صحيح مسلم
كتاب الإيمان— ایمان کے احکام و مسائل
باب الدَّلِيلِ عَلَى دُخُولِ طَوَائِفَ مِنَ الْمُسْلِمِينَ الْجَنَّةَ بِغَيْرِ حِسَابٍ وَلاَ عَذَابٍ: باب: مسلمانوں کے ایک گروہ کا بغیر حساب و عذاب کے جنت میں داخل ہونے کا بیان۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ سَلَّامِ بْنِ عُبَيْدِ اللَّهِ الْجُمَحِيُّ ، حَدَّثَنَا الرَّبِيعُ يَعْنِي ابْنَ مُسْلِمٍ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ زِيَادٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " يَدْخُلُ مِنْ أُمَّتِي الْجَنَّةَ سَبْعُونَ أَلْفًا بِغَيْرِ حِسَابٍ ، فَقَالَ رَجُلٌ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، ادْعُ اللَّهَ أَنْ يَجْعَلَنِي مِنْهُمْ ، قَالَ : اللَّهُمَّ اجْعَلْهُ مِنْهُمْ ، ثُمَّ قَامَ آخَرُ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، ادْعُ اللَّهَ أَنْ يَجْعَلَنِي مِنْهُمْ ، قَالَ : سَبَقَكَ بِهَا عُكَّاشَةُ .ربیع بن مسلم نے محمد بن زیاد سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے حدیث بیان کی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میری امت میں سے ستر ہزار (افراد) بغیر حساب کے جنت میں داخل ہوں گے۔“ ایک آدمی نے عرض کی: ’اے اللہ کے رسول! اللہ سے دعا کیجیے کہ وہ مجھے بھی ان میں شامل کر دے۔‘ آپ نے دعا فرمائی: ”اے اللہ! اسے ان میں شامل کر۔“ پھر ایک اور کھڑا ہوا اور کہا: ’اے اللہ کے رسول! اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائیے کہ وہ مجھے بھی ان میں شامل کر دے۔‘ آپ نے جواب دیا: ”عکاشہ اس معاملے میں تم سے سبقت لے گئے۔“
وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، قَالَ : سَمِعْتُ مُحَمَّدَ بْنَ زِيَادٍ ، قَالَ : سَمِعْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ ، يَقُولُ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ بِمِثْلِ حَدِيثِ الرَّبِيعِ .شعبہ نے کہا: میں نے محمد بن زیاد سے حدیث سنی، انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنی، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ فرما رہے تھے... (آگے) ربیع کی حدیث کی طرح (ہے۔)
حَدَّثَنِي حَرْمَلَةُ بْنُ يَحْيَى ، أَخْبَرَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، قَالَ : أَخْبَرَنِي يُونُسُ ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ ، قَالَ : حَدَّثَنِي سَعِيدُ بْنُ الْمُسَيِّبِ ، أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ حَدَّثَهُ ، قَالَ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : " يَدْخُلُ مِنْ أُمَّتِي زُمْرَةٌ هُمْ سَبْعُونَ أَلْفًا ، تُضِيءُ وُجُوهُهُمْ إِضَاءَةَ الْقَمَرِ لَيْلَةَ الْبَدْرِ ، قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ : فَقَامَ عُكَّاشَةُ بْنُ مِحْصَنٍ الأَسَدِيُّ ، يَرْفَعُ نَمِرَةً عَلَيْهِ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، ادْعُ اللَّهَ أَنْ يَجْعَلَنِي مِنْهُمْ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : اللَّهُمَّ اجْعَلْهُ مِنْهُمْ ، ثُمَّ قَامَ رَجُلٌ مِنَ الأَنْصَارِ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، ادْعُ اللَّهَ أَنْ يَجْعَلَنِي مِنْهُمْ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : سَبَقَكَ بِهَا عُكَّاشَةُ " .سعید بن مسیب نے حدیث سنائی کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے حدیث سنی، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ”میری امت کا ایک گروہ جنت میں داخل ہو گا، وہ ستر ہزار افراد ہوں گے، ان کے چہرے اس طرح چمکتے ہوں گے جس طرح چودھویں رات کو ماہ کامل چمکتا ہے۔“ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: (اس پر) حضرت عکاشہ بن محصن اسدی رضی اللہ عنہ اپنی سرخ، سفید اور سیاہ دھاریوں والی چادر بلند کرتے ہوئے اٹھے اور عرض کی: ’اے اللہ کے رسول! اللہ سے دعا فرمائیے کہ وہ مجھے بھی ان میں سے کر دے۔‘ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے اللہ! اسے ان میں سے کر دے۔“ پھر ایک انصاری کھڑا ہوا اور کہا: ’اے اللہ کے رسول! اللہ سے دعا فرمائیے کہ وہ مجھے بھی ان میں سے کر دے۔‘ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس میں عکاشہ تم سے سبقت لے گئے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
اس حدیث سے امت محمدیہ علی صاحبہا الصلاۃ والتسلیم کی انتہائی فضیلت وبرتری ثابت ہوتی ہے۔
نیز ایک شخص نے ابتداءً دل کی گہرائی سے دعا کی درخواست کی، تو آپ ﷺ نے اس کے حق میں دعا فرما دی، دوسرے نے دیکھا دیکھی درخواست کر دی، تو آپ ﷺنے اسکے حق میں دعا نہیں فرمائی، کیونکہ اس طرح تو پھر ہر ایک ہی درخواست کرنے لگتا، اور ہر شخص کر تو یہ مرتبہ حاصل نہیں ہوسکتا۔
یہ بھی ممکن ہے کہ عکاشہؓ مطلوبہ سیرت وکردار کا مالک ہو، اور دوسرا انسان اس معیار پر پورا نہ اترتا ہو، اس لیے آپ ﷺ نے اس کی درخواست قبول نہ کی۔
(1)
اس سے پہلے آسان حساب اور باریک بینی کے ساتھ حساب کا ذکر تھا، اب ان خوش قسمت حضرات کا بیان ہے جو بلا حساب جنت میں جائیں گے۔
وہ چار صفات کے حامل ہوں گے: ٭ وہ علاج کے لیے اپنے جسم کو آگ سے نہیں داغیں گے۔
٭ دم جھاڑ نہیں کرائیں گے۔
٭ بدشگونی نہیں لیں گے۔
٭ اپنے رب پر مکمل بھروسا کریں گے۔
(2)
حضرت عکاشہ رضی اللہ عنہ نے صدق دل سے درخواست گزاری تھی اس بنا پر قبول کی گئی۔
دوسرے انصاری صحابی کی درخواست کو اس لیے قبول نہ کیا گیا کہ اس طرح سلسلہ چل نکلے گا کیونکہ اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہاں کر دیتے تو تیسرا کھڑا ہو جاتا، پھر چوتھا کھڑا ہو جاتا۔
اس لامتناہی سلسلے کو ختم کرنا مقصود تھا جبکہ ہر شخص اس کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
(3)
ایک روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ بلا حساب جنت میں جانے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، چنانچہ حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میرے پروردگار نے مجھ سے وعدہ فرمایا ہے کہ وہ میری امت میں سے ستر ہزار کو بغیر حساب اور بغیر عذاب کے جنت میں داخل کرے گا اور ان میں سے ہر ہزار کے ساتھ ستر ہزار مزید ہوں گے۔
اس کے علاوہ تین لَپ اور ہوں گے جو میرے پروردگار کے لَپوں سے ہیں۔
‘‘ (مسند أحمد: 16/4) (4)
واضح رہے کہ جب دونوں ہاتھ بھر کر کسی کو کوئی چیز دی جائے تو عربی میں اسے حثیہ کہتے ہیں جسے اردو میں لپ بھر کر دینا کہا جاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ کی شان کریمی ملاحظہ فرمائیں کہ اپنے دونوں ہاتھوں سے تین مرتبہ لپ بھر کر اپنے بندوں کو حساب کے بغیر جنت میں داخل کرے گا۔
اس قسم کی احادیث کی پوری حقیقت اس وقت کھلے گی جب یہ سب باتیں عملی طور پر سامنے آئیں گی۔
اس سلسلے میں ہمارا علم بہت ناقص ہے۔
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جن کی نیکیاں ان کے گناہوں سے زیادہ ہوں گی وہ بغیر حساب کے جنت میں جائیں گے اور جن کی نیکیاں اور برائیاں برابر ہوں گی ان کا آسان حساب ہو گا اور جس نے خود کو ہلاکت کے گڑھے میں ڈال دیا، اسے عذاب کے بعد سفارش کے ذریعے سے جنت میں داخل کیا جائے گا۔
‘‘ (فتح الباري: 503/11، و سلسلة الأحادیث الضعیفة، حدیث: 6030)
آپ نے دعا فرمائی پھر حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ کھڑے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لیے بھی دعا فرمایئے۔
اس وقت آپ نے فرمایا کہ تم سے پہلے عکاشہ کے لیے دعا قبول ہو چکی۔
مطلب یہ تھا کہ دعا کی قبولیت کی گھڑی نکل چکی یہ کامیابی عکاشہ کی قسمت میں تھی ان کو حاصل ہو چکی۔
(1)
"نمرة" وہ چادر ہے جس میں رنگ دار پھول ہوتے ہیں گویا وہ چیتے کے چمڑے سے بنائی گئی ہو کیونکہ دونوں کا رنگ اور بیل بوٹے ایک جیسے ہوتے ہیں۔
(2)
اس حدیث میں ہے کہ حضرت عکاشہ رضی اللہ عنہ نے اپنی دھاری دار چادر کو سنبھالتے ہوئے عرض کی، اس سے امام بخاری رحمہ اللہ نے ثابت کیا ہے کہ دھاری دار چادر اوڑھنا جائز ہے اور اس طرح کی نقش و نگار والی چادر استعمال کرنا زہدوتقویٰ کے منافی نہیں۔