صحيح مسلم
كتاب الجهاد والسير— جہاد اور اس کے دوران میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اختیار کردہ طریقے
باب فِي غَزْوَةِ حُنَيْنٍ: باب: جنگ حنین کا بیان۔
حَدَّثَنَا يَحْيَي بْنُ يَحْيَي ، أَخْبَرَنَا أَبُو خَيْثَمَةَ ، عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ ، قَالَ : قَالَ رَجُلٌ ، لِلْبَرَاءِ " يَا أَبَا عُمَارَةَ : أَفَرَرْتُمْ يَوْمَ حُنَيْنٍ ؟ ، قَالَ : لَا وَاللَّهِ مَا وَلَّى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَلَكِنَّهُ خَرَجَ شُبَّانُ أَصْحَابِهِ وَأَخِفَّاؤُهُمْ حُسَّرًا لَيْسَ عَلَيْهِمْ سِلَاحٌ أَوْ كَثِيرُ سِلَاحٍ ، فَلَقُوا قَوْمًا رُمَاةً لَا يَكَادُ يَسْقُطُ لَهُمْ سَهْمٌ جَمْعَ هَوَازِنَ ، وَبَنِي نَصْرٍ ، فَرَشَقُوهُمْ رَشْقًا مَا يَكَادُونَ يُخْطِئُونَ ، فَأَقْبَلُوا هُنَاكَ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَرَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى بَغْلَتِهِ الْبَيْضَاءِ وَأَبُو سُفْيَانَ بْنُ الْحَارِثِ بْنِ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ يَقُودُ بِهِ ، فَنَزَلَ فَاسْتَنْصَرَ ، وَقَالَ : " أَنَا النَّبِيُّ لَا كَذِبْ ، أَنَا ابْنُ عَبْدِ الْمُطَّلِبْ ، ثُمَّ صَفَّهُمْ " .ابوخیثمہ نے ہمیں ابواسحاق سے خبر دی، انہوں نے کہا: ایک آدمی نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے کہا: ابوعمارہ! کیا آپ لوگ حنین کے دن بھاگے تھے؟ انہوں نے کہا: نہیں، اللہ کی قسم! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رخ تک نہیں پھیرا، البتہ آپ کے ساتھیوں میں سے چند نوجوان اور جلد باز (جنگ کے لیے) نہتے نکلے تھے جن (کے جسم) پر اسلحہ یا بڑا اسلحہ نہیں تھا، تو ان کی مڈبھیڑ ایسی تیر انداز قوم سے ہوئی جن کا کوئی تیر (زمین) پر نہ گرتا تھا، (نشانے پر لگتا تھا) وہ بنو ہوازن اور بنو نضر کے جتھے تھے، انہوں نے ان (نوجوانوں) کو اس طرح سے تیروں سے چھیدنا شروع کیا کہ کوئی نشانہ خطا نہ جاتا تھا، پھر وہ لوگ وہاں سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب بڑھے، آپ اپنے سفید خچر پر تھے اور ابوسفیان بن حارث بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ اسے چلا رہے تھے، آپ نیچے اترے (اللہ سے) مدد مانگی اور فرمایا: ”میں نبی ہوں، یہ جھوٹ نہیں میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں۔“ پھر آپ نے (نئے سرے سے) ان کی صف بندی کی (اور پانسہ پلٹ گیا)۔
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ جَنَابٍ الْمِصِّيصِيُّ ، حَدَّثَنَا عِيسَى بْنُ يُونُسَ ، عَنْ زَكَرِيَّاءَ ، عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ ، قَالَ : جَاءَ رَجُلٌ إِلَى الْبَرَاءِ ، فَقَالَ : أَكُنْتُمْ وَلَّيْتُمْ يَوْمَ حُنَيْنٍ يَا أَبَا عُمَارَةَ ؟ ، فَقَالَ : " أَشْهَدُ عَلَى نَبِيِّ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَا وَلَّى ، وَلَكِنَّهُ انْطَلَقَ أَخِفَّاءُ مِنَ النَّاسِ وَحُسَّرٌ إِلَى هَذَا الْحَيِّ مِنْ هَوَازِنَ وَهُمْ قَوْمٌ رُمَاةٌ ، فَرَمَوْهُمْ بِرِشْقٍ مِنْ نَبْلٍ كَأَنَّهَا رِجْلٌ مِنْ جَرَادٍ ، فَانْكَشَفُوا فَأَقْبَلَ الْقَوْمُ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَأَبُو سُفْيَانَ بْنُ الْحَارِثِ يَقُودُ بِهِ بَغْلَتَهُ ، فَنَزَلَ وَدَعَا وَاسْتَنْصَرَ وَهُوَ يَقُولُ : أَنَا النَّبِيُّ لَا كَذِبْ أَنَا ابْنُ عَبْدِ الْمُطَّلِبْ ، اللَّهُمَّ نَزِّلْ نَصْرَكَ " ، قَالَ الْبَرَاءُ : كُنَّا وَاللَّهِ إِذَا احْمَرَّ الْبَأْسُ نَتَّقِي بِهِ ، وَإِنَّ الشُّجَاعَ مِنَّا لَلَّذِي يُحَاذِي بِهِ يَعْنِي النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ .زکریا نے ابواسحاق سے روایت کی، انہوں نے کہا: ایک آدمی حضرت براء رضی اللہ عنہ کے پاس آیا اور پوچھا: ابوعمارہ! کیا آپ لوگ حنین کے دن پیٹھ پھیر گئے تھے؟ تو انہوں نے کہا: میں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ نے رخ تک نہیں پھیرا، کچھ جلد باز لوگ اور نہتے ہوازن کے اس قبیلے کی طرف بڑھے، وہ تیر انداز لوگ تھے، انہوں نے ان (نوجوانوں) پر اس طرح یکبارگی اکٹھے تیر پھینکے جیسے وہ تڈی دل ہوں۔ اس پر وہ بکھر گئے، اور وہ (ہوازن کے) لوگ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف بڑھے، ابوسفیان (بن حارث) رضی اللہ عنہ آپ کے خچر کو پکڑ کر چلا رہے تھے، تو آپ نیچے اترے، دعا کی اور (اللہ سے) مدد مانگی، آپ فرما رہے تھے: ”میں نبی ہوں، یہ جھوٹ نہیں، میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں۔ اے اللہ! اپنی مدد نازل فرما۔“ حضرت براء رضی اللہ عنہ نے کہا: اللہ کی قسم! جب لڑائی شدت اختیار کر جاتی تو ہم آپ کی اوٹ لیتے تھے اور ہم میں سے بہادر وہ ہوتا جو آپ کے، یعنی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ قدم ملا کر کھڑا ہوتا۔
وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَابْنُ بَشَّارٍ وَاللَّفْظُ لِابْنِ الْمُثَنَّى ، قَالَا : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ ، قَالَ : سَمِعْتُ الْبَرَاءَ : وَسَأَلَهُ رَجُلٌ مِنْ قَيْسٍ ، أَفَرَرْتُمْ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَوْمَ حُنَيْنٍ ؟ ، فَقَالَ الْبَرَاءُ : وَلَكِنْ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَمْ يَفِرَّ ، وَكَانَتْ هَوَازِنُ يَوْمَئِذٍ رُمَاةً وَإِنَّا لَمَّا حَمَلْنَا عَلَيْهِمُ انْكَشَفُوا ، فَأَكْبَبْنَا عَلَى الْغَنَائِمِ فَاسْتَقْبَلُونَا بِالسِّهَامِ ، وَلَقَدْ رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى بَغْلَتِهِ الْبَيْضَاءِ وَإِنَّ أَبَا سُفْيَانَ بْنَ الْحَارِثِ آخِذٌ بِلِجَامِهَا وَهُوَ ، يَقُولُ : أَنَا النَّبِيُّ لَا كَذِبْ أَنَا ابْنُ عَبْدِ الْمُطَّلِبْ " ،شعبہ نے ہمیں ابواسحاق سے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: میں نے (اس وقت) حضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا جب (قبیلہ) قیس کے ایک آدمی نے ان سے پوچھا: کیا آپ لوگ حنین کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو چھوڑ کر بھاگے تھے؟ تو حضرت براء رضی اللہ عنہ نے کہا: لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نہیں بھاگے تھے، اس زمانے میں ہوازن کے لوگ (ماہر) تیر انداز تھے، جب ہم نے ان پر حملہ کیا تو وہ بکھر گئے، پھر ہم غنیمتوں کی طرف متوجہ ہو گئے تو وہ تیروں کے ساتھ ہمارے سامنے آ گئے۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے سفید خچر پر دیکھا، ابوسفیان بن حارث رضی اللہ عنہ اس کی باگ تھامے ہوئے تھے اور آپ فرما رہے تھے: ”میں نبی ہوں، یہ جھوٹ نہیں، میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں۔“
وحَدَّثَنِي زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَأَبُو بَكْرِ بْنُ خَلَّادٍ ، قَالُوا : حَدَّثَنَا يَحْيَي بْنُ سَعِيدٍ ، عَنْ سُفْيَانَ ، قَالَ : حَدَّثَنِي أَبُو إِسْحَاقَ ، عَنْ الْبَرَاءِ ، قَالَ : قَالَ لَهُ رَجُلٌ يَا أَبَا عُمَارَةَ : ، فَذَكَرَ الْحَدِيثَ وَهُوَ أَقَلُّ مِنْ حَدِيثِهِمْ وَهَؤُلَاءِ أَتَمُّ حَدِيثًا .سفیان سے روایت ہے، انہوں نے کہا: مجھے ابواسحاق نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے حدیث بیان کی، کہا: ایک آدمی نے ان سے پوچھا: ابوعمارہ!۔۔۔ اور (آگے) حدیث بیان کی، ان کی حدیث ان سب (ابوخیثمہ، زکریا اور شعبہ) کی حدیث سے (تفصیلات میں) کم ہے اور ان سب کی حدیث زیادہ مکمل ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
أَخِفَّائُهُم: خفيف کی جمع ہے، جلد باز، جوشیلہ۔
(2)
حُسَّر: حاسر کی جمع ہے، ننگے سر مراد ہے، جن کے پاس دفاعی اسلحہ نہ تھا۔
(3)
رَشَقُوهُم رَشقًا: انہوں نے انتہائی زور سے تیر اندازی کی۔
فوائد ومسائل: چونکہ جنگ حنین میں سب لوگ نہیں بھاگے تھے، خاص طور پر لشکر کا سپہ سالار، دشمن کے مقابلہ میں ڈٹا ہوا، آگے بڑھ رہا تھا، اس لیے حضرت براء رضی اللہ عنہ نے، بعض صحابہ کے بھاگنے کو کوئی اہمیت نہیں دی کیونکہ وہ بھی آواز سن کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف پلٹ آئے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی نسبت، والد کے بجائے عبدالمطلب کی طرف کی، کیونکہ وہ معروف و مشہور شخصیت تھی اور لوگوں میں یہ بات پھیلی ہوئی تھی کہ عبدالمطلب کی اولاد میں ایک نبی ہو گا، جو غالب آئے گا، اور ایک عظیم مقام و مرتبہ کا حامل ہو گا، اس طرح آپ نے ان کو یاد دلایا، میں وہی ہوں، اس لیے غالب آ کر رہوں گا، میدان سے بھاگنے والا نہیں ہوں۔
مولانا وحید الزماں مرحوم نے اس کا ترجمہ شعرمیں یوں کیا ہے: ہوں میں پیغمبر بلا شک و خطر اور عبدالمطلب کا ہوں پسر مزید تفصیل جنگ حنین کے حالات میں آئے گی۔
إن شاء اللہ تعالیٰ
معلوم ہوا کہ دوران جہاد میں کسی دوسرے سے مدد لی جا سکتی ہے اس میں کوئی حرج نہیں لیکن غنیمت میں صرف گھوڑے کے مالک کو حصہ ملے گا۔
لگام تھامنے سے اس کا استحقاق ثابت نہیں ہو گا۔
یہ خدمت گزاری فی سبیل اللہ شمار ہو گی۔
واللہ أعلم۔
﴿وَّيَوْمَ حُنَيْنٍ اِذْ اَعْجَبَتْكُمْ كَثْرَتُكُمْ ﴾ (التوبة: 25)
یعنی حنین کی لڑائی میں تم کو تمہاری کثرت نے گھمنڈو غرور میں ڈال دیا تھا جس کا نتیجہ یہ کہ تمہاری کثرت نے تم کو کچھ بھی فائدہ نہیں پہنچایا اور قبیلہ ہوازن کے تیر اندازوں نے عام مسلمانوں کے منہ موڑ دئیے۔
بعد میں رسول کریمﷺ کی استقامت و بہادری نے اکھڑے ہوئے مجاہدین کے دل بڑھا دئیے اور ذرا سی ہمت و بہادری نے میدان جنگ کا نقشہ بدل دیا‘ اس موقع پر آنحضرتﷺ نے أنا النبيُ لا کَذب کا نعرہ بلند فرمایا‘ میدان جنگ میں ایسے قومی نعرے بلند کرنا مذموم نہیں ہے۔
حضرت امام بخاریؒ کا یہی مقصد ہے۔
1۔
اپنے قول یا فعل سے بہادری اور شجاعت کا اظہار کرنا دور جاہلیت کا وتیرہ تھا۔
نیز اس دور میں اپنے باپ دادا کی نسبت سے فخر کیا جاتا تھا جس سے اسلام نے منع فرمایاہے۔
البتہ میدان جنگ میں دشمن کو مرعوب کرنے اور اپنے ساتھیوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے ایسا کرنا جائز ہے جیسا کہ رسول اللہ ﷺنے غزوہ حنین کے موقع پر خود کو اپنے دادا کی طرف منسوب کیا جو بہادری اور شجاعت میں اونچا مقام رکھتے تھے نیز حضرت سلمہ ابن اکوع ؓنے بھی ایسا کیا۔
2۔
امام بخارى ؒ کا مقصد ہے کہ ذاتی طور پر ایسا کرنا اگرچہ معیوب ہے لیکن کسی عظیم مقصد کے پیش نظر یہ انداز اختیار کرنے میں چنداں حرج نہیں اور میدان جنگ میں قومی نعرہ لگانا مذموم نہیں ہے۔
واللہ أعلم۔
اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جہاد میں مناسب طور پر آباء و اجداد کی بہادری کا ذکر کیا جاسکتا ہے۔
جنگ حنین ماہ شوال ۸ ھ میں قبائل ہوازن و ثقیف کے جارحانہ حملوں کی مدافعت کے لئے لڑی گئی تھی۔
دشمنوں کی تعداد چار ہزار کے قریب تھی اور اسلامی لشکر بارہ ہزار پر مشتمل تھا اور اسی کثرت تعدادکے گھمنڈ میں اسلام مراحل حزم و احتیاط سے غافل ہوگیا تھا جس کی پاداش فرار کی صورت میں بھگتنی پڑی‘ بعد میں جلد ہی مسلمان سنبھل گئے اور آخر میں مسلمانوں کی ہی فتح ہوئی۔
مزید تفصیل اپنے مقام پر آئے گی۔
1۔
امام بخاری ؓنے مذکورہ حدیث اس مقصد کے لیے ذکر کی ہے کہ اس میں سفید خچر کا ذکر ہے صحیح مسلم میں ہے یہ خچر آپ ﷺ کو کو فروہ نفاثہ نے بطور ہدیہ دیا تھا۔
(صحیح البخاري، الجهاد والسیر، حدیث 1775)
بعض سیرت نگاروں نے لکھا ہے۔
جس خچر پر آپ نے حنین کے دن سواری کی تھی اس کا نام دلدل تھا اور مقوقش نے اپ کو تحفہ میں دیا تھا۔
اور جو خچر فروہ نے پیش کیا تھا اس کانام فضہ تھا۔
ہمارے رجحان کے مطابق صحیح مسلم کی روایت راجح اور صحیح ہے کہ مذکورہ خچر حضرت فروہ بن نفاثہ نے دیا تھا۔
(فتح الباري: 92/6)
واللہ أعلم۔
2۔
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جہاد و قتال کے موقع پر مناسب انداز میں اپنے آباء واجداد کی بہادری کا ذکر کیا جا سکتا ہے۔
(فَأَقْبَلُوا هُنَالِكَ)
کے دو مفہوم ہیں۔
’’ایک یہ کہ آپ کے پاس آنے والے وہ نوجوان مسلمان تھے جنھوں نے کفار سے پیٹھ پھیر لی تھی۔
جب یہ لوگ رسول اللہ ﷺکے پاس پہنچے تو کچھ تو اپنے اپنے راستے پر چلے گئے اور کچھ وہیں آپ کے پاس رک گئے آپ نے ان کی دوبارہ صف بندی کی اور ہلابول دیا۔
(حملہ کر دیا)
۔
‘‘ اور دوسرا احتمال یہ ہے۔
’’مسلمانوں کے شکست کھانے کے بعد کفار آپ کے سامنے آئے ہوں اور ان کی طرف سے آپ پر حملہ کرنے کا بیان ہو۔
‘‘ دونوں صورتوں میں یہ بات سامنے آئی کہ ہزیمت کے بعد رسول اللہ ﷺنے اپنے ساتھیوں کی دوبارہ صف بندی کی اور اپنی سواری سے اتر کر اللہ تعالیٰ سے اپنی نصرت و فتح کی دعا مانگی اس دعا کا بیان آئندہ احادیث میں آئے گا۔
تین بنو ہاشم کے ایک حضرت عباس ؓ آپ کے سامنے تھے اور ابو سفیان ؓ آپ کے خچر کی باگ تھامے ہوئے تھے، عبد اللہ بن مسعود ؓ آپ کے دوسری طرف تھے۔
ترمذی کی روایت میں ہے کہ سو آدمی بھی آپ کے ساتھ نہ رہے اورامام احمد اور حاکم کی روایت میں ہے، ابن مسعود ؓ سے کہ سب لوگ بھاگ نکلے صرف اسی (80)
آدمی مہاجرین اور انصار میں سے آپ کے ساتھ رہ گئے۔
مسلم کی روایت میں ہے کہ کافروں نے آپ کو گھیر لیاآپ خچر سے اتر پڑے پھر خاک کی ایک مٹھی لی اور کافروں کے منہ پر ماری، کوئی کافر باقی نہ رہا جس کی آنکھ میں مٹی نہ گھسی ہو۔
آخر میں کافر ہار کر سب بھاگ گئے۔
آپ نے فرمایا''شاھت الوجوہ'' یعنی ان کے منہ کالے ہوں۔
یہ بھی آنحضرت اکے بڑے معجزات میں سے ہے۔
1۔
ایک روایت میں ہے کہ جب مسلمان پیٹھ پھیر کر بھاگ گئے تو رسول اللہ ﷺ نے اپنا خچر کفار کی طرف دوڑایا۔
حضرت عباس ؓ کہتے ہیں کہ میں نے اس کی لگام زور سے پکڑرکھی تھی تاکہ وہ تیزی سے کفار کی صفوں میں گھسنے نہ پائے اور ابو سفیان ؓ نے اس کی رکاب تھام رکھی تھی۔
(صحیح مسلم، الجهاد، حدیث: 4612۔
(1775)
2۔
یہ روایت صحیح بخاری کی روایت کے منافی نہیں کیونکہ ابو سفیان اور حضرت عباس ؓ نے باری باری لگام تھام رکھی تھی۔
ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنے خچر سے اترے، دعا کی اور اللہ سے فتح و نصرت طلب کی۔
آپ کی دعا تھی۔
"اے اللہ!میں تیری مددکا طلب گار ہوں۔
" آخر کار اللہ تعالیٰ نے آپ کو فتح عطا فرمائی اور کفار بھاگ گئے۔
(صحیح مسلم، الجهاد، حدیث: 4616۔
(1776)
مسلم کی روایت ہے کہ کافروں نے آپ کو گھیر لیاآپ خچر پر سے اتر پڑے پھر خاک کی ایک مٹھی لی اور کافروں کے منہ پر ماری فرمایا ﴿شاھتِ الوُجوہُ﴾ کوئی کافر باقی نہ رہا، جس کی آنکھ میں مٹی نہ گھسی ہو۔
آخر شکست پا کر سب بھاگ نکلے۔
شاھت الوجوہ کا معنی ان کے منہ برے سوئے۔
قسطلانی نے کہا یہ آپ کا ایک بڑا معجزہ ہے۔
چار ہزار کافروں کی آنکھوں پر ایک مٹھی خاک کا ایسا اثر پڑنابالکل عادت کے خلاف ہے۔
(مولا ناوحید الزماں)
مترجم کہتا ہے آنحضرت ﷺ کی شجاعت اور بہادری کو اس معنی سے دریافت کر لینا چاہئیے کہ سارے ساتھی بھاگ نکلے، تیروں کی بوچھار ہو رہی ہے اور آپ خچر پر میدان میں جمے ہوے ہیں۔
ایسے موقعوں پر بڑے بڑے بہادروں کے پاؤں اکھڑ جاتے ہیں۔
اگر آپ کا ہم کوئی معجزہ نہ دیکھیں صرف آپ کے صفات حسنہ اور اخلاق حمیدہ پر غور کرلیں تب بھی آپ کی پیغمبری میں کوئی شک نہیں رہتا۔
شجاعت ایسی، سخاوت ایسی کہ کسی سائل کو محروم نہ کر تے۔
لاکھ روپیہ آیا تو سب کا سب اسی وقت بانٹ دیا۔
ایک روپیہ بھی اپنے لیے نہیں رکھا۔
ایک دفعہ گھر میں ذرا سا سونا رہ گیا تھا تونماز کا سلام پھیر تے ہی تشریف لے گئے اس کو بانٹ دیا پھر سنتیں پڑھیں۔
قوت اور طاقت ایسی کہ نوبیویوں سے ایک ہی رات میں صحبت کر آئے۔
صبر اور تحمل ایسا کہ ایک گنوارنے تلوار کھینچ لی مارڈالنا چاہا مگر آپ نے اس پر قابو پاکراسے معاف کر دیا۔
ایک یہودی عورت نے زہر دے دیا مگر اس کو سزا نہ دی، عفت اور پاکدامنی ایسی کہ کسی غیر عورت پر آنکھ تک نہ اٹھائی۔
کیا یہ صفات کسی ایسے شخص میں جمع ہوسکتی ہیں جو مؤ ید من اللہ اور پیغمبر اور ولی نہ ہو بڑا بیو قوف ہے وہ شخص جوآنحضرت ﷺ کی سیرت طیبہ کو پڑھ کر پھر آپ کی نبو ت میں شک کرے۔
معلوم ہو کہ اس کو عقل سے کوئی واسطہ نہیں۔
ایک جاہل ناتربیت یافتہ قوم میںایسے جامع کمالات اور مہذب اور صاحب علم ومعرفت کا وجود بغیر تائید الہی اور تعلیم خداوندی کے ناممکن ہے پھر کیا وجہ ہے کہ حضرت موسی اور حضرت عیسی اور حضرت داؤد ؑ تو پیغمبر ہوںاور حضرت محمد پیغمبر نہ ہوں۔
اللہ تعالی اہل کتاب کو انصاف اور سمجھ دے۔
(وحیدی)
1۔
سائل نے حضرت براء بن عازب ؓ سے جمع کے صیغے سے سوال کیا۔
اس سے یہ وہم ہو سکتا تھا کہ بھاگنے والوں میں رسول اللہ ﷺ بھی شامل تھے، اس لیے حضرت براء بن عازب ؓ نے وضاحت فرمائی کہ رسول اللہ ﷺ نہیں بھاگے تھے۔
2۔
ایک دوسری روایت میں ہے کہ حنین کے موقع پر جب کفار نے رسول اللہﷺ کا گھیراؤ کر لیا تو آپ خچر سے اترے اور مٹی کی مٹھی لے کر ان کی طرف پھینکی تو وہ تمام شکست خوردہ ہو کر بھاگ گئے۔
(صحیح مسلم، الجهاد، حدیث 4619۔
(1777)
بہر حال رسول اللہ ﷺ کے متعلق شکست خوردہ ہونے کا اعتقاد رکھنا جائز نہیں اس پر تمام اہل علم کا اتفاق ہے۔
یعنی حضرت ابو سفیان بن حارث بن عبد المطلب بن ہاشم ؓ نبی کریم ﷺ کے چچا کے بیٹے تھے۔
یہ مکہ فتح ہونے سے پہلے ہی سے نکل کر راستے ہی میں آنحضرت اسے جاکرملے اور اسلام قبول کر لیااور یہ غزوئہ حنین میں ثابت قدم رہے تھے۔
1۔
کسی بھی قوم کی فتح و شکست کا دارو مدار سپہ سالار پر ہوتا ہے حضرت براء بن عازب ؓ کا کہنا ہے اگر ہم بھاگ نکلے تو اس کا کیا اعتبار ہے ہمارے سالار تو اپنی جگہ پر قائم رہے وہ نہیں بھاگے۔
2۔
واضح رہے کہ عبدالمطلب کا قریش میں بہت وقار تھا اور وہ بڑے بہادر تھےاس بن پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "میں بھاگنے والا نہیں ہوں، میں تو بہادر شخص کا بیٹا ہوں۔
" 3۔
حضرت ابو سفیان بن حارث ؓ رسول اللہ ﷺ کے چچا کے بیٹے ہیں۔
یہ مکہ فتح ہونے سے پہلے ہی مسلمان ہو گئے تھے اور غزوہ حنین میں ثابت قدم رہے جیسا کہ اس حدیث کے آخر میں ہے۔
واللہ اعلم۔
(1)
رجل جراد: ٹڈی دل، ٹڈیوں کی جماعت و لشکر۔
(2)
انكَشَفُوا: بکھر گئے یا شکست کھا گئے۔
(3)
اِحمَرَّ البَأسُ: لڑائی سرخ ہو گئی، یعنی زور پکڑ گئی، شدت اختیار کر گئی۔
براء بن عازب رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ہم سے ایک آدمی نے کہا: ابوعمارہ! ۱؎ کیا آپ لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے فرار ہو گئے تھے؟ کہا: نہیں، اللہ کی قسم! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیٹھ نہیں پھیری، بلکہ جلد باز لوگوں نے پیٹھ پھیری تھی، قبیلہ ہوازن نے ان پر تیروں سے حملہ کر دیا تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے خچر پر سوار تھے، ابوسفیان بن حارث بن عبدالمطلب خچر کی لگام تھامے ہوئے تھے ۲؎، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے: ” میں نبی ہوں، جھوٹا نہیں ہوں، میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں ۳۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الجهاد/حدیث: 1688]
وضاحت:
1؎:
یہ براء بن عازب رضی اللہ عنہما کی کنیت ہے۔
2؎:
ابوسفیان بن حارث نبی اکرمﷺ کے چچازاد بھائی ہیں، مکہ فتح ہونے سے پہلے اسلام لے آئے تھے، نبی اکرمﷺ مکہ کی جانب فتح مکہ کے سال روانہ تھے، اسی دوران ابوسفیان مکہ سے نکل کر نبی اکرمﷺ سے راستہ ہی میں جاملے، اور اسلام قبول کرلیا، پھر غزوہ حنین میں شریک ہوئے اور ثبات قدمی کا مظاہرہ کیا۔
3؎:
اس طرح کے موزون کلام آپ ﷺ کی زبان مبارک سے بلاقصد وارادہ نکلے تھے، اس لیے اس سے استدلال کرنا کہ آپ شعر بھی کہہ لیتے تھے درست نہیں، اور یہ کیسے ممکن ہے جب کہ قرآن خود شہادت دے رہا ہے کہ آپ کے لیے شاعری قطعاً مناسب نہیں، عبدالمطلب کی طرف نسبت کی وجہ غالباً یہ ہے کہ یہ لوگوں میں مشہورشخصیت تھی، یہی وجہ ہے کہ عربوں کی اکثریت آپ ﷺ کو ابن عبدالمطلب کہہ کر پکارتی تھی، چنانچہ ضمام بن ثعلبہ رضی اللہ عنہ نے جب آپﷺ کے متعلق پوچھا تو یہ کہہ کر پوچھا: (أيكم ابن عبد المطلب؟)