حدیث نمبر: 1978
حَدَّثَنَا زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، وَسُرَيْجُ بْنُ يُونُسَ كلاهما ، عَنْ مَرْوَانَ ، قَالَ زُهَيْرٌ : حَدَّثَنَا مَرْوَانُ بْنُ مُعَاوِيَةَ الْفَزَارِيُّ ، حَدَّثَنَا مَنْصُورُ بْنُ حَيَّانَ ، حَدَّثَنَا أَبُو الطُّفَيْلِ عَامِرُ بْنُ وَاثِلَةَ ، قَالَ : كُنْتُ عِنْدَ عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ ، فَأَتَاهُ رَجُلٌ ، فَقَالَ : مَا كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُسِرُّ إِلَيْكَ ، قَالَ : فَغَضِبَ ، وَقَالَ : مَا كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُسِرُّ إِلَيَّ شَيْئًا يَكْتُمُهُ النَّاسَ غَيْرَ أَنَّهُ قَدْ حَدَّثَنِي بِكَلِمَاتٍ أَرْبَعٍ ، قَالَ : فَقَالَ : مَا هُنَّ يَا أَمِيرَ الْمُؤْمِنِينَ ؟ قَالَ : قَالَ : " لَعَنَ اللَّهُ مَنْ لَعَنَ وَالِدَهُ ، وَلَعَنَ اللَّهُ مَنْ ذَبَحَ لِغَيْرِ اللَّهِ ، وَلَعَنَ اللَّهُ مَنْ آوَى مُحْدِثًا ، وَلَعَنَ اللَّهُ مَنْ غَيَّرَ مَنَارَ الْأَرْضِ " .

مروان بن معاویہ فزاری نے کہا: ہمیں منصور بن حیان نے حدیث بیان کی کہا: ابوطفیل عامر بن واثلہ رضی اللہ عنہ نے ہمیں بیان کیا کہا: میں حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے پاس تھا ایک شخص آپ کے پاس آیا اور کہنے لگا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم آپ کو رازداری سے کیا فرماتے تھے؟ آپ ناراض ہوئے اور کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے کوئی راز نہیں بتایا جس کو اور لوگوں سے چھپایا ہو۔ البتہ آپ نے مجھے چار باتیں ارشاد فرمائی تھیں۔ اس نے پوچھا: امیر المومنین! وہ کیا باتیں ہیں؟ انہوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص اپنے والد پر لعنت کرے اس پر اللہ کی لعنت ہے اور جو شخص غیر اللہ کے نام پر ذبح کرے اس پر اللہ لعنت کرے اور جو شخص کسی بدعتی کو پناہ دے اس پر اللہ لعنت کرے اور جس شخص نے زمین (کی حد بندی) کا نشان بدلا اس پر اللہ لعنت کرے۔“

حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا أَبُو خَالِدٍ الْأَحْمَرُ سُلَيْمَانُ بْنُ حَيَّانَ ، عَنْ مَنْصُورِ بْنِ حَيَّانَ ، عَنْ أَبِي الطُّفَيْلِ ، قَالَ : قُلْنَا لِعَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ : أَخْبِرْنَا بِشَيْءٍ أَسَرَّهُ إِلَيْكَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ : مَا أَسَرَّ إِلَيَّ شَيْئًا كَتَمَهُ النَّاسَ ، وَلَكِنِّي سَمِعْتُهُ ، يَقُولُ : " لَعَنَ اللَّهُ مَنْ ذَبَحَ لِغَيْرِ اللَّهِ ، وَلَعَنَ اللَّهُ مَنْ آوَى مُحْدِثًا ، وَلَعَنَ اللَّهُ مَنْ لَعَنَ وَالِدَيْهِ ، وَلَعَنَ اللَّهُ مَنْ غَيَّرَ الْمَنَارَ " .

حضرت ابو طفیل رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، ہم نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے کہا، ہمیں کوئی ایسی چیز بتائیں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کو رازدارانہ انداز سے بتائی ہو، انہوں نے جواب دیا، آپ نے لوگوں سے چھپا کر چپکے چپکے مجھے کوئی چیز نہیں بتائی، لیکن میں نے آپ کو یہ فرماتے سنا ہے ”اللہ کی اس پر لعنت ہے جس نے غیراللہ کے لیے جانور ذبح کیا اور اللہ کی اس پر لعنت ہے جس نے بدعتی یا فسادی کو پناہ دی اور اللہ کی اس پر لعنت ہے جس نے اپنے والدین پر لعنت کی اور اللہ کی اس پر لعنت ہے جس نے زمین کے نشانات کو تبدیل کیا۔‘‘

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَمُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، وَاللَّفْظُ لِابْنِ الْمُثَنَّى ، قَالَا : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، قَالَ : سَمِعْتُ الْقَاسِمَ بْنَ أَبِي بَزَّةَ يُحَدِّثُ ، عَنْ أَبِي الطُّفَيْلِ ، قَالَ : سُئِلَ عَلِيٌّ أَخَصَّكُمْ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِشَيْءٍ ؟ فَقَالَ : مَا خَصَّنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِشَيْءٍ لَمْ يَعُمَّ بِهِ النَّاسَ ، كَافَّةً إِلَّا مَا كَانَ فِي قِرَابِ سَيْفِي هَذَا ، قَالَ : فَأَخْرَجَ صَحِيفَةً مَكْتُوبٌ فِيهَا " لَعَنَ اللَّهُ مَنْ ذَبَحَ لِغَيْرِ اللَّهِ ، وَلَعَنَ اللَّهُ مَنْ سَرَقَ مَنَارَ الْأَرْضِ ، وَلَعَنَ اللَّهُ مَنْ لَعَنَ وَالِدَهُ ، وَلَعَنَ اللَّهُ مَنْ آوَى مُحْدِثًا " .

شعبہ نے کہا: میں نے قاسم بن ابی بزہ کو ابوطفیل رضی اللہ عنہ سے حدیث بیان کرتے ہوئے سنا کہا: حضرت علی رضی اللہ عنہ سے یہ سوال کیا گیا: کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خصوصی طور پر کوئی چیز آپ کو عطا فرمائی؟ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں کوئی چیز خاص ہمارے لیے نہیں بتائی جو آپ نے تمام لوگوں میں عام نہ کی ہو۔ البتہ میری اس تلوار کی نیام میں کچھ احکام ہیں۔ پھر آپ نے ایک صحیفہ نکالا جس میں لکھا ہوا تھا: ”جو شخص غیر اللہ کے لیے ذبح کرے اس پر اللہ لعنت کرے اور جو شخص زمین کی (حد بندی کی) نشانی چھپائے اللہ اس پر لعنت کرے اور جو شخص اپنے والد پر لعنت کرے اللہ اس پر لعنت کرے، اور جو شخص کسی بدعتی کو پناہ دے اللہ اس پر لعنت کرے۔“

حوالہ حدیث صحيح مسلم / كتاب الأضاحي / حدیث: 1978
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة
تخریج حدیث «أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عبد العزیز علوی
حضرت ابو طفیل عامر بن واثلہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، میں حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس تھا تو ایک آدمی ان کے پاس آ کر کہنے لگا، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رازدارانہ انداز میں آپ کو کیا بتاتے تھے؟ تو انہوں نے ناراض ہو کر فرمایا، مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چپکے چپکے کوئی ایسی بات نہیں بتائی جو لوگوں سے چھپاتے ہوں، ہاں آپ نے مجھے چار باتیں بتائی تھیں، اس نے کہا، اے امیر المؤمنین، وہ کیا باتیں ہیں؟ انہوں نے جواب دیا، آپﷺ... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:5124]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے رافضہ، شیعہ اور امامیہ کی تردید ہوتی ہے، جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ باتیں صرف حضرت علی کو اپنا وصی بنا کر فرمائیں تھیں، کسی اور کو ان سے آگاہ نہیں فرمایا، جبکہ خود حضرت علی رضی اللہ عنہ اعلانیہ، کھلے طور پر اس کا اظہار کر رہے ہیں، کہ آپ نے ہمیں دوسروں سے الگ کچھ احکام نہیں بتائے اور والدین پر لعنت بھیجنے سے مراد ان کو صراحتا سب و شتم کرنا یا دوسروں کے والدین کو گالی گلوچ دے کر اپنے والدین کو جوابا گالی گلوچ کروانا ہے اور غیراللہ کے لیے ذبح کرنے سے مراد کسی بھی شخص کا بت، کسی نبی یا رسول یا کعبہ کے نام سے ذبح کرنا ہے، مسلمان کرے یا یہودی و عیسائی، یہ فعل حرام ہے اور یہ ذبیحہ حلال نہیں ہے، اگر اس کی تعظیم و توقیر کے لیے کیا ہے، یا اس کی بندگی تقرب و خوشنودی کے لیے کیا ہے، تو یہ کفر ہے، اگر یہ حرکت کرنے والا مسلمان ہے، تو وہ مرتد ہو گا، (شرح نووی)
علامہ علاؤ الدین حصفکی نے لکھا ہے، امیر یا کسی بڑے آدمی کے آنے پر جانور ذبح کرنا حرام ہے، کیونکہ یہ بھی اهلال لغيرالله ہے، خواہ اس پر اللہ ہی کا نام لیا جائے (کیونکہ اس سے اس کا تقرب و خوشنودی مقصود ہوتی ہے) (ردالمختار، علی ھامش رد مختار ج 5 ص 270)
آج کل لوگ مزاروں پر، ان کو نفع و نقصان کا مالک سمجھ کر، کہ وہ اس کو کسی مصیبت سے نجات دلا سکتے ہیں، یا اس کا کوئی کام کر سکتے ہیں، مثلا اولاد، کاروبار میں برکت، تو یہ تعظیم و توقیر عبادت ہے اور یہ صورت کفر ہے، جب کہ علامہ شامی نے لکھا ہے، کسی انسان کا تقرب بطور عبادت حاصل کرنا کفر ہے، (رد مختار، ج 5، ص 270۔
مطبوعہ استنبول)
اور کسی امیر کبیر، صدر و وزیراعظم کی آمد پر جانور ذبح کرنا، اگر ان کی مہمان نوازی، اور تواضع کے لیے ہو، تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے، لیکن اگر اس کو یہ دکھلانا مطلوب ہو، میں آپ کی خاطر یہ قربان کر رہا ہوں اور یہ محض آپ کی تعظیم کے لیے ہے، تو پھر علامہ شامی، یہ ذبیحہ حرام ہو گا۔
علامہ سعیدی نے خود تسلیم کیا ہے، اس باب کی حدیث اور فقہاء کی عبارات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اگر کوئی شخص کسی بزرگ کی تعظیم کی خاطر کسی جانور کو ذبح کرے تو وہ ذبیحہ حرام ہو گا تاہم یہ کفر نہیں ہے، کفر اس وقت ہو گا، جب وہ اس بزرگ کی تعظیم بطور عبادت کرے۔
(شرح صحیح مسلم، ج 6، ص 178)
۔
مزاروں پر جا کر ان کی طرف منہ کر کے نماز پڑھنے والوں یا سجدہ کرنے والوں کو کیا کہا جائے گا، یا ان کے لیے نذر ماننے والوں کو کیا کہیں گے، ان چیزوں کا ایصال ثواب سے کیا تعلق ہے، صدقہ کرنے کے لیے مزار پر تو جانے کی ضرورت نہیں ہے، کیا کبھی کسی نے والدین کے لیے صدقہ کرنے کے لیے بھی ان کی قبروں کا رخ کیا ہے، کہ وہاں جا کر جانور ذبح کریں یا رقم تقسیم کریں، آوی محدثا کا معنی کسی بدعتی یا فسادی کی توقیر و تعظیم کرنا یا انہیں تحفظ و پناہ دینا، تفصیل کتاب الحج میں گزر چکی ہے، غير منار الارض، کا مقصد دوسرے کی زمین پر قبضہ کرنے کے لیے حد بندی کرنے والی علامات یا نشانیوں کو تبدیل کرنا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5124 سے ماخوذ ہے۔