صحيح مسلم
كتاب الفضائل— انبیائے کرام علیہم السلام کے فضائل
باب ذِكْرِ كَوْنِهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَاتَمَ النَّبِيِّينَ: باب: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا خاتم النبیین ہونا۔
حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ مُحَمَّدٍ النَّاقِدُ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ ، عَنْ أَبِي الزِّنَادِ ، عَنْ الْأَعْرَجِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " مَثَلِي وَمَثَلُ الْأَنْبِيَاءِ ، كَمَثَلِ رَجُلٍ بَنَى بُنْيَانًا فَأَحْسَنَهُ وَأَجْمَلَهُ ، فَجَعَلَ النَّاسُ يُطِيفُونَ بِهِ يَقُولُونَ : مَا رَأَيْنَا بُنْيَانًا أَحْسَنَ مِنْ هَذَا إِلَّا هَذِهِ اللَّبِنَةَ ، فَكُنْتُ أَنَا تِلْكَ اللَّبِنَةَ " .حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میری مثال اور انبیاء کی مثال اس آدمی کی مثال ہے، جس نے ایک عمارت تعمیر کی اور اس کو خوب حسین وجمیل بنایا، سو لوگ اس کے گرد گھومنے لگے اور کہہ رہے تھے، اس سے خوبصورت مکان ہم نے نہیں دیکھا، مگر یہ اونٹ (جو چھوڑ دی گئی ہے) اور میں وہ (آخری) اینٹ ہوں۔‘‘
وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ رَافِعٍ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ ، حَدَّثَنَا مَعْمَرٌ ، عَنْ هَمَّامِ بْنِ مُنَبِّهٍ ، قَالَ : هَذَا مَا حَدَّثَنَا أَبُو هُرَيْرَةَ ، عَنِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَذَكَرَ أَحَادِيثَ مِنْهَا ، وَقَالَ أَبُ وَالْقَاسِمِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَثَلِي وَمَثَلُ الْأَنْبِيَاءِ مِنْ قَبْلِي ، كَمَثَلِ رَجُلٍ ابْتَنَى بُيُوتًا فَأَحْسَنَهَا وَأَجْمَلَهَا وَأَكْمَلَهَا ، إِلَّا مَوْضِعَ لَبِنَةٍ مِنْ زَاوِيَةٍ مِنْ زَوَايَاهَا ، فَجَعَلَ النَّاسُ يَطُوفُونَ وَيُعْجِبُهُمُ الْبُنْيَانُ ، فَيَقُولُونَ : أَلَّا وَضَعْتَ هَاهُنَا لَبِنَةً ، فَيَتِمَّ بُنْيَانُكَ ، فَقَالَ مُحَمَّدٌ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : فَكُنْتُ أَنَا اللَّبِنَةَ " .معمر نے ہمیں ہمام بن منبہ سے حدیث بیان کی، کہا: یہ (احادیث) ہمیں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیں، انہوں نے کئی احادیث بیان کیں، ان میں سے (ایک) یہ ہے کہ ابوالقاسم نے فرمایا:”میری اور مجھ سے پہلے انبیاء علیہم السلام کی مثال اس شخص کی طرح ہے جس نے (ایک عمارت میں) کئی گھر بنائے، انہیں بہت اچھا، بہت خوبصورت بنایا اور اس کے کونوں میں سے ایک کونے میں، ایک اینٹ کی جگہ کے سوا اس (پوری عمارت) کو اچھی طرح مکمل کردیا، لوگ اس کے ارد گرد گھومنے لگے وہ عمارت انہیں بہت اچھی لگتی اور وہ کہتے: آپ نے اس جگہ ایک اینٹ کیوں نہ لگادی تاکہ تمہاری عمارت مکمل ہو جاتی۔“تو محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”میں ہی وہ اینٹ تھا (جس کے لگ جانے کے بعد وہ عمارت مکمل ہو گئی)۔“
وحَدَّثَنَا يَحْيَي بْنُ أَيُّوبَ ، وَقُتَيْبَةُ ، وَابْنُ حُجْرٍ ، قَالُوا : حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ يَعْنُونَ ابْنَ جَعْفَرٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ دِينَارٍ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ السَّمَّانِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " مَثَلِي وَمَثَلُ الْأَنْبِيَاءِ مِنْ قَبْلِي ، كَمَثَلِ رَجُلٍ بَنَى بُنْيَانًا فَأَحْسَنَهُ وَأَجْمَلَهُ ، إِلَّا مَوْضِعَ لَبِنَةٍ مِنْ زَاوِيَةٍ مِنْ زَوَايَاهُ ، فَجَعَلَ النَّاسُ يَطُوفُونَ بِهِ ، وَيَعْجَبُونَ لَهُ وَيَقُولُونَ : هَلَّا وُضِعَتْ هَذِهِ اللَّبِنَةُ ؟ ، قَالَ : فَأَنَا اللَّبِنَةُ وَأَنَا خَاتَمُ النَّبِيِّينَ " .حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میری مثال اور مجھ سے پہلے انبیاء کی مثال ایک آدمی ہے،اس نے ایک عمارت تعمیر کی اور اس کو انتہائی حسین وجمیل بنایا، مگر اس کے کونوں میں سے ایک کونے کی اینٹ کی جگہ چھوڑ دی، لوگ اس کےگرد چکر لگانے لگے اور اس پر خوش ہوکر کہنے لگے، یہ اینٹ کیوں نہیں رکھی گئی؟ آپ نے فرمایا: میں وہی اینٹ ہوں اور میں نبیوں کا خاتم ہوں۔‘‘
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، وَأَبُو كُرَيْبٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ ، عَنْ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ ، عَنْ أَبِي سَعِيدٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَثَلِي وَمَثَلُ النَّبِيِّينَ ، فَذَكَرَ نَحْوَهُ .حضرت ابوسعید رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میری مثال اور نبیوں کی مثال‘‘ آگے مذکورہ بالا روایت ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
لبنة: اینٹ۔
(2)
يطيفون: چکر لگاتے تھے، گھومتے تھے۔
1۔
اس حدیث میں ذکر کردہ مثال مسئلہ ختم نبوت سمجھانے کے لیے ہے تاکہ اچھی طرح ذہن نشین ہو جائے کہ قصر نبوت،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات کی آمد سے مکمل ہوچکاہے اگرچہ اس میں نقب زنی کرنے والے بے شمار پیداہوئے۔
برصغیر میں انگریز کے گماشتے اور ان کے پروردہ غلام احمد قادیانی نے بھی نبوت کا دعویٰ کیا۔
اللہ ہمارے اکابر کو اپنے ہاں اجر جزیل عطا فرمائے،انھوں نے اس کی زندگی میں منہ توڑ جواب دیا۔
مولانامحمدحسین بٹالوی اور شیر پنجاب مولانا ثناء اللہ امرتسری رحمۃ اللہ علیہ کی خدمات تو ناقابل فراموش ہیں۔
مسئلہ ختم نبوت کے لیے مولانا محمد عبداللہ معمار امرتسری کی تالیف’’محمدیہ پاکٹ بک بجواب احمدیہ پاکٹ بک‘‘ کامطالعہ بہت مفید رہے گا جسے مکتبہ سلفیہ لاہور نے شائع کیاہے۔
2۔
واضح رہے کہ وہ اینٹ مکان کے ایک کونے میں رکھی گئی جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اینٹ مکان کے لیے بنیادی حیثیت نہیں رکھتی کہ اس کے بغیر مکان کا وجود ہی باقی نہ رہے بلکہ اس اینٹ سے مکان کی خوبصورتی میں اضافہ ہواہے۔
اس کا قطعاً یہ مطلب نہیں کہ اس کے بغیر مکان ناقص تھا کیونکہ ہر نبی کی شریعت اپنے زمانے کے اعتبار سے کامل تھی۔
مقصد یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شریعت تمام شریعتوں سے اکمل اور احسن ہے جبکہ پہلے انبیاء ؑ کی شریعتیں کامل اور حسن تھیں۔
واللہ أعلم۔
(فتح الباري: 683/6)
«. . . قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: ”مَثَلِي وَمَثَلُ الأَنْبِيَاءِ مِنْ قَبْلِي كَمَثَلِ رَجُلٍ ابْتَنَى بُيُوتًا، فَأَحْسَنَهَا وَأَجْمَلَهَا وَأَكْمَلَهَا، إِلا مَوْضِعَ لَبِنَةٍ مِنْ زَاوِيَةٍ مِنْ زَوَايَاهَا، فَجَعَلَ النَّاسُ يَطُوفُونَ وَيُعْجِبُهُمُ الْبُنْيَانُ، فَيَقُولُونَ: أَلا وُضِعَتْ هَاهُنَا لَبِنَةٌ فَتَمَّ بِنَاؤُهُ، فَقَالَ مُحَمَّدٌ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: فَأَنَا اللَّبِنَةُ .“»
”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میری اور دوسرے انبیاء کی مثال ایسی ہے جیسے کسی شخص نے گھر بنائے، اور انہیں خوب آراستہ پیراستہ کر کے مکمل کر دیا، لیکن گھروں کے کناروں میں سے ایک کنارے پر ایک اینٹ کی جگہ چھوڑ دی، اب تمام لوگ آتے ہیں اور (عمارت کو) چاروں طرف سے گھوم کر دیکھتے ہیں، اور وہ عمارت انہیں تعجب میں ڈالتی ہے لیکن یہ بھی کہتے ہیں کہ یہاں پر ایک اینٹ کیوں نہ رکھی گئی؟ جس سے اس (عمارت) کی تعمیر مکمل ہو جاتی۔“ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں ہی وہ اینٹ ہوں۔“ [صحيفه همام بن منبه/متفرق: 2]
مذکورہ حدیث میں رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے اپنی مثال مع انبیاء کے ایک عمارت سے دی ہے، گویا تمام انبیاء کی مثال اس عمارت کی سی ہے، جس کے ایک کنارے پر ایک اینٹ کم ہے۔ باقی ساری عمارت مکمل ہے اور جس طرح عمارت کی بناء رکھی جاتی ہے، پھر دیواریں بنتی ہیں، کھڑکیاں اور دروازے لگتے ہیں، چھت ڈالی جاتی ہے، لیکن عمارت مکمل ہے صرف ایک کونے سے ایک اینٹ کی کمی ہے۔ اسی طرح الله تعالیٰ نے آہستہ آہستہ اخلاقیات کو پورا کرنے کے لیے انبياء بھیجے، اور انہیں ہدایت اور علم کے ساتھ لوگوں کو اچھے اخلاق کی طرف راہنمائی کے لیے مبعوث فرمایا، اور مکارم اخلاق کو مکمل کرنے کے لیے آخر میں رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا، رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی حدیث ہے: «بُعِثْتُ لِاُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْاِخلَاقِ» [مؤطا امام مالك، ص: 668]
”مجھے مکارم اخلاق کی تکمیل کے لیے مبعوث کیا گیا ہے۔“
تو اس طرح وہ عمارت جس سے ایک اینٹ کم تھی وہ مکمل ہو گئی۔ [ارشاد الساري: 22/6۔ بتعديل يسير]
اس حدیث میں محمد رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی فضیلت اور ختم نبوت کی دلیل ہے کہ ان کی نبوت نے قصر نبوت کو مکمل کر دیا۔ اب آپ صلی الله علیہ وسلم کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔
اور اس حدیث سے یہ بھی درس ملتا ہے کہ آدمی بات سمجھانے کے لیے مثال بھی بیان کر سکتا ہے، جیسا کہ مذکورہ حدیث میں رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے مثال بیان کی ہے۔
ختم نبوت کی دلیل قرآن حکیم میں مذکور ہے: «مَا كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِنْ رِجَالِكُمْ وَلَكِنْ رَسُولَ اللَّهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ وَكَانَ اللَّهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمًا» [الاحزاب: 40]
”محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) تم میں سے کسی مرد کے باپ نہیں ہیں البتہ وہ الله کے پیغمبر اور پیغمبروں کے ختم کرنے والے ہیں، اور الله ہر چیز کو جاننے والا ہے۔“
آپ علیہ الصلوة والسلام آخری اور رہتی دنیا تک نبی ہیں، نزول عیسیٰ علیہ السلام ختم نبوت کے منافی نہیں ہے کیونکہ عیسیٰ علیہ السلام بھی آپ ہی کی شریعت پر چلیں گے۔
آج تک پوری امت کا یہ متفق علیہ عقیدہ ہے، لہذا ختم نبوت کا منکر ملت اسلام سے خارج ہے۔
اس حدیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم آخری نبی ہیں، آپ کے بعد کوئی ظلی، بروزی، تمثیلی اور معنوی نبی کی ضرورت نہیں ہے، اور نہ ہی کوئی نبی ہوگا، اور جو کوئی دعویٰ کرے گا، وہ کافر بن جائے گا، جس طرح مرزا قادیانی کافر ہوا۔