صحيح مسلم
كتاب الجهاد والسير— جہاد اور اس کے دوران میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اختیار کردہ طریقے
باب رَبْطِ الأَسِيرِ وَحَبْسِهِ وَجَوَازِ الْمَنِّ عَلَيْهِ: باب: قیدی کو باندھنا اور بند کرنا اور اس کو مفت چھوڑ دینا جائز ہے۔
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ ، حَدَّثَنَا لَيْثٌ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ أَبِي سَعِيدٍ ، أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا هُرَيْرَةَ ، يَقُولُ : " بَعَثَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَيْلًا قِبَلَ نَجْدٍ ، فَجَاءَتْ بِرَجُلٍ مِنْ بَنِي حَنِيفَةَ ، يُقَالُ لَهُ ثُمَامَةُ بْنُ أُثَالٍ سَيِّدُ أَهْلِ الْيَمَامَةِ ، فَرَبَطُوهُ بِسَارِيَةٍ مِنْ سَوَارِي الْمَسْجِدِ فَخَرَجَ إِلَيْهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ : " مَاذَا عِنْدَكَ يَا ثُمَامَةُ ؟ ، فَقَالَ : عِنْدِي يَا مُحَمَّدُ خَيْرٌ إِنْ تَقْتُلْ تَقْتُلْ ذَا دَمٍ ، وَإِنْ تُنْعِمْ تُنْعِمْ عَلَى شَاكِرٍ ، وَإِنْ كُنْتَ تُرِيدُ الْمَالَ فَسَلْ تُعْطَ مِنْهُ مَا شِئْتَ ، فَتَرَكَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَتَّى كَانَ بَعْدَ الْغَدِ ، فَقَالَ : مَا عِنْدَكَ يَا ثُمَامَةُ ؟ ، قَالَ : مَا قُلْتُ لَكَ إِنْ تُنْعِمْ تُنْعِمْ عَلَى شَاكِرٍ ، وَإِنْ تَقْتُلْ تَقْتُلْ ذَا دَمٍ ، وَإِنْ كُنْتَ تُرِيدُ الْمَالَ فَسَلْ تُعْطَ مِنْهُ مَا شِئْتَ ، فَتَرَكَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَتَّى كَانَ مِنَ الْغَدِ ، فَقَالَ : مَاذَا عِنْدَكَ يَا ثُمَامَةُ ؟ ، فَقَالَ : عِنْدِي مَا قُلْتُ لَكَ إِنْ تُنْعِمْ تُنْعِمْ عَلَى شَاكِرٍ ، وَإِنْ تَقْتُلْ تَقْتُلْ ذَا دَمٍ ، وَإِنْ كُنْتَ تُرِيدُ الْمَالَ فَسَلْ تُعْطَ مِنْهُ مَا شِئْتَ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : أَطْلِقُوا ثُمَامَةَ ، فَانْطَلَقَ إِلَى نَخْلٍ قَرِيبٍ مِنَ الْمَسْجِدِ فَاغْتَسَلَ ثُمَّ دَخَلَ الْمَسْجِدَ ، فَقَالَ : أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ ، يَا مُحَمَّدُ وَاللَّهِ مَا كَانَ عَلَى الْأَرْضِ وَجْهٌ أَبْغَضَ إِلَيَّ مِنْ وَجْهِكَ فَقَدْ أَصْبَحَ وَجْهُكَ أَحَبَّ الْوُجُوهِ كُلِّهَا إِلَيَّ ، وَاللَّهِ مَا كَانَ مِنْ دِينٍ أَبْغَضَ إِلَيَّ مِنْ دِينِكَ فَأَصْبَحَ دِينُكَ أَحَبَّ الدِّينِ كُلِّهِ إِلَيَّ ، وَاللَّهِ مَا كَانَ مِنْ بَلَدٍ أَبْغَضَ إِلَيَّ مِنْ بَلَدِكَ فَأَصْبَحَ بَلَدُكَ أَحَبَّ الْبِلَادِ كُلِّهَا إِلَيَّ ، وَإِنَّ خَيْلَكَ أَخَذَتْنِي وَأَنَا أُرِيدُ الْعُمْرَةَ فَمَاذَا تَرَى ؟ ، فَبَشَّرَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَمَرَهُ أَنْ يَعْتَمِرَ " ، فَلَمَّا قَدِمَ مَكَّةَ ، قَالَ لَهُ قَائِلٌ : أَصَبَوْتَ ؟ ، فَقَالَ : لَا ، وَلَكِنِّي أَسْلَمْتُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَلَا وَاللَّهِ لَا يَأْتِيكُمْ مِنْ الْيَمَامَةِ حَبَّةُ حِنْطَةٍ حَتَّى يَأْذَنَ فِيهَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ،لیث نے ہمیں سعید بن ابی سعید سے حدیث بیان کی کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہہ رہے تھے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نجد کی جانب گھڑ سواروں کا ایک دستہ بھیجا تو وہ بنوحنفیہ کے ایک آدمی کو پکڑ لائے، جسے ثمامہ بن اثال کہا جاتا تھا، وہ اہل یمامہ کا سردار تھا، انہوں نے اسے مسجد کے ستونوں میں سے ایک ستون کے ساتھ باندھ دیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (گھر سے) نکل کر اس کے پاس آئے اور پوچھا: ”ثمامہ! تمہارے پاس کیا (خبر) ہے؟“ اس نے جواب دیا: اے محمد! میرے پاس اچھی بات ہے، اگر آپ قتل کریں گے تو ایک ایسے شخص کو قتل کریں گے جس کے خون کا حق مانگا جاتا ہے اور اگر احسان کریں گے تو اس پر احسان کریں گے جو شکر کرنے والا ہے۔ اور اگر مال چاہتے ہیں تو طلب کیجئے، آپ جو چاہتے ہیں، آپ کو دیا جائے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے (اس کے حال پر) چھوڑ دیا حتی کہ جب اگلے سے بعد کا دن (آئندہ پرسوں) ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ”ثمامہ! تمہارے پاس (کہنے کو) کیا ہے؟“ اس نے جواب دیا: (وہی) جو میں نے آپ سے کہا تھا، اگر احسان کریں گے تو ایک شکر کرنے والے پر احسان کریں گے اور اگر قتل کریں گے تو ایک خون والے کو قتل کریں گے اور اگر مال چاہتے ہیں تو طلب کیجئے، آپ جو چاہتے ہیں آپ کو وہی دیا جائے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے (اسی حال میں) چھوڑ دیا حتی کہ جب اگلا دن ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ”ثمامہ! تمہارے پاس کیا ہے؟“ اس نے جواب دیا: میرے پاس وہی ہے جو میں نے آپ سے کہا تھا: اگر احسان کریں گے تو ایک احسان شناس پر احسان کریں گے اور اگر قتل کریں گے تو ایک ایسے شخص کو قتل کریں گے جس کا خون ضائع نہیں جاتا، اور اگر مال چاہتے ہیں تو طلب کیجیے، آپ جو چاہتے ہیں وہی آپ کو دیا جائے گا۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ثمامہ کو آزاد کر دو۔“ وہ مسجد کے قریب کھجوروں کے ایک باغ کی طرف گیا، غسل کیا، پھر مسجد میں داخل ہوا اور کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں۔ اے محمد! اللہ کی قسم! روئے زمین پر آپ کے چہرے سے بڑھ کر کوئی چہرہ نہیں تھا جس سے مجھے بغض ہو اور اب آپ کے چہرے سے بڑھ کر کوئی چہرہ نہیں جو مجھے زیادہ محبوب ہو۔ اللہ کی قسم! آپ کے دین سے بڑھ کر کوئی دین مجھے زیادہ ناپسندیدہ نہیں تھا، اب آپ کا دین سب سے بڑھ کر محبوب دین ہو گیا ہے۔ اللہ کی قسم! مجھے آپ کے شہر سے بڑھ کر کوئی شہر برا نہیں لگتا تھا، اب مجھے آپ کے شہر سے بڑھ کر کوئی اور شہر محبوب نہیں۔ آپ کے گھڑسواروں نے مجھے (اس وقت) پکڑا تھا جب میں عمرہ کرنا چاہتا تھا۔ اب آپ کیا (صحیح) سمجھتے ہیں؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں (ایمان کی قبولیت کی) خوشخبری دی اور حکم دیا کہ عمرہ ادا کرے۔ جب وہ مکہ آئے تو کسی کہنے والے نے ان سے کہا: کیا بے دین ہو گئے ہو؟ تو انہوں نے جواب دیا: نہیں، بلکہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اسلام میں داخل ہو گیا ہوں، اور اللہ کی قسم! یمامہ سے گندم کا ایک دانہ بھی تمہارے پاس نہیں پہنچے گا یہاں تک کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی اجازت دے دیں۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرٍ الْحَنَفِيُّ ، حَدَّثَنِي عَبْدُ الْحَمِيدِ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنِي سَعِيدُ بْنُ أَبِي سَعِيدٍ الْمَقْبُرِيّ ، أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا هُرَيْرَةَ ، يَقُولُ : بَعَثَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَيْلًا لَهُ نَحْوَ أَرْضِ نَجْدٍ ، فَجَاءَتْ بِرَجُلٍ يُقَالُ لَهُ ثُمَامَةُ بْنُ أُثَالٍ الْحَنَفِيُّ سَيِّدُ أَهْلِ الْيَمَامَةِ ، وَسَاقَ الْحَدِيثَ بِمِثْلِ حَدِيثِ اللَّيْثِ إِلَّا أَنَّهُ قَالَ : إِنْ تَقْتُلْنِي تَقْتُلْ ذَا دَمٍ .حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے گھڑ سوار سرزمین نجد کی طرف روانہ کیے اور وہ ثمامہ بن اثال حنفی نامی انسان کو پکڑ لائے، جو اہل یمامہ کا سردار تھا، آگے مذکورہ بالا حدیث ہے، صرف یہ فرق ہے کہ یہاں إِنْ تَقْتُل
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
ماذاعندك؟ياثمامه: اے ثمامہ، تیرے خیال میں ہم تیرے ساتھ کیا سلوک کریں گے۔
(2)
إِنْ تقتُل، تَقتُل ذَا دم: اگر قتل کرو گے تو ایک قدروقیمت اور صاحب حیثیت کا خون بہاؤ گے، جس کے خون کا بدلہ لیا جائے اور اس کا خون، اس کے دشمن کے لیے تشفی بخش ہے یا وہ اپنے فعل و حرکت کی بنا پر قتل کا مستحق ہے، اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم قتل کر کے کسی جرم کے مرتکب نہیں ہوں گے۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے، قیدی کو مسجد میں باندھنا اور قید کرنا جائز ہے اور ضرورت یا کسی مقصد کے تحت کسی کافر کو مسجد میں لایا جا سکتا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک کافر کو تین دن تک مسجد میں باندھے رکھا تاکہ وہ مسلمانوں کی سیرت و کردار اور ان کے پیغام سے آگاہ ہو اور اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اسلام لانے کے لیے غسل کی ضرورت ہو، امام مالک، امام احمد کے نزدیک، یہ فرض ہے احناف کے نزدیک مستحب ہے اور شوافع کے نزدیک اگر کافر جنبی ہوا ہو تو واجب ہے، وگرنہ لازم نہیں ہے، مستحب ہے۔
1۔
یہ حدیث پہلے (462)
گزر چکی ہے۔
امام بخاری ؒ اس سے مشرک کے مسجد میں داخل ہونے کا جواز ثابت کر رہے ہیں کہ ثمامہ بن اثال ؓ کو بحالت شرک مسجد میں ستون کے ساتھ باندھ دیا گیا اور تین دن تک وہ مسجد میں محبوس رہے۔
اس سے مسجد میں مشرک کا قیام ثابت ہوا جس میں دخول کا جواز بدرجہ اولیٰ ثابت ہوا۔
بعض اہل علم نے کہا کہ یہ عنوان مکرر ہے، کیونکہ اس سے پہلے قیدی کو مسجد میں باندھنے کا مسئلہ آیا تھا جو دخول کو لازم ہے، لیکن حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں کہ مذکورہ عنوان میں عمومیت ہے، یعنی اس میں مطلق داخل ہونے کا بیان ہے قطع نظر اس کے کہ اسے باندھا جائے یا آزاد چھوڑا جائے۔
نیز باب سابق میں قیدی کے متعلق عموم ہے کہ وہ مسلم ہو یا غیر مسلم۔
(فتح الباري: 724/1)
بہر حال امام بخاری ؒ کا مقصد ہے کہ بوقت ضرورت کفار و مشرکین کو بھی آداب مساجد کی شرائط کے ساتھ مسجدوں میں داخلے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
واللہ أعلم۔
2۔
ابن بطال ؒ نے لکھا ہے کہ جب مشرکین مکہ غزوہ بدر کے قیدیوں کوچھڑانے کے لیے مدینہ منورہ آئے تو انھوں نے مسجد نبوی ہی میں قیام کیا، کیونکہ ان میں جبیر بن مطعم بھی تھے جو رسول اللہ ﷺ کی دوران جماعت میں سنی ہوئی، قراءت کو بعد میں بیان کرتے تھے کہ آپ نے مغرب کی نماز سورہ الطور پڑھی تھی اور حضرت جبیر بن مطعم ؓ اس وقت مشرک تھے، لہٰذا مشرک کسی ضرورت کے پیش نظر مسجد میں داخل ہو سکتا ہے۔
(شرح ابن بطال: 118/2)
کہتے ہیں ثمامہ نے یمامہ جا کر یہ حکم دیا کہ مکہ کے کافروں کو غلہ نہ بھیجا جائے۔
آخر مکہ والوں نے مجبور ہوکر آنحضرت ﷺ کو لکھا کہ آپ اقرباء کی پرورش کرتے ہیں، صلہ رحمی کا حکم دیتے ہیں، ثمامہ نے ہماراغلہ کیوں روک دیا ہے۔
اسی وقت آپ نے ثمامہ کو اجازت دی کہ مکہ غلہ بھیجنا ہو تو ضرور بھیجو۔
إِنْ تَقْتُلْنِي تَقْتُلْ ذَا دَمٍ کا بعضوں نے یوں ترجمہ کیا ہے اگر آپ مجھ کو مار ڈالیں گے تو ایک ایسے شخص کو مار دیں گے جس کا خون بے کار نہ جائے گا۔
یعنی میری قوم والے میرا بدلہ لے لیں گے۔
حافظ صاحب فرماتے ہیں: وَفِي قِصَّةِ ثُمَامَةَ مِنَ الْفَوَائِدِ رَبْطُ الْكَافِرِ فِي الْمَسْجِدِ وَالْمَنُّ عَلَى الْأَسِيرِ الْكَافِرِ وَتَعْظِيمُ أَمْرِ الْعَفْوِ عَنِ الْمُسِيءِ لِأَنَّ ثُمَامَةَ أَقْسَمَ أَنَّ بُغْضَهُ انْقَلَبَ حُبًّا فِي سَاعَةٍ وَاحِدَةٍ لِمَا أَسَدَاهُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَيْهِ مِنَ الْعَفْوِ وَالْمَنِّ بِغَيْرِ مُقَابِلٍ وَفِيهِ الِاغْتِسَالُ عِنْدَ الْإِسْلَامِ وَأَنَّ الْإِحْسَانَ يُزِيلُ الْبُغْضَ وَيُثَبِّتُ الْحُبَّ وَأَنَّ الْكَافِرَ إِذَا أَرَادَ عَمَلَ خَيْرٍ ثُمَّ أَسْلَمَ شَرَعَ لَهُ أَنْ يَسْتَمِرَّ فِي عَمَلِ ذَلِكَ الْخَيْرِ وَفِيهِ الْمُلَاطَفَةُ بِمَنْ يُرْجَى إِسْلَامُهُ مِنَ الْأُسَارَى إِذَا كَانَ فِي ذَلِكَ مَصْلَحَةٌ لِلْإِسْلَامِ وَلَا سِيَّمَا مَنْ يَتْبَعُهُ عَلَى إِسْلَامِهِ الْعَدَدُ الْكَثِيرُ مِنْ قَوْمِهِ وَفِيهِ بَعْثُ السَّرَايَا إِلَى بِلَادِ الْكُفَّارِ وَأَسْرُ مَنْ وُجِدَ مِنْهُمْ وَالتَّخْيِيرُ بَعْدَ ذَلِكَ فِي قَتْلِهِ أَوِ الْإِبْقَاءِ عَلَيْهِ (فتح الباری)
یعنی ثمامہ کے قصے میں بہت سے فوائد ہیں اس سے کافر کا مسجد میں قید کر نا بھی ثابت ہوا (تاکہ وہ مسلمانوں کی نماز و غیرہ دیکھ کر اسلام کی رغبت کر سکے)
اور کافر قیدی پر احسان کرنا بھی ثابت ہوا اور برائی کرنے والے کے ساتھ بھلائی کرنا ایک بڑی نیکی کے طور پر ثابت ہوا۔
اس لیے کہ ثمامہ نے نبی کریم ﷺ کے احسان وکرم کو دیکھ کر کہا تھا کہ ایک ہی گھڑی میں اس کے دل کا بغض جو آنحضرت ﷺ کی طرف سے اس کے دل میں تھا، وہ محبت سے بدل گیا۔
اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ کافر اگر کوئی نیک کا م کرتا ہوا مسلمان ہوجائے تو اسلام قبول کرنے کے بعد بھی اسے وہ نیک عمل جاری رکھنا چاہئیے اور اس سے یہ بھی ثابت ہواکہ جس قیدی سے اسلام لانے کی امید ہو اس کے ساتھ ہر ممکن نرمی برتنا ضروری ہے۔
جیسا ثمامہ ؓ کے ساتھ کیا گیا اور اس سے بلاد کفار کی طرف بوقت ضرورت لشکر بھیجنا بھی ثابت ہو اور یہ بھی کہ جوان میں پائے جائیں وہ قید کرلیے جائیں بعد میں حسب مصلحت اس کے ساتھ معاملہ کیا جائے۔
1۔
صحابہ کرام ؓ جب ثمامہ بن اثال کو قید کر کے مسجد میں لائے تو رسول اللہ ﷺ نے اپنے اہل خانہ کا تمام کھانا اسے دیا تو اس نے سب کچھ کھا لیا، پھر بھی سیر نہ ہوا لیکن جب وہ مسلمان ہوا تو تھوڑا سا کھانا اس کے لیے کافی ہو گیا۔
صحابہ کرام ؓ نے اس پر اظہار تعجب کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’کافر اپنی سات انتڑیاں بھر کر سیراب ہوتا ہے جبکہ مومن صرف ایک انتڑی بھر کر سیر ہو جاتا۔
'‘‘ (سیرة ابن ہشام: 238/2۔
وفتح الباري: 110/8)
حضرت ثمامہ بن اثال ؓ جب عمرہ کر کے واپس آئے اور یمامہ پہنچ کر اہل یمامہ کو حکم نامہ جاری کردیا کہ اہل مکہ کو غلہ نہ بھیجا جائے تو انھوں نے غلہ روک لیا، آخر اہل مکہ نے تنگ آکر رسول اللہ ﷺ کو خط لکھا کہ آپ تو قرابت داری کا حکم دیتے ہیں اور ہم آپ سے صلہ رحمی کے امیدوار ہیں۔
ہمارے ساتھ یہ سلوک کیوں روا رکھا جا رہا ہے؟ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے ثمامہ کو لکھا کہ وہ دوسرے لوگوں کو مکہ میں غلہ بھیجنے سے منع نہ کرے، چنانچہ اس نے اپنے دوسرے حکم نامے کے ذریعے سے اس پابندی کو ختم کردیا۔
(فتح الباری: 111/8)
اس نے آپ سے ہر بار کہا تھا کہ آپ اگر میرے ساتھ اچھا برتاؤ کریں تو میں اس کی ناقدری نہیں کروں گا چنانچہ یہی ہوا۔
آپ نے اسے بخوشی اعزاز و اکرام کے ساتھ آزاد فرما دیا۔
وہ فوراً ہی ایک کنویں پر گیا اور غسل کرکے آیا اور دائرہ اسلام میں داخل ہو گیا۔
پس ترجمۃ الباب ثابت ہوا کہ بعض حالات میں کسی انسان کا کچھ وقت کے لیے مقید کرنا ضروری ہو جاتا ہے اور ایسی حالت میں یہ گناہ نہیں ہے بلکہ نتیجہ کے لحاظ سے مفید ثابت ہوتا ہے۔
عہد نبوی انسانی تمدن کا ابتدائی دور تھا، کوئی جیل خانہ الگ نہ تھا۔
لہٰذا مسجد ہی سے یہ کام بھی لیا گیا۔
اور اس لیے بھی کہ ثمامہ کو مسلمانوں کو دیکھنے کا بہت ہی قریب سے موقع دیا جائے اور وہ اسلام کی خوبیوں اور مسلمانوں کے اوصاف حسنہ کو بغور معائنہ کرسکے۔
خصوصاً اخلاق محمدی نے اسے بہت ہی زیادہ متاثر کیا۔
سچ ہے: آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری ترجمۃ الباب الفاظ فربطوہ بساریة من سواري المسجد سے نکلتا ہے۔
قاضی شریح جب کسی پر کچھ حکم کرتے اور اس کے بھاگ جانے کا ڈر ہوتا تو مسجد میں اس کو حراست میں رکھنے کا حکم دیتے۔
جب مجلس برخاست کرتے، اگر وہ اپنے ذمے کا حق ادا کردیتا تو اس کو چھوڑ دیتے ورنہ قید خانے میں بھجوا دیتے۔
دوسری روایت میں یوں ہے کہ آپ ہر صبح کو ثمامہ کے پاس تشریف لے جاتے اور اس کا مزاج اور حالات دریافت فرماتے۔
وہ کہتا کہ اگر آپ مجھ کو قتل کرادیں گے تو میرا بدلہ لینے والے لوگ بہت ہیں۔
اور اگر آپ مجھ کو چھور دیں گے تو میں آپ کا بہت بہت احسان مند رہوں گا۔
اور اگر آپ میری آزادی کے عوض روپیہ چاہتے ہیں تو جس قدر آپ فرمائیں گے آپ کو روپیہ دوں گا۔
کئی روز تک معاملہ ایسے ہی چلتا رہا۔
آخر ایک روز رحمۃ للعالمین ﷺ نے ثمامہ کو بلا شرط آزاد کرا دیا۔
جب وہ چلنے لگا تو صحابہ کو خیال ہوا کہ شاید یہ فرار اختیار کر رہا ہے۔
مگر ثمامہ ایک درخت کے نیچے گیا، جہاں پانی موجود تھا۔
وہاں اس نے غسل کیا اور پاک صاف ہو کر دربار رسالت میں حاضر ہوا۔
اور کہا کہ حضور اب میں اسلام قبول کرتا ہوں۔
فوراً ہی اس نے کلمہ شہادت أشهد أن لا إله إلا اللہ و أشهد أن محمداً رسول اللہ پڑھا اور صدق دل سے مسلمان ہو گیا۔
رضي اللہ عنه أرضاہ
(1)
اگر کسی کی طرف سے تخریب کاری کا اندیشہ ہو تو اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔
اسے قید بھی کیا جا سکتا ہے۔
معاشرے کو پرامن رکھنے کے لیے جس شخص سے جرم ثابت ہو جائے، اسے قانون کے مطابق سزا دی جاتی ہے اور جس شخص کی طرف سے اندیشہ ہو کہ وہ امن عامہ تباہ کر سکتا ہے تو حفاظت عامہ کی خاطر اسے بھی قید کیا جا سکتا ہے۔
اسے دور حاضر کی اصطلاح میں پبلک سیفٹی کہتے ہیں جسے آج کل حکومتیں اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔
(2)
عہد نبوی میں کوئی الگ جیل خانہ نہ تھا، مسجد ہی سے کام لیا گیا، یہ اس لیے بھی ضروری تھا کہ ثمامہ کو اسلام اور اہل اسلام کو دیکھنے کا بہت قریب سے موقع دیا جائے تاکہ وہ اسلام کی خوبیوں اور اہل اسلام کے اوصاف حسنہ کا بغور مطالعہ کر سکے۔
بالآخر وہ رسول اللہ ﷺ کے خلق عظیم سے متاثر ہو کر مسلمان ہو گیا۔
امام بخاری ؒ نے اس واقعے سے یہ ثابت کیا ہے کہ بعض اوقات کسی انسان کو وقتی طور پر قید کرنا ضروری ہوتا ہے اور ایسا کرنا گناہ نہیں بلکہ نتیجے اور انجام کے لحاظ سے مفید ثابت ہوتا ہے۔
یہ باب لا کر امام بخاری ؒنے رد کیا ہے جو ابن ابی شیبہ نے طاؤس سے روایت کیا کہ وہ مکہ میں کسی کو قید کرنا برا جانتے تھے۔
(1)
حضرت طاؤس حرم میں کسی کو قید کرنا مکروہ خیال کرتے تھے کہ اللہ کے گھر جس میں ہر وقت اللہ کی رحمت کا نزول ہوتا ہے وہاں کسی کو سزا دی جائے یا سزا کے طور پر اسے قید کیا جائے مناسب معلوم نہیں ہوتا۔
امام بخاری ؒ نے اس موقف کی تردید میں مذکورہ عنوان قائم کیا ہے اور حدیث سے ثابت کیا ہے کہ مسجد نبوی کے ستونوں سے یہ کام لیا گیا ہے۔
اس لیے حرم میں قید کرنے کا جواز ثابت ہوتا ہے۔
(2)
دراصل عباسیوں کے دور تک قید خانہ کے سسٹم نے کوئی ترقی نہیں کی تھی، قیدیوں کے کھانے پینے کا کوئی انتظام نہیں تھا، شام کے وقت انہیں چھوڑ دیا جاتا تاکہ وہ اپنے کھانے پینے کا بندوبست کر لیں۔
بڑے شریف قسم کے قیدی تھے، کھا پی کر قید خانے میں واپس آ جاتے تھے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ سواروں کو قبیلہ نجد کی جانب بھیجا، تو وہ قبیلہ بنی حنیفہ کے ثمامہ بن اثال نامی ایک شخص کو (گرفتار کر کے) لائے، جو اہل یمامہ کا سردار تھا، اسے مسجد کے کھمبے سے باندھ دیا گیا، یہ ایک لمبی حدیث کا اختصار ہے۔ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 713]
➋ قصۂ ثمامہ بن اثال رضی اللہ عنہ کی یہ روایت تو مختصر ہے لیکن صحیحین میں اس واقعے کی تفصیلی روایت موجود ہے۔ دیکھیے: [صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4372، و صحیح مسلم، الجھاد، حدیث: 1764]
«. . . وعن ابي هريرة رضي الله عنه- فى قصة ثمامة بن اثال عندما اسلم- وامره النبى صلى الله عليه وآله وسلم ان يغتسل . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ثمامہ بن اثال رضی اللہ عنہ کے اسلام لانے کے واقعہ کے متعلق مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے غسل کرنے کا حکم ارشاد فرمایا . . ." [بلوغ المرام/كتاب الطهارة/باب الغسل وحكم الجنب: 99]
➊ کافر جب اسلام کے لیے آمادہ ہو تو پہلے اسے غسل کرنا چاہیے۔
➋ یہ غسل واجب ہے یا مسنون و مستحب، اس میں بھی علماء کے مابین اختلاف ہے۔ امام مالک اور امام احمد رحمہما اللہ کے نزدیک واجب ہے۔ امام شافعی اور امام ابوحنیفہ رحمہما اللہ اسے مستحب سمجھتے ہیں۔
راوئ حدیث: سیدنا ثمامہ بن اثال رضی اللہ عنہ دونوں لفظوں کے پہلے حرف پر ضمہ ہے اور دوسرا حرف تخفیف کے ساتھ ہے۔ یمامہ کے قبیلے بنو حنیفہ کے فرد تھے اور سرداری کے منصب پر فائز تھے۔ عمرہ ادا کرنے نکلے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے شاہ سواروں کے ہاتھوں گرفتار ہوئے۔ وہ انہیں مدینہ منورہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں لائے اور انہیں مسجد نبوی کے ایک ستون کے ساتھ باندھ دیا گیا۔ تین دن بعد نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بطور احسان انہیں آزاد کر دیا۔ اس کے بعد یہ مسلمان ہو گئے اور اسلام کا بہت عمدہ ثبوت دیا۔ جن دنوں لوگ مرتد ہو رہے تھے یہ بڑی مضبوطی اور ثابت قدمی سے اسلام پر ڈٹے رہے۔ جب ان کی قوم کے لوگ مسلیمہ کذاب کے فتنے کا شکار ہو گئے تو یہ ان کے خلاف بڑے حوصلے اور عزم و ہمت سے ثابت قدم رہے۔