے میں روٹی ملی ہوئی ہو۔