حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ ، حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ ، حَدَّثَنَا الْأَسْوَدُ بْنُ قَيْسٍ . ح ، وحَدَّثَنَاه يَحْيَي بْنُ يَحْيَي ، أَخْبَرَنَا أَبُو خَيْثَمَةَ ، عَنْ الْأَسْوَدِ بْنِ قَيْسٍ ، حَدَّثَنِي جُنْدَبُ بْنُ سُفْيَانَ ، قَالَ : شَهِدْتُ الْأَضْحَى مَع رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَلَمْ يَعْدُ أَنْ صَلَّى وَفَرَغَ مِنْ صَلَاتِهِ سَلَّمَ ، فَإِذَا هُوَ يَرَى لَحْمَ أَضَاحِيَّ قَدْ ذُبِحَتْ قَبْلَ أَنْ يَفْرُغَ مِنْ صَلَاتِهِ ، فَقَالَ : " مَنْ كَانَ ذَبَحَ أُضْحِيَّتَهُ قَبْلَ أَنْ يُصَلِّيَ أَوْ نُصَلِّيَ ، فَلْيَذْبَحْ مَكَانَهَا أُخْرَى ، وَمَنْ كَانَ لَمْ يَذْبَحْ فَلْيَذْبَحْ بِاسْمِ اللَّهِ " .حضرت جندب بن سفیان رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، میں عید الاضحیٰ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شریک ہوا، جوں ہی آپ نماز پڑھ کر، نماز عید سے فارغ ہوئے سلام پھیرا، تو آپ نے فورا قربانیوں کا گوشت دیکھا، جنہیں آپ کے نماز سے فارغ ہونے سے پہلے ہی ذبح کیا جا چکا تھا، تو آپﷺ نے فرمایا: ”جس نے اپنی قربانی نماز پڑھنے یا ہمارے نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کر ڈالی وہ اس کی جگہ اور ذبح کرے اور جس نے ذبح نہیں کیا وہ اللہ کا نام لے کر ذبح کرے۔‘‘
وحَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا أَبُو الْأَحْوَصِ سَلَّامُ بْنُ سُلَيْمٍ ، عَنْ الْأَسْوَدِ بْنِ قَيْسٍ ، عَنْ جُنْدَبِ بْنِ سُفْيَانَ ، قَالَ : شَهِدْتُ الْأَضْحَى مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، لَمَّا قَضَى صَلَاتَهُ بِالنَّاسِ نَظَرَ إِلَى غَنَمٍ قَدْ ذُبِحَتْ ، فَقَالَ : " مَنْ ذَبَحَ قَبْلَ الصَّلَاةِ ، فَلْيَذْبَحْ شَاةً مَكَانَهَا ، وَمَنْ لَمْ يَكُنْ ذَبَحَ ، فَلْيَذْبَحْ عَلَى اسْمِ اللَّهِ " .حضرت جندب بن سفیان رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے عیدالاضحیٰ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ پڑھی، جب آپ لوگوں کو نماز پڑھا کر فارغ ہوئے، تو آپ نے ایک بکری دیکھی جو ذبح کی جا چکی تھی، اس پر آپﷺ نے فرمایا: ”جس نے نماز سے پہلے قربانی کر دی، وہ اس کی جگہ بکری ذبح کرے اور جس نے ذبح نہیں کی وہ اللہ کا نام لے کر ذبح کرے۔‘‘
وحَدَّثَنَاه قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ ، حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ . ح وحَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، وَابْنُ أَبِي عُمَرَ ، عَنْ ابْنِ عُيَيْنَةَ كِلَاهُمَا ، عَنْ الْأَسْوَدِ بْنِ قَيْسٍ بِهَذَا الْإِسْنَادِ ، وَقَالَا عَلَى اسْمِ اللَّهِ كَحَدِيثِ أَبِي الْأَحْوَصِ .امام صاحب اپنے اور اساتذہ سے یہی روایت بیان کرتے ہیں، اس میں بھی ”بسم الله کی بجائے على اسم الله‘‘ ہے۔
حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُعَاذٍ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ الْأَسْوَدِ ، سَمِعَ جُنْدَبًا الْبَجَلِيَّ ، قَالَ : شَهِدْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَلَّى يَوْمَ أَضْحًى ثُمَّ خَطَبَ ، فَقَالَ : " مَنْ كَانَ ذَبَحَ قَبْلَ أَنْ يُصَلِّيَ ، فَلْيُعِدْ مَكَانَهَا ، وَمَنْ لَمْ يَكُنْ ذَبَحَ فَلْيَذْبَحْ بِاسْمِ اللَّهِ " .عبیداللہ کے والد معاذ نے کہا: ہمیں شعبہ نے اسود بن قیس سے حدیث بیان کی، انہوں نے جندب بجلی رضی اللہ عنہ سے سنا، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو عید الاضحیٰ کے دن دیکھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز پڑھی، پھر خطبہ دیا اور فرمایا: ”جس نے نماز پڑھنے سے پہلے (اپنی قربانی کا جانور) ذبح کر دیا تھا، وہ اس کی جگہ دوسرا ذبح کرے اور جس نے ذبح نہیں کیا وہ اللہ کے نام کے ساتھ ذبح کرے۔“
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَابْنُ بَشَّارٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ بِهَذَا الْإِسْنَادِ مِثْلَهُ .محمد بن جعفر نے کہا: ہمیں شعبہ نے اسی سند کے ساتھ اسی کے مانند روایت کی۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
اضاحي، اضحية يااضحيه کی جمع ہے، اس کوضحية بھی کہ دیتے ہیں، جس کی جمع ضحايا ہے اوراضحاة بھی کہتے ہیں، جس کی جمع اضحي ہے، قربانی کوکہتے ہیں، کیونکہ اس کودن چڑھے کیاجاتا ہے۔
(2)
لم يعد ان صلي: ابھی آپ نے نماز ہی پڑھی تھی، اس سے تجاوز نہیں کیا تھا۔
فوائد ومسائل: قربانی بقول امام ابن قدامہ اور امام نووی، اکثر اہل علم کے نزدیک سنت ہے، حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ، حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کا یہی نظریہ تھا، امام شافعی، امام احمد، امام ابو یوسف، امام اسحاق، علقمہ اسود کا ہی قول ہے، امام ابوحنیفہ، ربیعہ، لیث اور اوزاعی کے نزدیک یہ واجب ہے، امام مالک کے نزدیک بقول ابن قدامہ واجب ہے اور بقول نووی سنت ہے، جو واجب کے قائل ہیں، ان کے نزدیک مالدار پر واجب ہے، (المغنی ج 13، ص 360)
۔
قربانی کا وقت اہل مصر (شہر)
کے لیے، امام کے خطبہ کے بعد ہے، امام ابو حنیفہ، امام احمد مالک، اسحاق اور اوزاعی کا یہی خیال ہے اور جہاں عید کا خطبہ نہیں ہوتا، وہاں امام ابو حنیفہ کے نزدیک طلوع فجر کے بعد اور امام شافعی کے نزدیک، دن چڑھنے کے بعد، جب نماز اور دو خطبوں کا وقت گزر جائے، پھر قربانی کی جا سکتی ہے، امام احمد کے نزدیک یہ ان لوگوں کے لیے جہاں عید نہیں پڑھی جاتی، (المغني ج 13، ص 384-385)
صحیح بات یہی ہے کہ قربانی سنت مؤکدہ ہے، امام مالک کے نزدیک بقول نووی، امام کے ذبح کرنے کے بعد ذبح کرنا جائز ہے، قربانی کا آخری وقت امام ابوحنیفہ، امام مالک، امام احمد اور ثوری کے نزدیک 12 ذوالحجہ ہے، امام شافعی، عطاء اور حسن کے نزدیک تیرہ (13)
ذوالحجہ ہے اور ابن سیرین کے نزدیک صرف دس (10)
ذوالحجہ، ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن اور عطاء بن یسار کے نزدیک پورا ذوالحجہ (المغني ج 13، ص 286)
۔
بقول امام نووی، علی بن ابی طالب، ابن عباس، عمر بن عبدالعزیز، مکحول اور داود ظاہری وغیرہم کا موقف امام شافعی والا ہے، صحیح بات یہ ہے، دس (10)
کو قربانی افضل ہے اور ایام تشریق تک جائز ہے، حافظ ابن قیم نے اس کو ترجیح دی ہے کہ ایام تشریق میں قربانی جائز ہے، (زاد المعاد)
(1)
خطبۂ جمعہ کا سننا واجب ہے۔
اس دوران میں گفتگو کرنا منع ہے۔
خطبۂ عید کے متعلق اتنی سختی نہیں ہے کیونکہ اس کے متعلق حدیث میں ہے کہ جو چاہے سننے کے لیے بیٹھا رہے۔
اور جس کا جی چاہے وہ چلا جائے۔
اس کے علاوہ دیگر مواعظ میں رخصت ہے کہ کوئی اٹھ جائے یا بیٹھ کر سنتا رہے۔
(2)
یہ پابندی صرف مقتدی حضرات کے لیے ہے کیونکہ امام دوران خطبہ میں بات بھی کر سکتا ہے اور کسی کے سوال کا جواب بھی دے سکتا ہے۔
امام بخاری ؒ کا رجحان یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ خطبۂ عیدین میں کچھ وسعت سمجھتے ہیں۔
مذکورہ عنوان اور پیش کردہ احادیث میں اسی کو ثابت کیا گیا ہے۔
گویا اس میں حسب ذیل دو احکام ہیں: ٭ خطبۂ عید کے دوران خطیب اور سامع کسی مسئلے پر گفتگو کر سکتے ہیں یا نہیں؟ ٭ کیا خطیب سے دوران خطبہ میں کوئی سوال کیا جا سکتا ہے یا نہیں؟ بعض شارحین نے اس عنوان کو تکرار قرار دیا ہے، حالانکہ پہلا حکم دوسرے حکم سے عام حیثیت رکھتا ہے۔
مصنف نے جواب اس لیے نہیں دیا کہ حدیث میں اس کی صراحت موجود ہے کیونکہ دوران خطبہ میں رسول اللہ ﷺ اور ابو بردہ بن نیار ؓ کا باہمی گفتگو کرنا پہلا حکم ثابت کرتا ہے جبکہ بکری کے یک سالہ بچے کے متعلق حضرت ابو بردہ ؓ کا رسول اللہ ﷺ سے سوال کرنا دوسرے حکم کی دلیل ہے، نیز واضح رہے کہ آخری حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے قربانی کے متعلق جو ہدایات دی ہیں وہ خطبے کا حصہ ہیں، خطبے کی تکمیل کے بعد آپ نے قربانی کو ذبح فرمایا۔
(فتح الباري: 608/2)
1۔
اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے لیے قربانی ایک بہترین ذریعہ ہے۔
اس کے متعلق حکم ہے کہ اسے ذبح کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا نام لیا جائے تاکہ یہ عبادت اورقربانی صرف اللہ تعالیٰ کے لیے شمار ہو کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو حکم دیا ہے کہ عبادت کرتے وقت کسی مخلوق کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ شریک نہ کیا جائے۔
قربانی کے متعلق خاص حکم ہے: ’’کہہ دیجئے!میری نماز،میری قربانی،میری زندگی اور اور میری موت سب اللہ رب العالمین کے لیے ہے جس کا کوئی شریک نہیں، مجھے اسی بات کا حکم ملا ہے۔
" (الأنعام: 162۔
163)
نیز ارشادباری تعالیٰ ہے: ’’آپ صرف اپنے رب کے لیے نماز پڑھیں اور قربانی کریں۔
‘‘ (الکوثر 2/108)
2۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا ان احادیث کو بیان کرنے سے یہی مقصود ہے کہ اللہ تعالیٰ سے سوال کرتے وقت اس کے نام کا واسطہ دیا جائے اور اس کے نام سے اللہ تعالیٰ کی مدد حاصل کی جائے۔
جب اللہ تعالیٰ کا نام اس قدر بابرکت ہے توخود اللہ تبارک وتعالیٰ کس قدرخیروبرکت کا سرچشمہ ہوگا۔
یہ بات امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے مزاج کےخلاف ہے کہ ایک فضول بات ثابت کرنے کے لیے احادیث ذکر کریں کہ اسم مسمی کا عین ہے یا اس کا غیر۔
ہمارے نزدیک نام اور مسمی الگ الگ دو حقیقتیں ہیں تاکہ اس کے متعلق کسی قسم کا ابہام پیدا نہ ہو۔
اس تفصیل کے باوجود یہاں نام سے مراد مسمی ہے۔
واللہ أعلم۔
قربانی وہی ہے جو نماز عید کے بعد ذبح کی جائے اور بس۔
(1)
قربانی، نماز عید کے بعد ہے۔
نماز سے پہلے جو جانور ذبح کیا جائے گا وہ قربانی نہیں بلکہ عام گوشت کا جانور ہے۔
قربانی وہی ہے جو نماز عید کے بعد کی جائے۔
(2)
امام بخاری رحمہ اللہ کا استدلال یہ ہے کہ ذبح اللہ تعالیٰ کے نام سے ہوتا ہے اور بسم اللہ کے بغیر ذبح جائز نہیں ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’جس چیز پر اللہ کا نام نہ لیا گیا ہو اسے مت کھاؤ کیونکہ یہ گناہ کی بات ہے۔
‘‘ (الأنعام: 121)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے نام سے ذبح کرنے کا مطلب نماز کے بعد قربانی ذبح کرنے کی اجازت دینا ہے اور یہ بھی احتمال ہے کہ اللہ کے نام سے ذبح کرنے کا حکم دیا ہو۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ذبح کے لیے بسم اللہ پڑھنا شرط ہے، ہاں اگر بھول کر رہ جائے تو الگ بات ہے جس کی وضاحت پہلے ہو چکی ہے۔
(فتح الباري: 780/9)
جندب بن سفیان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ عید الاضحی میں تھا، آپ نے لوگوں کو نماز عید پڑھائی، جب نماز مکمل کر لی تو آپ نے دیکھا کہ کچھ بکریاں (نماز سے پہلے ہی) ذبح کر دی گئیں ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " نماز عید سے پہلے جس نے ذبح کیا ہے اسے چاہیئے کہ وہ اس کی جگہ دوسری بکری ذبح کرے اور جس نے ذبح نہیں کیا ہے تو وہ اللہ کا نام لے کر ذبح کرے " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الضحايا/حدیث: 4373]
(2) مسجد سے الگ، باہر کھلے میدان میں نماز عید ادا کرنا سنت ہے۔ عام حالات میں باہر، عید گاہ ہی میں عید ادا کی جائے، تاہم بوقت ضرورت یعنی بارش، آندھی اور سخت سردی وغیرہ کی صورت میں نماز عید، مسجد میں بھی پڑھی جا سکتی ہے۔
(3) نماز عید کی ادائیگی سے پہلے قربانی کا جانور ذبح نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کوئی شخص نماز عید پڑھنے سے پہلے قربانی ذبح کرے گا تو اس کی قربانی ہرگز ہرگز نہیں ہوگی، لہٰذا اس پر قربانی کے لیے دوسرا جانور ذبح کرنا ضروری ہوگا، بشرطیکہ دوسرے جانور کی استطاعت ہو۔ یہ اس لیے کہ قربانی کا وقت مقرر ہے۔ اس سے پہلے قربانی غیر معتبر ہے، جیسے نماز کا وقت مقرر ہے۔ وقت سے پہلے پڑھی ہوئی نماز دوبارہ پڑھنی پڑے گی۔ اسی طرح عید کی نماز کے اختتام سے قبل قربانی کا وقت نہیں ہوتا، لہٰذا قربانی دوبارہ کرنا ہوگی۔
جندب بن سفیان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک دن کچھ قربانیاں کیں، تو ہم نے دیکھا کہ لوگ نماز عید سے پہلے ہی اپنے جانور ذبح کر چکے ہیں، جب آپ فارغ ہو کر لوٹے تو انہیں دیکھا کہ وہ نماز عید سے پہلے ہی ذبح کر چکے ہیں، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس نے نماز عید سے پہلے ذبح کیا تو اس کی جگہ دوسرا جانور ذبح کرے اور جس نے ذبح نہیں کیا یہاں تک کہ ہم نے نماز عید پڑھ لی تو وہ اللہ کے نام پر ذبح کرے [سنن نسائي/كتاب الضحايا/حدیث: 4403]
سیدنا جندب سفیان رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ میں عید قربان میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا، جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو نماز پڑھا چکے تو دیکھا کہ ایک بکری ذبح کی ہوئی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’ جس کسی نے نماز سے پہلے ہی اسے ذبح کر دیا ہے وہ اس کی جگہ دوسری بکری ذبح کرے اور جس نے ذبح نہیں کیا اسے «بسم الله» پڑھ کر ذبح کرنا چاہے۔ " (بخاری، مسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 1162»
«أخرجه البخاري، الأضاحي، باب من ذبح قبل الصلاة أعاد، حديث:5562، ومسلم، الأضاحي، باب وقتها، حديث:1960.»
تشریح: 1. اس حدیث سے معلوم ہوا کہ قربانی کے جانور کو ذبح کرنے کا صحیح وقت نماز عید کے بعد ہے۔
اگر کسی نے نماز عید سے پہلے جانور ذبح کر دیا تو اس کی قربانی نہیں ہوگی‘ اسے دوبارہ قربانی کرنی چاہیے۔
2. نماز عید سے مراد عید کی وہ باجماعت نماز ہے جو امام کی اقتدا میں ادا کی جائے اور اس کے بعد خطبہ مسنونہ ہو۔
مطلب یہ ہے کہ جب باجماعت نماز عید ادا کر لی جائے اور خطبہ مسنونہ بھی ہو چکے‘ تب قربانی کی جائے‘ پہلے نہیں۔
اس حکم میں دیہاتی اور شہری سبھی برابر کے شامل ہیں۔
مختلف اقوال میں سے یہی قول راجح ہے۔
3.قربانی کا آخری وقت کیا ہے اس میں اختلاف ہے۔
امام مالک اور امام احمد رحمہما اللہ کے ہاں ذوالحجہ کی ۱۲ تاریخ کی شام تک اس کا آخری وقت ہے۔
اور امام شافعی رحمہ اللہ کے نزدیک ذوالحجہ کی ۱۳ تاریخ کی شام تک۔
داود ظاہری اور تابعین کی ایک جماعت کے نزدیک منیٰ میں تو بارہ ذوالحجہ کی شام تک اور اس کے سوا صرف قربانی کے دن کی شام تک۔
اور ایک جماعت کی رائے یہ بھی ہے کہ ذوالحجہ کے آخری دن تک۔
حافظ ابن قیم رحمہ اللہ نے زاد المعاد میں اور حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ نے تفسیر ابن کثیر میں امام شافعی رحمہ اللہ کے موقف کو دلیل کے اعتبار سے راجح قرار دیا ہے کہ ایام تشریق کے آخر‘ یعنی ۱۳ ذوالحجہ کی شام تک قربانی جائز ہے۔
احادیث کی رو سے یہی موقف راجح معلوم ہوتا ہے۔
واللّٰہ أعلم۔
راویٔ حدیث:
«حضرت جندب بن سفیان رضی اللہ عنہ» حضرت جندب بن عبداللہ بن سفیان رضی اللہ عنہ بجیلہ قبیلے کی شاخ عَلَقَہ سے ہونے کی وجہ سے بَجَلی عَلَقِی کہلائے۔
شرف صحابیت سے مشرف تھے۔
بسااوقات اپنے دادا کی طرف منسوب کیے جاتے تھے۔
پہلے کوفہ میں تھے‘ پھر بصرہ میں تشریف لے گئے۔
۶۰ ہجری کے بعد وفات پائی۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ قربانی نماز عید کے بعد کرنا مشروع ہے۔ جس نے نماز عید سے قبل قربانی کر لی وہ اپنی قربانی دوبارہ کرے گا۔ اس سے سنت پر عمل کی اہمیت ثابت ہوتی ہے کہ اخلاص بھی ہو، قربانی رزق حلال سے بھی ہو لیکن اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے وقت سے قبل قربانی کرلی جائے تو وہ قبول نہیں ہوگی۔ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اپنی زندگی کا ہر ہر کام سنت کے مطابق کرنے کی تو فیق عطا فرمائے۔ آمین