صحيح مسلم
كتاب الهبات— عطیہ کی گئی چیزوں کا بیان
باب تَحْرِيمِ الرُّجُوعِ فِي الصَّدَقَةِ وَالْهِبَةِ بَعْدَ الْقَبْضِ إِلاَّ مَا وَهَبَهُ لِوَلَدِهِ وَإِنْ سَفَلَ: باب: صدقہ دے کر لوٹانا حرام ہے۔
حَدَّثَنِي إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى الرَّازِيُّ ، وَإِسْحَاق بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، قَالَا : أَخْبَرَنَا عِيسَى بْنُ يُونُسَ ، حَدَّثَنَا الْأَوْزَاعِيُّ ، عَنْ أَبِي جَعْفَرٍ مُحَمَّدِ بْنِ عَلِيٍّ ، عَنْ ابْنِ الْمُسَيَّبِ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ : أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " مَثَلُ الَّذِي يَرْجِعُ فِي صَدَقَتِهِ ، كَمَثَلِ الْكَلْبِ يَقِيءُ ثُمَّ يَعُودُ فِي قَيْئِهِ فَيَأْكُلُهُ " ،عیسیٰ بن یونس نے ہمیں خبر دی: ہمیں اوزاعی نے ابوجعفر محمد بن علی سے حدیث بیان کی، انہوں نے ابن مسیب سے، انہوں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اور انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی، آپ نے فرمایا: ”اس شخص کی مثال جو صدقہ واپس لیتا ہے اس کتے کی طرح ہے جو قے کرتا ہے، پھر اپنی قے کی طرف لوٹتا ہے اور کھاتا ہے۔“
وحَدَّثَنَاه أَبُو كُرَيْبٍ مُحَمَّدُ بْنُ الْعَلَاءِ ، أَخْبَرَنَا ابْنُ الْمُبَارَكِ ، عَنْ الْأَوْزَاعِيِّ ، قَالَ : سَمِعْتُ مُحَمَّدَ بْنَ عَلِيِّ بْنِ الْحُسَيْنِ يَذْكُرُ بِهَذَا الْإِسْنَادِ نَحْوَهُ ،امام صاحب یہی روایت اپنے ایک اور استاد سے بیان کرتے ہیں۔
وحَدَّثَنِيهِ حَجَّاجُ بْنُ الشَّاعِرِ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الصَّمَدِ ، حَدَّثَنَا حَرْبٌ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى وَهُوَ ابْنُ أَبِي كَثِيرٍ ، حَدَّثَنِي عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عَمْرٍو : أَنَّ مُحَمَّدَ ابْنَ فَاطِمَةَ بِنْتِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَدَّثَهُ بِهَذَا الْإِسْنَادِ نَحْوَ حَدِيثِهِمْ .یحییٰ بن ابی کثیر نے ہمیں حدیث بیان کی: مجھے عبدالرحمان بن عمرو نے حدیث بیان کی کہ انہیں فاطمہ بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرزند (پڑپوتے)، محمد (الباقر) نے یہ حدیث اسی سند کے ساتھ انہی کی حدیث کی طرح بیان کی۔
وحَدَّثَنِي هَارُونُ بْنُ سَعِيدٍ الْأَيْلِيُّ ، وَأَحْمَدُ بْنُ عِيسَى ، قَالَا : حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، أَخْبَرَنِي عَمْرٌو وَهُوَ ابْنُ الْحَارِثِ ، عَنْ بُكَيْرٍ : أَنَّهُ سَمِعَ سَعِيدَ بْنَ الْمُسَيِّبِ ، يَقُولُ : سَمِعْتُ ابْنَ عَبَّاسٍ ، يَقُولُ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " إِنَّمَا مَثَلُ الَّذِي يَتَصَدَّقُ بِصَدَقَةٍ ثُمَّ يَعُودُ فِي صَدَقَتِهِ ، كَمَثَلِ الْكَلْبِ يَقِيءُ ثُمَّ يَأْكُلُ قَيَاهُ " .حضرت ابن عباس رضی الله تعالی عنہما بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا، ”اس انسان کی تمثیل جو صدقہ کرتا ہے، پھر اپنے صدقہ کو واپس لے لیتا ہے اس کتے کی طرح ہے، جو قے کرتا ہے پھر اپنی قے چاٹ لیتا ہے۔‘‘
وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَمُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، سَمِعْتُ قَتَادَةَ ، يُحَدِّثُ عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيِّبِ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، أَنَّهُ قَالَ : " الْعَائِدُ فِي هِبَتِهِ كَالْعَائِدِ فِي قَيْئِهِ " ،شعبہ نے ہمیں حدیث بیان کی: میں نے قتادہ سے سنا، وہ سعید بن مسیب سے حدیث بیان کر رہے تھے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اور انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپ نے فرمایا: ”اپنے ہبہ کو واپس لینے والا اپنی قے کی طرف لوٹنے والے کی طرح ہے۔“
وحَدَّثَنَاه مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي عَدِيٍّ ، عَنْ سَعِيدٍ ، عَنْ قَتَادَةَ بِهَذَا الْإِسْنَادِ مِثْلَهُ .یہی روایت امام صاحب اپنے ایک اور استاد سے بیان کرتے ہیں۔
وحَدَّثَنَا إِسْحَاق بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، أَخْبَرَنَا الْمَخْزُومِيُّ ، حَدَّثَنَا وُهَيْبٌ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ طَاوُسٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ ، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " الْعَائِدُ فِي هِبَتِهِ كَالْكَلْبِ يَقِيءُ ثُمَّ يَعُودُ فِي قَيْئِهِ " .حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی، آپ نے فرمایا: ”اپنا ہبہ واپس لینے والا کتے کی طرح ہے جو قے کرتا ہے، پھر اپنی قے کی طرف لوٹتا ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
صرف باپ کو اس ہبہ میں رجوع جائز رکھا ہے جووہ اپنی اولاد کو کرے۔
بدلیل دوسری حدیث کے جو اوپر گزر چکی اور حضرت امام ابوحنیفہ ؒ نے اگر اجنبی شخص کو کچھ ہبہ کرے تو اس میں رجوع جائز رکھا ہے جب تک وہ شے موہوب اپنے حال پر باقی ہو اور اس کا عوض نہ ملا ہو۔
(1)
حدیث میں ذکر کردہ مثال سے معلوم ہوتا ہے کہ ہبہ دے کر واپس لینا حرام ہے کیونکہ ہبہ کوئی بچوں کا کھیل نہیں، تاہم کوئی شرعی سبب ہو تو واپس لیا جا سکتا ہے، مثلاً: باپ نے صرف ایک بیٹے کو ہبہ دیا دوسروں کو نظرانداز کر دیا تو اسے چاہیے کہ اپنا ہبہ واپس لے لے۔
حدیث میں ہے: ’’ آدمی کے لیے جائز نہیں کہ وہ اپنا دیا ہوا عطیہ واپس لے، ہاں والد اپنی اولاد کو دیا ہوا عطیہ واپس لینے کا مجاز ہے۔
‘‘ (سنن أبی داود، البیوع، حدیث: 3539) (2)
واضح رہے کہ جس طرح تحفہ واپس لینا حرام ہے اسی طرح کسی شرعی رکاوٹ کے بغیر واپس کرنا بھی مکروہ عمل ہے۔
شرعی رکاوٹوں میں اہل اختیار کو مائل کرنے کے لیے ہدیہ دینا، کاہن کی شیرینی، زانیہ کی اجرت یا کسی حرام چیز سے دیا ہوا ہدیہ شامل ہے، اسے واپس کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ محرم رشتہ داروں کے متعلق ایک حدیث بیان کی جاتی ہے کہ انہیں دیا ہوا عطیہ واپس نہیں لیا جائے گا۔
(المستدرك للحاکم: 2/52)
یہ حدیث ضعیف اور ناقابل استدلال ہے۔
واللہ أعلم
اہل حدیث کا یہی قول ہے اور امام ابو حنیفہ کے نزدیک جب رجوع جائز ہوا گو مکروہ ان کے نزدیک بھی ہے تو نہ واہب پر زکوٰۃ ہوگی نہ موہوب لہ پر اور یہ حیلہ کر کے دونوں زکوٰۃ سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
1۔
کسی کو ہدیہ دے کر واپس لینا جائز نہیں چنانچہ ایک روایت میں ہے۔
"ہدیہ واپس لینے والا اس طرح ہے جیسے خود قے کر کے اسے چاٹ جائے۔
" (صحیح البخاري، الھبة حدیث: 2621)
اپنی قے کو چاٹنا حرام ہے لہٰذا ہبہ واپس لینا بھی حرام ہے۔
اس کی وضاحت ایک دوسری حدیث سے ہوتی ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’کسی آدمی کے لیے حلال نہیں کہ وہ اپنا دیا ہوا عطیہ واپس لے ہاں والد جو اپنے بچے کو عطیہ دیتا ہے وہ اس سے واپس لے سکتا ہے۔
‘‘ (سنن أبي داود، البیوع، حدیث 3539)
2۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی پیش کردہ حدیث میں کتے کی حالت بیان کرنے کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہمارے لیے اس طرح کی بری مثال مناسب نہیں ہے لیکن حیلہ سازوں کی چابکدستی ملاحظہ فرمائیں ان کے نزدیک کسی کو ہدیہ دے کر واپس لینے میں کوئی حرج نہیں خواہ وہ ہدیہ قبول کرنے والے کے ہاں سال بھر پڑا رہے۔
اس سلسلے میں ایک حدیث پیش کی جاتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’آدمی اپنے ہبے کا زیادہ حق دار ہے جب تک اس کا بدلہ نہ دیا جائے۔
‘‘ (سنن ابن ماجة، الهبات حدیث: 2387)
یہ حدیث قابل حجت نہیں کیونکہ اس میں ابراہیم بن اسماعیل بن مجمع ضعیف ہے نیز اس میں عمروبن دینار راوی ہے جس کا سماع حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ثابت نہیں۔
اگر صحیح بھی ہو تو اس سے مراد وہ ہبہ ہے جو معاوضہ لینے کی غرض سے دیا گیا ہو مطلق ہبہ کے متعلق واپس لینے کا موقف اس حدیث سے ثابت نہیں ہو تا۔
3۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے صحیح فرمایا ہے کہ ان حیلہ سازوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات کی مخالفت کی ہے جو دین اسلام میں انتہائی خطرناک حرکت ہے۔
حیلہ سازوں نے دوسری نا زیبا حرکت یہ کی ہے کہ حیلے کے ذریعے سے زکاۃ بھی ساقط کر دی۔
حالانکہ جس شخص کو ہبہ کیا گیا تھا وہ اس نے قبول کرنے کے بعد سال بھر ملکیت میں رکھا اس دوران میں اس پر زکاۃ فرض ہو چکی تھی پھر ہبہ کرنے والے کے رجوع کی وجہ سے اس کی ملکیت روز اول سے ظاہر ہو گئی، لہٰذا اس پر بھی زکاۃ فرض ہونی چاہیے تھی لیکن حیلہ سازوں نے دونوں ہی سے زکاۃ ساقط کر دی اور زکاۃ فریضۃ اسلام ہے جس کا ساقط کرنا کسی صورت میں جائز نہیں پھر ان حضرات نے جواز حیلہ اور نفاذ حیلہ کی بحث چھیڑی کہ اگر کسی نے یہ حماقت کر لی ہے تو اسے بہر حال نافذ ہونا چاہیے لیکن ہمارا موقف ہے کہ جو امر جائز نہیں اس کا نفاذ کیونکر ہو سکتا ہے۔
4۔
بہر حال امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے دونوں اعتراض اپنی جگہ پر ناقابل تردید ہیں ایک تو حدیث کی مخالفت کرنا اور دوسرا فریضہ اسلام زکاۃ کو حیلے سے ساقط کرنا۔
اللہ تعالیٰ انھیں ہدایت دے۔
آمین۔
امام شافعی ؒ اور امام مالک ؒ کا یہی فتویٰ ہے اور امام ابوحنیفہ ؒنے رجوع کو مکروہ کہا ہے، حرام نہیں۔
(1)
ان احادیث کا تقاضا ہے کہ ہبہ اور صدقہ دے کر واپس لینا حرام ہے جیسا کہ حضرت قتادہ فرماتے ہیں: ہم تو قے کو حرام ہی خیال کرتے ہیں۔
(سنن أبي داود، البیوع، حدیث: 3538)
البتہ ایک حدیث کے مطابق وہ ہبہ اس وعید سے مستثنیٰ ہے جو باپ اپنی اولاد کو دیتا ہے۔
حدیث کے الفاظ یہ ہیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’آدمی کو چاہیے کہ وہ کسی کو عطیہ دے کر اسے واپس نہ لے، ہاں والد اپنی اولاد کو عطیہ دے کر واپس لینے کا مجاز ہے۔
‘‘ (سنن أبي داود، البیوع، حدیث: 3539) (2)
مذکورہ احادیث میں نہ صرف ہبہ واپس لینے کا حکم بیان ہوا ہے بلکہ رسول اللہ ﷺ نے اس فعل کی خرابی اور گندگی کو بھی بیان کیا ہے۔
معاشی اعتبار سے واپسی میں یہ پہلو نمایاں ہے کہ اس سے حقیقی نفع اٹھانا ممکن نہیں رہتا۔
واللہ أعلم
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” بری مثال ہمارے لیے مناسب نہیں، ہدیہ دے کر واپس لینے والا کتے کی طرح ہے جو قے کر کے چاٹتا ہے “ ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب البيوع/حدیث: 1298]
وضاحت:
1؎:
اس سے ہبہ کو واپس لینے کی شناعت وقباحت واضح ہوتی ہے، ایک تو ایسے شخص کو کُتے سے تشبیہ دی گئی ہے، دوسرے ہبہ کی گئی چیز کو قے سے تعبیرکیا جس سے انسان انتہائی کراہت محسوس کرتاہے۔
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” ہبہ کر کے واپس لینے والا قے کر کے چاٹنے والے کے مانند ہے۔“ [سنن ابن ماجه/كتاب الهبات/حدیث: 2385]
فوائد و مسائل:
(1)
ہبہ کا مطلب کسی کو کوئی چیز بلامعاوضہ دے دینا ہے۔
اس کامقصد محض اللہ کی رضا کاحصول اورایک مومن سےحسن سلوک ہوتا ہے لہٰذا اسےواپس لینا اپنی نیکی کالعدم کرنے کےبرابر ہے۔
اور حان بوجھ کرنیکی ضائع کرنا بہت بری بات ہے۔
(2)
ہبہ کا ایک فائدہ مسلمانوں کی باہمی محبت واحترام میں اضافہ بھی ہے۔
ہبہ کی ہوئی چیز واپس لینے سے نہ صرف یہ مقصد فوت ہوجاتا ہے بلکہ باہمی محبت واحترام میں بھی کمی آ جاتی ہے اس طرح فائدے سے نقصان زیادہ ہوجاتا ہے۔
(3)
کتےکےعمل سےتشبیہ دینے کا مقصد اس کام سےنفرت دلانا ہے۔
(4)
والد اولاد کوعطیہ دے کر واپس لےسکتا ہے کیونکہ اولاد کی ملکیت اس کی اپنی ملکیت کےحکم میں ہے۔
دیکھے: (حدیث: 2377)
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جو صدقہ دے کر واپس لے لیتا ہے اس کی مثال کتے کی ہے جو قے کرتا ہے پھر لوٹ کر اس کو کھاتا ہے۔“ [سنن ابن ماجه/كتاب الصدقات/حدیث: 2391]
فوائد و مسائل:
(1)
صدقہ کرنا بہت بڑی نیکی ہےاورصدقہ کرکے واپس لینا اسے کالعدم کرنے کے مترادف ہے اوراپنی نیکی ضائع کرنا بہت بری بات ہے۔
(2)
کتےسے تشبیہ دینے سے معلوم ہوتاہے کہ یہ بہت براکام ہے، اس لیے اس سے مکمل پرہیز کرنا چاہیئے۔
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ ہبہ کر کے اسے واپس لینے والا اس کتے کی طرح ہے جو خود قے کرتا ہے اور پھر اسے کھا لیتا ہے۔ “ (بخاری و مسلم) اور بخاری کی ایک روایت میں ہے کہ ’’ ہمارے لیے اس سے بری مثال اور کوئی نہیں کہ جو شخص اپنے ہبہ کو دے کر واپس لیتا ہے وہ اس کتے کی مانند ہے جو خود ہی قے کرتا ہے اور پھر اس کی طرف رجوع کرتا ہے۔ “ «بلوغ المرام/حدیث: 789»
«أخرجه البخاري، الهبة، باب هبة الرجل لامرأته والمرأة لزوجها، حديث:2589، ومسلم، الهبات، باب تحريم الرجوع في الصدقة بعد القبض، حديث:1622.»
تشریح: یہ حدیث ہبہ کردہ چیز کو واپس لینے کی حرمت پر دلالت کرتی ہے‘ البتہ والد اپنی اولاد کو دیے ہوئے ہبہ کے بارے میں اس سے مستثنیٰ ہے جیسا کہ آئندہ حدیث میں موجود ہے۔
مگر احناف کا مذہب یہ ہے کہ ہبہ کردہ چیز کو واپس لینا حلال ہے اور بعض احناف نے اس حدیث کی یہ تاویل کی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی کَالْکَلْبِ… اس کی عدم حرمت پر دلالت کرتا ہے‘ اس لیے کہ کتا تو غیر مکلف ہے اور اس کی اپنی قے اس کے لیے حرام نہیں ہے۔
ہم کہتے ہیں کہ جب کتا غیر مکلف ہے تو یہ کہنا صحیح نہیں ہے کہ اس کی قے اس کے لیے حلال ہے یا حرام کیونکہ تحلیل و تحریم ان فروع میں سے ہے جس کا کسی کو مکلف بنایا گیا ہو جیسا کہ شجر و حجر (درخت اور پتھر) کے بارے میں یہ کہنا صحیح نہیں ہے کہ وہ اندھا یا بینا ہے‘ اس لیے کہ وہ اندھے پن اور بصارت کا محل ہی نہیں‘ لہٰذا اس حدیث میں تشبیہ‘ تحلیل یا تحریم کے اعتبار سے نہیں ہے۔
اور جب یہ تشبیہ‘ تحلیل و تحریم کے اعتبار سے نہیں ہے تو پھر یہ تحلیل و تحریم کے لیے سرے سے دلیل ہی نہیں بن سکتی۔
تحریم تو نص صریح سے ثابت ہے‘ اس لیے اسی کو دلیل بنانا چاہیے۔
اور جہاں تک تشبیہ کا تعلق ہے تو اس سے مقصود اس حرام فعل کی قباحت بیان کرنا‘ اس سے نفرت دلانا‘ اس کی شدید خباثت کا اظہار کرنا اور بدہیبت منظر کی صورت پیش کرنا ہے۔
افسوس! انسان کیسے پسند کرے گا کہ وہ کتے کے درجہ تک پہنچ جائے‘ پھر اس درجہ تک اتر جائے کہ پہلے قے کرے اور پھر اپنی قے چاٹ لے۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ تحفہ دے کر واپس نہیں لینا چاہیے تحفہ واپس لینا حرام ہے۔ چنانچہ ایک حدیث میں ہے: ”ہد یہ واپس لینے والا اس طرح ہے جیسے خود قے کر کے اسے چاٹ جائے “ [صحيح البخاري: 2621]
اپنی قے کو چاٹنا حرام ہے لہٰذا ہبہ واپس لینا بھی حرام ہے۔