وحَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ يَحْيَى التَّمِيمِيُّ ، أَخْبَرَنَا هُشَيْمٌ ، عَنْ مَنْصُورٍ ، عَنْ الْحَسَنِ ، عَنْ حِطَّانَ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ الرَّقَاشِيِّ ، عَنْ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " خُذُوا عَنِّي خُذُوا عَنِّي ، قَدْ جَعَلَ اللَّهُ لَهُنَّ سَبِيلًا الْبِكْرُ بِالْبِكْرِ جَلْدُ مِائَةٍ ، وَنَفْيُ سَنَةٍ ، وَالثَّيِّبُ بِالثَّيِّبِ جَلْدُ مِائَةٍ وَالرَّجْمُ " ،یحییٰ بن یحییٰ تمیمی نے کہا: ہشیم نے ہمیں منصور سے خبر دی، انہوں نے حسن سے، انہوں نے حطان بن عبداللہ رقاشی سے اور انہوں نے حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھ سے سیکھ لو، مجھ سے سیکھ لو، مجھ سے سیکھ لو (جس طرح اللہ نے فرمایا تھا: "یا اللہ ان کے لیے کوئی راہ نکالے۔" (النساء: 15: 4)) اللہ نے ان کے لیے راہ نکالی ہے، کنوارا، کنواری سے (زنا کرے) تو (ہر ایک کے لیے) سو کوڑے اور ایک سال کی جلا وطنی ہے اور شادی شدہ سے زنا کرے تو (ہر ایک کے لیے) سو کوڑے اور رجم ہے۔“
وحَدَّثَنَا عَمْرٌو النَّاقِدُ ، حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ ، أَخْبَرَنَا مَنْصُورٌ بِهَذَا الْإِسْنَادِ مِثْلَهُ .عمرو الناقد نے کہا: ہمیں ہشیم نے حدیث بیان کی، کہا: ہمیں منصور نے اسی سند کے ساتھ اسی کے مانند خبر دی۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَابْنُ بَشَّارٍ جَمِيعًا ، عَنْ عَبْدِ الْأَعْلَى ، قَالَ ابْنُ الْمُثَنَّى : حَدَّثَنَا عَبْدُ الْأَعْلَى ، حَدَّثَنَا سَعِيدٌ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ الْحَسَنِ ، عَنْ حِطَّانَ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ الرَّقَاشِيِّ ، عَنْ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ ، قَالَ : " كَانَ نَبِيُّ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا أُنْزِلَ عَلَيْهِ كُرِبَ لِذَلِكَ ، وَتَرَبَّدَ لَهُ وَجْهُهُ ، قَالَ : فَأُنْزِلَ عَلَيْهِ ذَاتَ يَوْمٍ ، فَلُقِيَ كَذَلِكَ فَلَمَّا سُرِّيَ عَنْهُ ، قَالَ : خُذُوا عَنِّي فَقَدْ جَعَلَ اللَّهُ لَهُنَّ سَبِيلًا الثَّيِّبُ بِالثَّيِّبِ ، وَالْبِكْرُ بِالْبِكْرِ الثَّيِّبُ جَلْدُ مِائَةٍ ثُمَّ رَجْمٌ بِالْحِجَارَةِ ، وَالْبِكْرُ جَلْدُ مِائَةٍ ثُمَّ نَفْيُ سَنَةٍ " ،سعید نے قتادہ سے، انہوں نے حسن سے، انہوں نے حطان بن عبداللہ رقاشی سے اور انہوں نے حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر جب وحی نازل کی جاتی تو آپ پر اس کی وجہ سے تکلیف (کی کیفیت) طاری ہو جاتی تھی اور آپ کے چہرے کا رنگ تبدیل ہو جاتا تھا، کہا: ایک دن آپ پر وحی نازل کی گئی تو آپ اسی کیفیت سے دوچار ہوئے، جب آپ سے یہ کیفیت دور ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھ سے سیکھ لو، اللہ نے ان (عورتوں) کے لیے راہ نکال دی ہے، شادی شدہ، شادی شدہ سے (زنا کرے) اور کنوارا، کنواری سے (یا کنوارا شادی شدہ سے تو) شادی شدہ کے لیے (سزا) سو کوڑے، پھر پتھروں سے رجم کرنا ہے اور کنوارے کے لیے سو کوڑے پھر ایک سال کی جلا وطنی ہے۔“
وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَابْنُ بَشَّارٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ . ح وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، حَدَّثَنَا مُعَاذُ بْنُ هِشَامٍ ، حَدَّثَنِي أَبِي كِلَاهُمَا ، عَنْ قَتَادَةَ بِهَذَا الْإِسْنَادِ ، غَيْرَ أَنَّ فِي حَدِيثِهِمَا الْبِكْرُ يُجْلَدُ ، وَيُنْفَى ، وَالثَّيِّبُ يُجْلَدُ وَيُرْجَمُ لَا يَذْكُرَانِ سَنَةً وَلَا مِائَةً .شعبہ اور ہشام نے قتادہ سے اسی سند کے ساتھ حدیث بیان کی، البتہ ان دونوں کی حدیث میں ہے: ”کنوارے کو کوڑے لگائے جائیں گے اور جلا وطن کیا جائے گا اور شادی شدہ کو کوڑے لگائے جائیں گے اور رجم کیا جائے گا۔“ ان دونوں نے (جلا وطنی کے لیے) ایک سال اور (کوڑوں کے لیے) ایک سو کا تذکرہ نہیں کیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
البكر: کنوارا، غیر شادی شدہ مرد یا عورت۔
(2)
الثيب: شادی شدہ مرد یا عورت۔
(3)
كُرِبَ: کرب و تکلیف پہنچنا۔
(4)
تَرَبَّد: سیاہی مائل ہو جانا، کیونکہ ربده، سفید چیز کا سیاہی کی طرف تبدیل ہونا ہے۔
(5)
السبيل: قرآن مجید میں سورہ نساء آیت نمبر 15 میں بدکار عورت کی سزا بیان کرتے ہوئے فرمایا گیا تھا، (انہیں گھروں میں بند رکھو حتیٰ کہ انہیں موت آ جائے یا اللہ تعالیٰ ان کے لیے کوئی سبیل راہ یعنی نیا حکم جاری فرما دے)
اور اس حدیث میں اس سبیل کی تعیین یا وضاحت کر دی گئی ہے، جو اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے مقرر کی ہے اور اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی قرآن کے سوا حدیث و سنت کی شکل میں بھی اترتی تھی، جس پر آپ قرآن ہی کی طرح عمل کرتے تھے۔
اس وحی میں یہ حکم بیان کیا گیا ہے کہ اگر مرد یا عورت غیر شادی شدہ ہو تو اس کی سزا سو (100)
کوڑے اور ایک سال کے لیے شہر بدری ہے اور اگر وہ شادی شدہ ہوں تو ان کے لیے سو کوڑے اور سنگسار کرنا ہے، ائمہ میں اس کی تفصیلات میں کچھ اختلاف ہے، غیر شادی شدہ مرد ہو یا عورت، اس کی سزا سو کوڑے ہے، اس پر اتفاق ہے، لیکن جلا وطنی کے بارے میں مندرجہ ذیل نظریات ہیں: (1)
مرد اور عورت دونوں کو ایک سال کے لیے شہر بدر کیا جائے گا، جیسا کہ حدیث کا تقاضا ہے، امام شافعی، امام احمد، اسحاق، ابوثور، ابن ابی لیلی، سفیان ثوری، عطاء، طاوس رحمہم اللہ کا یہی موقف ہے، خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کا اس پر عمل تھا۔
(2)
امام مالک اور امام اوزاعی کے نزدیک جلا وطنی صرف مرد کے لیے ہے، عورت دوسری جگہ اپنی حفاظت نہیں کر سکتی۔
اس لئے اس کو جلا وطن نہیں کیا جائے گا۔
(3)
شہر بدری یہ حد میں داخل نہیں ہے، یہ ایک تعزیری حکم ہے، جو حاکم و قاضی کی صوابدید پر موقوف ہے، امام ابو حنیفہ اور امام محمد کا یہی نظریہ ہے۔
(تفصیل کے لیے دیکھئے (المغني، ج 12، ص 322 تا 335، مسئلہ نمبر 1553)
2۔
شادی شدہ زانی کا حکم: اگر شادی شدہ مرد یا شادہ شدہ عورت زنا کا ارتکاب کرتی ہے تو خارجیوں کے سوا بالاتفاق اہل سنت کے نزدیک ان کو رجم (سنگسار)
کر دیا جائے گا، لیکن اس میں اختلاف ہے کہ کیا رجم سے پہلے سو کوڑے لگائے جائیں گے یا نہیں، امام احمد کا ایک قول یہی ہے کہ پہلے (100)
کوڑے لگائے جائیں گے، پھر سنگسار کریں گے، جیسا کہ اس روایت میں بیان ہوا ہے، حضرت ابن عباس، حضرت ابن ابی کعب اور ابو ذر رضی اللہ عنہم کا یہی نظریہ تھا اور حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اپنی خلافت میں اس پر عمل کیا تھا، حسن بصری، اسحاق، داود اور ابن المنذر کا قول بھی یہی ہے، لیکن حضرت عمر، عثمان، ابن مسعود رضی اللہ عنہم اور نخعی، زہری، اوزاعی، مالک، شافعی اور احناف کا موقف یہ ہے اور امام احمد کا دوسرا قول بھی یہی ہے کہ سنگسار کیا جائے گا کوڑے مارنا ضروری نہیں ہے، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ماعز اور غامدیہ عورت کو کوڑے نہیں لگائے تھے، اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت انیس رضی اللہ عنہ کو جس عورت کی طرف بھیجا تھا تو انہیں فرمایا تھا، اگر وہ اعتراف کر لے تو اسے رجم کر دینا، کوڑے مارنے کا حکم نہیں دیا، یہ متفق علیہ روایت ہے، (تفصیل کے لیے، دیکھئے المغنی، ج 12، ص 313، مسئلہ 551، الفصل الثانی، فتح الباری، ج 12، ص 145)
۔
امام شاہ ولی اللہ نے مسوی شرح موطاء ج 2 ص 135 پر لکھا ہے، امام رجم اور کوڑے دونوں سزائیں دینا چاہے تو دے سکتا ہے، لیکن بہتر یہ ہے کہ وہ رجم پر اکتفا کرے، کیونکہ اصل مقصد تو اس کو عبرت بنانا اور اس کو ختم کرنا ہے، جو رجم سے حاصل ہو جاتا ہے۔
" دو سزائیں جمع ہو جائیں تو ان میں سے ہلکی کو شدید کے اندر جمع کرنا ممکن ہے، اس لیے امام کا موقع و محل یا حالات ظروف کے مطابق عمل کرنا چاہیے، اگر دونوں حدوں کو جمع کرنا مناسب ہو تو اس پر عمل کرے جیسا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے دونوں سزاؤں کو جمع کیا، اگر حالات کی روشنی میں سنگسار کرنا کافی ہو تو اس پر اکتفا کرے، جیسا کہ ماعز اور غامدیہ یا عسیف رضی اللہ عنہ کے واقعہ میں کیا گیا ہے، هذا ما عندي والله اعلم بالصواب
عبادہ بن صامت رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” (دین خاص طور پر زنا کے احکام) مجھ سے سیکھ لو، اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے ۱؎ راہ نکال دی ہے: شادی شدہ مرد شادی شدہ عورت کے ساتھ ملوث ہو تو سو کوڑوں اور رجم کی سزا ہے، اور کنوارا کنواری کے ساتھ زنا کا مرتکب ہو تو سو کوڑوں اور ایک سال کی جلا وطنی کی سزا ہے۔“ [سنن ترمذي/كتاب الحدود/حدیث: 1434]
وضاحت:
1؎:
جنہیں زنا کے جرم میں گھروں میں قید رکھنے کا حکم دیا گیا تھا اور اللہ کے حکم کا انتظار کرنے کے لیے کہا گیا تھا، اللہ نے ایسے لوگوں کے لیے راہ نکال دی ہے، اس سے اشارہ اس آیت کی طرف ہے ﴿وَاللاَّتِي يَأْتِينَ الْفَاحِشَةَ مِن نِّسَآئِكُمْ فَاسْتَشْهِدُواْ عَلَيْهِنَّ أَرْبَعةً مِّنكُمْ فَإِن شَهِدُواْ فَأَمْسِكُوهُنَّ فِي الْبُيُوتِ حَتَّىَ يَتَوَفَّاهُنَّ الْمَوْتُ أَوْ يَجْعَلَ اللّهُ لَهُنَّ سَبِيلاً﴾ (النساء: 15) (یعنی تمہاری عورتوں میں سے جو بے حیائی کا کام کریں ان پر اپنے میں سے چار گواہ طلب کرو، اگر وہ گواہی دیں تو ان عورتوں کو گھروں میں قید رکھو، یہاں تک کی موت ان کی عمریں پوری کردے، یا اللہ تعالیٰ ان کے لیے کوئی اور راستہ نکالے)، یہ ابتدائے اسلام میں بدر کا عورتوں کی وہ عارضی سزا ہے جب زنا کی سزا متعین نہیں ہوئی تھی۔
2؎:
جمہور علماء اور ائمہ اربعہ کایہی قول ہے کہ کوڑے کی سزا اور رجم دونوں اکٹھا نہیں ہو سکتے، کیونکہ قتل کے ساتھ اگر کئی حدود ایک ساتھ جمع ہوجائیں توصرف قتل کافی ہوگا اور باقی حدود ساقط ہوجائیں گی۔
(واللہ اعلم)
عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” (دین کے احکام) مجھ سے سیکھ لو، اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے (جنہیں زنا کے جرم میں گھروں میں قید رکھنے کا حکم دیا گیا تھا، اور اللہ کے حکم کا انتظار کرنے کے لیے کہا گیا تھا) راہ نکال دی ہے: کنوارا کنواری کے ساتھ زنا کا مرتکب ہو تو سو کوڑوں اور ایک سال کی جلا وطنی کی سزا ہے، اور شادی شدہ مرد شادی شدہ عورت کے ساتھ زنا کرے ہو تو سو کوڑوں اور رجم کی سزا ہے “ ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الحدود/حدیث: 2550]
فوائد ومسائل: ارشاد نبوی: اللہ نےان کے لیے ایک راستہ مقرر کردیا ہے۔
سے اس آیت مبارکہ کی طرف اشارہ ہے جس میں یہ حکم نازل ہواتھا: ﴿وَاللَّاتِي يَأْ تِينَ الْفَاحِشَةَ مِن نِّسَائِكُمْ فَاسْتَشْهِدُوا عَلَيْهِنَّ أَرْبَعَةً مِّنكُمْ ۖ فَإِن شَهِدُوا فَأَمْسِكُوهُنَّ فِي الْبُيُوتِ حَتَّىٰ يَتَوَفَّاهُنَّ الْمَوْتُ أَوْ يَجْعَلَ اللَّـهُ لَهُنَّ سَبِيلًا﴾ ترجمہ: تمہاری عورتوں میں سے جو بے حیائی کا کام کریں ان پر اپنے میں سے چار گواه طلب کرو، اگر وه گواہی دیں تو ان عورتوں کو گھروں میں قید رکھو، یہاں تک کہ موت ان کی عمریں پوری کردے، یا اللہ تعالیٰ ان کے لئے کوئی اور راستہ نکالے۔
(2)
رسول اللہ ﷺنے شادی شدہ زانیوں كو صرف سنگ ساری کی سزا دى کوڑے نہیں لگوائے۔
جیساکہ حدیث: 2549میں بیان ہوا۔
اس سےمعلوم ہوتا ہے کوڑوں کی سزاسنگ ساری میں مدغم ہوگئی۔
(3)
غیر شادی شدہ کی سزا سوکوڑے مارنا ہےاس کے علاوہ ایک سال کے لیے وطن سے دور بھیجنا ہےتاکہ ماحول تبدیل ہونے سے گناہ کی ترغیب ختم ہو جائے۔
آج کے دورمیں سزائے قید کو جلاوطنی کےمتبادل قرار دیا جا سکتا ہے بشرطیکہ جیل کا ماحول جرائم کی حوصلہ افزائی کرنے والا نہ ہو۔