صحيح مسلم
كتاب الأشربة— مشروبات کا بیان
باب فِي الشُّرْبِ مِنْ زَمْزَمَ قَائِمًا: باب: زم زم کھڑے ہو کر پینے کا بیان میں۔
وحَدَّثَنَا أَبُو كَامِلٍ الْجَحْدَرِيُّ ، حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ ، عَنْ عَاصِمٍ ، عَنْ الشَّعْبِيِّ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ ، قَالَ : " سَقَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ زَمْزَمَ فَشَرِبَ وَهُوَ قَائِمٌ " .حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زم زم پلایا تو آپﷺ نے کھڑے ہو کر پی لیا۔
وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ نُمَيْرٍ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، عَنْ عَاصِمٍ ، عَنْ الشَّعْبِيِّ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ : أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " شَرِبَ مِنْ زَمْزَمَ مِنْ دَلْوٍ مِنْهَا وَهُوَ قَائِمٌ " .سفیان نے عاصم سے، انہوں نے شعبی سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے زمزم کا پانی، اس کے ایک ڈول سے کھڑے کھڑے پیا۔
وحَدَّثَنَا سُرَيْجُ بْنُ يُونُسَ ، حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ ، أَخْبَرَنَا عَاصِمٌ الْأَحْوَلُ . ح وحَدَّثَنِي يَعْقُوبُ الدَّوْرَقِيُّ ، وَإِسْمَاعِيلُ بْنُ سَالِمٍ ، قَالَ إِسْمَاعِيلُ : أَخْبَرَنَا ، وقَالَ يَعْقُوبُ : حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ ، حَدَّثَنَا عَاصِمٌ الْأَحْوَلُ ، وَمُغِيرَةُ ، عَنْ الشَّعْبِيِّ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ : أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " شَرِبَ مِنْ زَمْزَمَ وَهُوَ قَائِمٌ " .ہشیم نے کہا: ہمیں عاصم احول اور مغیرہ نے شعبی سے حدیث بیان کی، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زمزم کا پانی پیا جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے تھے۔
وحَدَّثَنِي عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُعَاذٍ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ عَاصِمٍ ، سَمِعَ الشَّعْبِيَّ ، سَمِعَ ابْنَ عَبَّاسٍ ، قَالَ : " سَقَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ زَمْزَمَ فَشَرِبَ قَائِمًا وَاسْتَسْقَى وَهُوَ عِنْدَ الْبَيْتِ " .معاذ نے کہا: ہمیں شعبہ نے عاصم سے حدیث بیان کی، انہوں نے شعبی کو سنا، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے سنا، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زمزم پلایا تو آپ نے کھڑے کھڑے پیا، آپ نے (اس وقت) پانی مانگا تھا (جب) آپ بیت اللہ کے پاس تھے۔
وحَدَّثَنَاه مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ . ح وحَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا وَهْبُ بْنُ جَرِيرٍ كِلَاهُمَا ، عَنْ شُعْبَةَ بِهَذَا الْإِسْنَادِ وَفِي حَدِيثِهِمَا فَأَتَيْتُهُ بِدَلْوٍ .محمد بن جعفر اور وہب بن جریر دونوں نے شعبہ سے اسی سند کے ساتھ روایت کی۔ دونوں کی حدیث میں ہے: میں ڈول لے کر آپ کے پاس آیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
(مستدرك حاکم)
(1)
جمہور اہل علم کے نزدیک کھڑے کھڑے پانی پینے میں کوئی حرج نہیں جیسا کہ کھڑے ہو کر پیشاب کرنے میں کوئی حرج نہیں جبکہ کوئی عذر بیٹھنے سے مانع ہو۔
(2)
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو کھڑے کھڑے پانی پینے پر جھڑکا۔
(صحیح مسلم، الأشربة، حدیث: 5277 (2025)
جمہور اہل علم کے نزدیک یہ نہی تحریمی نہیں بلکہ تنزیہی ہے، تاہم بیٹھ کر پانی پینا بہتر ہے۔
(3)
جو حضرات کھڑے ہو کر پانی پینا مکروہ خیال کرتے ہیں، ان کے نزدیک بھی وضو سے بچا ہوا پانی اور آب زمزم کھڑے ہو کر پینا سنت ہے، چنانچہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے واقعے اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی اس حدیث میں اس امر کی صراحت ہے۔
واللہ أعلم
یہاں امام بخاری اس کو اس لیے لائے کہ اس سے زمزم کے پانی کی فضیلت نکلتی ہے۔
اس لیے کہ آپ کا سینہ اسی پانی سے دھویا گیا۔
اس کے علاوہ اور بھی کئی احادیث زمزم کے پانی کی فضیلت میں وارد ہوئی ہیں مگر حضرت امیر المؤمنین فی الحدیث کی شرط پر یہی حدیث تھی۔
صحیح مسلم میں آب زمزم کو پانی کے ساتھ خوراک بھی قرار دیا گیا ہے اور بیماروں کے لیے دوا بھی فرمایا گیا ہے۔
حدیث ابن عباس میں مرفوعاً یہ بھی ہے کہ ماءُ زمزمَ لِما شُرِبَ لهُ۔
کہ زمزم کا پانی جس لیے پیا جائے اللہ وہ دیتا ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں: وسمیت زمزم لکثرتها یقال ماء زمزم أي کثیر وقیل لاجتماعها۔
یعنی اس کا نام زمزم اس لیے رکھا گیا کہ یہ بہت ہے اور ایسے ہی مقام پر بولا جاتا ہے۔
ماءزمزم ای کثیر یعنی یہ پانی بہت بڑی مقدار میں ہے اور اس کے جمع ہونے کی وجہ سے بھی اسے زمزم کہا گیاہے۔
مجاہد نے کہا کہ یہ لفظ هزمة سے مشتق ہے۔
لفظ هزمة کے معنے ہیں ایڑیوں سے زمین میں اشارے کرنا۔
چونکہ مشہور ہے کہ حضرت اسماعیل ؑ کے زمین پر ایڑی رگڑنے سے یہ چشمہ نکلا لہٰذا اسے زمزم کہا گیا۔
واللہ أعلم۔
(1)
اس حدیث سے آب زمزم کی فضیلت اس طرح ثابت ہوتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اسے کھڑے ہو کر نوش فرمایا (پیا)
، حالانکہ کھڑے ہو کر پانی پینے کی ممانعت کے متعلق بکثرت احادیث وارد ہیں۔
آب زمزم کے علاوہ دوسرا پانی اگر کھڑے ہو کر پیا جائے تو اس سے نقصان کا اندیشہ ہے لیکن زمزم کا پانی سراسر شفا ہے، اس لیے اگر اسے کھڑے ہو کر پیا جائے تو اس میں کوئی نقصان نہیں۔
(2)
امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے کھڑے ہو کر پانی پینے کا جواز بھی ثابت کیا ہے، چنانچہ آئندہ ایک مستقل عنوان کے تحت اس مسئلے کو بیان کریں گے۔
حضرت عکرمہ ؒ کے بیان سے یہ مقصود ہے کہ آپ نے کھڑے ہو کر پانی نہیں پیا بلکہ آپ تو اس دن اونٹ پر سوار تھے، حالانکہ ابوداود کی روایت میں ہے کہ طواف مکمل کرنے کے بعد رسول اللہ ﷺ نے اپنے اونٹ کو بٹھایا، پھر آپ نے طواف کی دو رکعت ادا کیں۔
(سنن أبي داود، المناسك، حدیث: 1881)
شاید آپ نے آب زمزم اس کے بعد نوش کیا ہو۔
چونکہ کھڑے ہو کر پانی پینے کی ممانعت کے متعلق احادیث آئی ہیں، اس لیے انہوں نے کھڑے ہو کر پانی پینے سے انکار کیا ہے، حالانکہ حضرت علی ؓ سے ثابت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے کھڑے ہو کر پانی پیا تھا۔
(صحیح البخاري،الأشربة، حدیث: 5616)
بہرحال عام حالات میں بیٹھ کر ہی پانی پینا چاہیے لیکن کبھی کبھار بیان جواز کے طور پر کھڑے ہو کر پانی پینے میں بھی کوئی حرج نہیں۔
(فتح الباري: 623/3)
واللہ أعلم
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہو کر زمزم کا پانی پیا ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأشربة/حدیث: 1882]
وضاحت:
1؎:
ممکن ہے ایسا نبی اکرم ﷺ نے بیان جواز کے لیے کیا ہو، اس کا بھی امکان ہے کہ بھیڑبھاڑ کی وجہ سے بیٹھنے کی جگہ نہ مل سکی ہو، یا وہاں خشک جگہ نہ رہی ہو، اس لیے آپ نہ بیٹھے ہوں، یہ عام خیال بالکل غلط ہے کہ زمزم کا پانی کھڑے ہوکر پینا سنت ہے۔
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زمزم کا پانی کھڑے ہو کر پیا۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2967]
(2) بعض کا قول ہے کہ آپ کا کھڑے ہو کر پانی پینا تو مجبوراً تھا کہ نیچے کیچڑ تھا، بیٹھنا ممکن نہیں تھا ورنہ کپڑے خراب ہوتے، لہٰذا اگر ایسی صورت حال ہو کہ بیٹھنے کی مناسب جگہ نہ ہو تو کھڑے ہو کر کھایا پیا جا سکتا ہے۔ بعض کا موقف ہے کہ کھڑے ہو کر پینا جائز ہے اور آپ کا مذکورہ عمل بیانِ جواز کے لیے تھا، اس کے علاوہ دیگر احادیث میں کھڑے ہو کر پینے سے آپ نے سختی سے منع فرمایا ہے۔ تو حافظ ابن حجر اور دیگر ائمہ کے نزدیک ان احادیث میں مذکور نہی تنزیہ کے لیے ہے، یعنی بہتر یہ ہے کہ کھڑے ہو کر پانی نہ پیا جائے۔ اور اگر پی بھی لیا جائے تو اس میں مطلقاً حرج والی بات نہیں ہے۔ یہی موقف دلائل کی رو سے مضبوط معلوم ہوتا ہے۔ واللہ أعلم۔ دیکھیے: (فتح الباري: 10/ 104، 105)
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زمزم (کا پانی) پلایا، تو آپ نے اسے پیا اور آپ کھڑے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2968]
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو زمزم کا پانی پلایا، تو آپ نے کھڑے کھڑے پیا ۱؎۔ شعبی کہتے ہیں: میں نے یہ حدیث عکرمہ سے بیان کی تو انہوں نے قسم کھا کر کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا نہیں کیا۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأشربة/حدیث: 3422]
فوائد ومسائل: عکرمہ نے اپنی معلومات کے مطابق بیان کیا ایسے معاملات میں اثبات کی خبر کو نفی کی خبر پر ترجیح دی جاتی ہے۔
۔۔۔ سوال: آب زم زم کھڑے ہوکر پینے کے تعلق سے یہ سوال ہے کہ کیا یہ جائز ہے؟
جواب۔۔۔ شیخ البانی رحمہ اللہ اس سوال کے جواب میں فرماتے ہیں: دیکھیں آب زم زم کے بارے میں یہ آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوکر پی رہے تھے، حالانکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی نے کھڑے ہوکر پینے سے منع فرمایا ہے جیسا کہ آپ جانتے ہیں اور ہم نے بھی ابھی ذکر کیا تھا۔ تو اسے سنت لازمہ بنا دیا کہ کھڑے ہوکر آب زم زم پیا جائے۔ جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو یہ کھڑے ہوکر پیا تھا اس کی وجہ لوگوں کا رش اور بھیڑ تھی۔
جو بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمومی سیرت پڑھے گا پھر خصوصی طور پر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ چلتے تھے تو اس پر یہ بات مکمل روشن و واضح ہو جائے گی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی طور پر اپنے آپ کو اپنے ساتھیوں سے ممتاز بالکل نہیں رکھتے تھے، پس آپ آخری دور کے امراء کی طرح نہیں تھے کہ ان کے لیے راستے خالی کرواد یے جاتے ہیں بلکہ ابھی تو ان کے لیے پوری مسجد الحرام تک خالی کروا دی جاتی ہے۔
کعبۃ اللہ تو دور کی بات رہی اور آخر تک جو کچھ ہوتا ہے۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق وصفات میں سے یہ نہ تھا۔ بلکہ جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک صحابی سیدنا عبداللہ بن قدامہ العامری رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صفت بیان فرمائی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حجتہ الوداع کے موقع پر چلے جارہے تھے اور: «ولا طرد ولا إليك إليك» (نہ لوگوں کو دھکیلا جارہا تھا، نہ راستے سے ایک طرف ہو جانے کو کہا: جارہا تھا)۔ یعنی ان سب کے ساتھ ہی چلے جارہے تھے۔ کوئی یہ نہیں کہتا تھا کہ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے راستے صاف کرو، بالکل نہیں۔ پس جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم داخل ہوئے اور آب زم زم میں سے پینا چاہا تو کیا طلب کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے؟ اگر ہم اپنے آپ پر انھیں قیاس کریں کہ آب زم زم پینے کے لیے طلب کر رہے ہوں، تو یہ طلب کریں گے کہ ان کے لیے تازہ پانی کا ڈول نکالا جائے، لیکن نہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہیں سے دے دو جہاں سے دیگر مسلمان پی رہے ہیں یعنی اس مشکیزے سے۔ لہٰذا اگر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت بیٹھ کر پینا چاہتے تو رش کی شدت کے باعث بھیڑ تلے کچلے جانے تک کا خطرہ تھا۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق میں سے نا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے صحابہ کو تعینات فرمائیں جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آگے پیچھے دائیں بائیں چمٹ کر لوگوں کو کہتے رہیں راستہ دو راستہ دو۔ بالکل نہیں، اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہوکر پیا۔
اس طرح بعض دوسری احادیث میں جو سنن الترمذی میں ہیں آیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک مشکیزے کے پاس آئے جو لٹکا ہوا تھا۔ آپ نے اس کا بند کھولا اور کھڑے ہو کر ہی اس میں سے پیا، کیونکہ وہ او پر لٹکا ہوا تھا، اور یہاں کھڑے ہوکر پینا اصل مقصود نہ تھا، بلکہ آپ تو مجبور تھے۔ چنانچہ ہمارے لیے جائز نہیں کہ اس قسم کے جزئی واقعات و حادثات کا ہم قواعد کلیہ سے ٹکراؤ کریں۔ آپ ﷺ نے کھڑے ہوکر پینے سے منع فرمایا، بلکہ زجر بھی فرمایا (ڈانٹا بھی) اور قے تک کر دینے کا حکم فرمایا۔ اسی طرح سے ہونا چاہئے اس شخص کو جو رب العالمین کی طرف س بھیجے گئے دین تققہ چاہئے (یعنی وہ دلائل کو جمع کرتا اور اصول پر چلتا ہے)۔
① صحيح بخاری 1637 میں سيدنا عبدالله بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: «سـقيـتُ رسول الله صلى الله عليه وسلم من زمزم، فشرب وهو قائم» (میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آب زم زم پلایا، پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کھڑے ہونے کی حالت میں پیا)۔
امام مسلم رحمہ اللہ صحيح مسلم میں«باب فى الشرب من زمزم قائما» (باب: آب زم زم میں سے کھڑے ہوکر پینے کے بارے میں) کے تحت چار روایات لائے ہیں۔
② اسے امام الترمذی نے 903 میں روایت فرمایا، اور شیخ البانی نے صحیح الترمذی میں صحیح قرار دیا ہے۔
③ دیکھیں صحیح مسلم میں «باب كراهية الشرب قائما» (باب: کھڑے ہوکر پینے کی کراہیت کے بارے میں)، جبکہ جو علماء جواز کے قائل ہیں اس کے لیے پڑھیں صحیح بخاری [باب الشـرب قـائما] (کھڑے ہوکر پینے سے متعلق باب) جس میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی بھی روایت ہے کہ کھڑے ہو کر پیا اور فرمایا لوگ اسے مکر وہ و نا پسندیدہ سمجھتے ہیں حالانکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اسی طرح کھڑے ہوکر پیتے دیکھا۔ واللہ اعلم (اس فتوے کا ترجمہ مولا نا طارق بروہی ﷾ نے کیا ہے۔)