صحيح مسلم
كتاب الفضائل— انبیائے کرام علیہم السلام کے فضائل
باب فِي ذِكْرِ يُونُسَ عَلَيْهِ السَّلاَمُ وَقَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لاَ يَنْبَغِي لِعَبْدٍ أَنْ يَقُولَ أَنَا خَيْرٌ مِنْ يُونُسَ بْنِ مَتَّى»: باب: سیدنا یونس علیہ السلام کا بیان اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمانا کہ ”کسی آدمی کے لیے جائز نہیں کہ وہ یوں کہے میں یونس بن متی علیہ السلام سے افضل ہوں“۔
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَمُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، قَالُوا : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ سَعْدِ بْنِ إِبْرَاهِيمَ ، قَالَ : سَمِعْتُ حُمَيْدَ بْنَ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، يُحَدِّثُ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، أَنَّهُ قَالَ يَعْنِي اللَّهَ تَبَارَكَ وَتَعَالَى : لَا يَنْبَغِي لِعَبْدٍ لِي ، وقَالَ ابْنُ الْمُثَنَّى : " لِعَبْدِي أَنْ يَقُولَ : أَنَا خَيْرٌ مِنْ يُونُسَ بْنِ مَتَّى عَلَيْهِ السَّلَام ، قَالَ ابْنُ أَبِي شَيْبَةَ مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، عَنْ شُعْبَةَ .ابوبکر بن ابی شیبہ، محمد بن مثنیٰ اور محمد بن بشار نے کہا: ہمیں محمد بن جعفر نے حدیث بیان کی، کہا: ہمیں شعبہ نے سعد بن ابراہیم سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں نے حمید بن عبدالرحمٰن کو حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے حدیث بیان کرتے ہوئے سنا، انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ ”اس نے فرمایا: یعنی اللہ تبارک و تعالیٰ نے: ’کسی بندے کو جو میرا ہے میرے کسی بندے کو نہیں چاہیے کہ وہ کہے: میں یونس بن متیٰ علیہ السلام سے بہتر ہوں۔‘“ ابن ابی شیبہ نے کہا: محمد بن جعفر نے شعبہ سے روایت کی۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے: میرے کسی بندے کے لیے زیبا نہیں ہے (ابن المثنیٰ کی روایت میں «لِعَبْدٍ لِي» کی جگہ «لِعَبْدِي» ہے) کہ وہ یوں کہے: میں یونس بن متی سے بہتر ہوں۔“
تشریح، فوائد و مسائل
(لاشك فیه)
1۔
واقعہ یہ ہے کہ حضرت یونس ؑ نے بے صبری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو دریا کے حوالے کردیا اورکچھ مدت مچھلی کے پیٹ میں رہے۔
حضرت یونس ؑ کی اس حالت کو دیکھ کر کوئی شخص یہ دعویٰ نہ کرے کہ میں ان سے بہتر ہوں، اگر کوئی ایسا کہتا ہے تو اس کی بات خلاف واقعہ ہے۔
کیونکہ وہ تو اللہ تعالیٰ کے مزید قریب ہوئے ہیں، اور ان کے مرتبے میں ذرہ بھر بھی نقص پیدا نہیں ہوا۔
2۔
حدیث میں (أَنَا)
سے مراد خودرسول اللہ ﷺ بھی ہوسکتے ہیں اور قائل بھی مراد لیا جاسکتا ہے۔
اگر(أَنَا)
سے مراد قائل ہوتو مفہوم واضح ہے اور اگر اس سے مراد رسول اللہ ﷺ کی ذات گرامی ہے تو یہ آ پ کی تواضع اور کسر نفی ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ تو تمام انبیاء ؑ سے افضل ہیں۔
3۔
بہرحال رسول اللہ ﷺ نے اس انداز بیان سے حضرت یونس ؓ کے دامن تقدس کو سنبھالا ہے اور لوگوں کی آپ کے متعلق غلط فہمی کو دور کیا ہے، جب تحدیث نعمت کا وقت آئے گا تو اپنے کمالات بیان کیے جائیں گے اب وقتی طور پر کسی نبی کی تنقیص ناقابل برداشت ہے، بہرحال رسول اللہ ﷺ نے امت کو تنبیہ فرمائی ہے کہ مچھلی کے واقعے سے متاثر ہوکر کوئی شخص نبی کی شان میں گستاخی نہ کرے۔
جب رسول اللہ ﷺ نے اس طرح ارشاد فرمایا تو کسی دوسرے کے لیے کیونکر یہ جائز اور مناسب ہوسکتا ہے۔
واللہ اعلم۔
اس حدیث کا ایک مفہوم تو یہ ہے کہ امت کا کوئی فرد اپنے آپ کو کسی بھی نبی سے بہتر نہ کہے اس کے لیے قطعاً یہ جائز نہیں ہے نیز اس کا دوسرا مفہوم بیان کیا جا تا ہے کہ کسی بندے کے لیے یہ کہنا مناسب نہیں کہ میں یعنی رسول اللہ ﷺ یونس بن متی سے بہتر ہوں لیکن اس پر یہ اشکال ہے کہ رسول اللہ ﷺ تو افضل الانبیاء ہیں پھر آپ نے یہ خود بھی کہا ہے کہ میں اولاد آدم کا سردار ہوں اور اس میں میں فخر نہیں کرتا ہوں محدثین نے اس اشکال کے درج ذیل جوابات دیے ہیں۔
۔
رسول اللہ ﷺ کا یہ ارشاد ممانعت افضیلت کے علم سے پہلے کا ہے۔
۔
آپ نے یہ ارشاد تواضع اور انکسار کے طور پر فرمایا ہے۔
۔
اس اندازسے آپ نے امت کو تنبیہ فرمائی ہے کہ مچھلی کے واقعے سے متاثر ہو کر کوئی شخص کسی نبی کے حق میں گستاخی نہ کرے۔
واللہ اعلم۔
1۔
’’میں یونس بن متی سے بہتر ہوں۔
‘‘ اس میں دواحتمال ہیں: ایک یہ کہ اس سے مراد خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، دوسرا یہ کہ اس سے مراد خود متکلم ہے۔
دیگر احادیث سے دوسرے احتمال کی تائید ہوتی ہے، چنانچہ ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا: ’’میں یہ نہیں کہتا کہ کوئی یونس بن متی سے افضل ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، الفضائل، حدیث: 6151(2373)
2۔
ایک حدیث قدسی کے الفاظ ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ’’میرے کسی بندے کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ یوں کہے: میں یونس بن متی سے بہتر ہوں۔
‘‘ (صحیح مسلم، الفضائل، حدیث: 6159(2376)
دراصل یہ حضرت یونس علیہ السلام کی اجتہادی غلطی تھی اور یہ ہرانسان بلکہ حضرات انبیاء علیہم السلام سے بھی ممکن ہے لیکن مقربین کی چھوٹی سے غلطی اور لغزش بھی اللہ تعالیٰ کے ہاں بڑی اور قابل مواخذہ ہوتی ہے، اس بنا پر ان کی گرفت ہوگئی، تاہم ایسی لغزشوں کو سامنے رکھ کر کسی کے لیے کردار کشی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
واللہ اعلم۔
اس کا اللہ کےعلم پر چھوڑنا بہتر ہےمگر چونکہ دوسری حدیثوں میں اس کی صراحت آگئی کہ آنحضرت ﷺ سب انبیاء کےسردار ہیں، اس لیے آپ کو ان سےبہتر کہنا جائز ہوا مگر ادب کےساتھ کہ دوسرے پیغمبروں کی توہین نہ ہو۔
(وحید ی)
1۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے۔
’’آپ اپنے پروردگار کے حکم کے انتظار میں صبر کریں اور مچھلی والے کی طرح نہ ہو جائیں جب انھوں نے پکارا تو وہ غم سے بھرے ہوئے تھے۔
‘‘ (القلم: 68۔
48)
حضرت یونس ؑ نے اپنی قوم کی مخالفت سے تنگ آکر بے صبری کا مظاہرہ کیا تھا انھیں وحی الٰہی کا انتظار کیے بغیر خود ہی عذاب کی دھمکی دے دی تھی اور پھر وہاں سے اذان الٰہی کے بغیر ہی چل دیے تھے۔
2۔
سیدنا یونس ؑ کو اپنی اجتہادی غلطی کا احساس تو نینواسے نکلنے کے فوراً بعدہی ہو گیا تھا۔
چنانچہ ان واقعات سے ان کے ایک کمزور پہلو کی نشاندہی ہوتی ہے اس لیے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تمام انبیاء ؑ نبی ہونے کے اعتبار سے برابر ہیں۔
خاص طور پر حضرت یونس ؑ کے متعلق کوئی اس انداز سے تبصرہ نہ کرے کہ ان کی تنقیص کا پہلو نمایاں ہو۔
‘‘ مندرجہ بالا احادیث کا مطالعہ ہمارے بیان کردہ پس منظر میں کیا جائے۔
ایک حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جس نے مجھے یونس بن متی پر فضیلت دی اس نے جھوٹ بولا۔
‘‘ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4604)
3۔
اجتہادی غلطی حضرات انبیاء ؑ سے ہو سکتی ہے لیکن اللہ تعالیٰ ان کی فوراً اصلاح فرما دیتا ہے اور انھیں اس غلطی پر برقرار نہیں رہنے دیا جاتا کیونکہ مقربین کی معمولی لغزش بھی اللہ کے ہاں بڑی اور قابل مؤاخذہ ہوتی ہے اسی بنا پر ان حضرات کا اللہ تعالیٰ مؤاخذہ کرتا ہے۔