المنتقى ابن الجارود — حدیث نمبر 1042

باب: لشکروں اور امیروں کے لیے رسول اللہ ﷺ کی وصیت کا بیان

باب وصية رسول الله صلى الله عليه وسلم للجيوش والأمراء

حدیث نمبر: 1042
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يَحْيَى ، قَالَ : ثنا عَبْدُ الصَّمَدِ ، قَالَ : ثنا شُعْبَةُ ، قَالَ : ثنا عَلْقَمَةُ بْنُ مَرْثَدٍ ، عَنْ سُلَيْمَانَ بْنِ بُرَيْدَةَ الأَسْلَمَيِّ ، حَدَّثَهُ عَنْ أَبِيهِ ، قَالَ : كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا بَعَثَ أَمِيرًا عَلَى جَيْشٍ أَوْ سَرِيَّةٍ دَعَاهُ فَأَوْصَاهُ فِي خَاصَّةِ نَفْسِهِ وَمَنْ مَعَهُ مِنَ الْمُسْلِمِينَ خَيْرًا ، فَقَالَ : " اغْزُوا بِسْمِ اللَّهِ ، وَفِي سَبِيلِ اللَّهِ تُقَاتِلُونَ مَنْ كَفَرَ بِاللَّهِ ، اغْزُوا وَلا تَغْدُرُوا ، وَلا تَغُلُّوا وَلا تُمَثِّلُوا ، وَلا تَقْتُلُوا وَلِيدًا ، وَإِذَا لَقِيتَ عَدُوَّكَ مِنَ الْمُشْرِكِينَ فَادْعُهُمْ إِلَى إِحْدَى ثَلاثِ خِصَالٍ أَوْ خِلالٍ ، فَإِنْ هُمْ أَجَابُوكَ إِلَيْهَا فَاقْبَلْ مِنْهُمْ وَكُفَّ عَنْهُمُ ، ادْعُهُمْ إلَى الإِسْلامِ ، فَإِنْ فَعَلُوا فَأَخْبِرْهُمْ أَنَّ لَهُمْ مَا لِلْمُسْلِمِينَ وَعَلَيْهِمْ مَا عَلَى الْمُسْلِمِينَ ، ثُمَّ ادْعُهُمْ إِلَى التَّحَوُّلِ مِنْ دَارِهِمْ إِلَى دَارِ الْمُهَاجِرِينَ ، فَإِنْ فَعَلُوا فَأَخْبِرْهُمْ أَنَّ لَهُمْ مَا لِلْمُهَاجِرِينَ ، وَعَلَيْهِمْ مَا عَلَى الْمُهَاجِرِينَ ، فَإِنْ هُمْ أَسْلَمُوا فَاخْتَارُوا دَارَهُمْ فَأَخْبِرْهُمْ أَنَّهُمْ كَأَعْرَابِ الْمُؤْمِنِينَ يَجْرِي عَلَيْهِمْ حُكْمُ اللَّهِ الَّذِي يَجْرِي عَلَى الْمُؤْمِنِينَ أَوْ قَالَ الْمُسْلِمِينَ ، وَأَنَّ لَيْسَ لَهُمْ فِي الْغَنِيمَةِ وَالْفَيْءِ شَيْءٌ ، فَإِنْ هُمْ أَبَوْا فَادْعُهُمْ إِلَى إِعْطَاءِ الْجِزْيَةِ ، فَإِنْ فَعَلُوا فَاقْبَلْ مِنْهُمْ وَكُفَّ عَنْهُمْ ، فَإِنْ هُمْ أَبَوْا فَاسْتَعِنْ بِاللَّهِ وَقَاتِلْهُمْ ، وَإِذَا حَاصَرْتُمْ حِصْنًا فَأَرَادُوكَ أَنْ تَجْعَلَ لَهُمْ ذِمَّةَ اللَّهِ وَذِمَّةَ رَسُولِهِ ، فَلا تَجْعَلْ لَهُمْ ذِمَّةَ اللَّهِ وَلا ذِمَّةَ رَسُولِهِ ، وَاجْعَلْ لَهُمْ ذِمَّتَكَ وَذِمَّةَ آبَائِكَ وَذِمَمَ أَصْحَابِكَ ، فَإِنَّكُمْ إِنْ تُخْفِرُوا ذِمَّتَكُمْ وَذِمَمَ آبَائِكُمْ أَهْوَنُ عَلَيْكُمْ مِنْ أَنْ تُخْفِرُوا ذِمَّةَ اللَّهِ وَذِمَّةَ رَسُولِهِ ، وَإِذَا حَاصَرْتُمْ أَهْلَ حِصْنٍ فَأَرَادُوكَ أَنْ تُنْزِلَهُمْ عَلَى حُكْمِ اللَّهِ فَلا تُنْزِلْهُمْ عَلَى حُكْمِ اللَّهِ ، فَإِنَّكَ لا تَدْرِي أَتُصِيبُ حُكْمَ اللَّهِ فِيهِمْ ، وَلَكِنْ أَنْزِلْهُمْ عَلَى حُكْمِكَ " .
ابوعکاشہ محمد نعیم رضوان

سیدنا بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب کسی لشکر یا سریہ پر کسی کو امیر بنا کر بھیجتے تو اسے بلا کر خاص طور پر اس کی اپنی ذات کے بارے میں اور اس کے ساتھ جانے والے مسلمانوں کے بارے میں بھلائی کی وصیت فرماتے، پھر فرماتے: اللہ کے نام سے اور اللہ کی راہ میں جہاد کریں، اللہ کا انکار کرنے والوں سے لڑیں، جہاد کریں، بدعہدی نہ کریں، مال غنیمت میں خیانت نہ کریں، مثلہ نہ کریں اور کسی بچے کو قتل نہ کریں۔ جب مشرکین میں سے اپنے دشمن سے آپ کا سامنا ہو تو انہیں تین باتوں میں سے کسی ایک کی دعوت دیں، ان میں سے جو بات بھی وہ مان لیں، اسے قبول کر لیں اور ان سے ہاتھ روک لیں: انہیں اسلام کی دعوت دیں، اگر وہ مان لیں تو انہیں بتائیں کہ ان کے وہی حقوق ہیں جو مسلمانوں کے ہیں اور ان پر وہی ذمہ داریاں ہیں جو مسلمانوں پر ہیں، پھر انہیں اپنے علاقے سے مہاجرین کے علاقے کی طرف منتقل ہونے کی دعوت دیں، اگر وہ ایسا کر لیں تو انہیں بتائیں کہ ان کے وہی حقوق ہیں جو مہاجرین کے ہیں اور ان پر وہی ذمہ داریاں ہیں جو مہاجرین پر ہیں، اگر وہ اسلام لے آئیں اور اپنے ہی علاقے میں رہنا پسند کریں تو انہیں بتائیں کہ وہ دیہاتی مسلمانوں کی طرح ہیں، ان پر اللہ کا وہی حکم جاری ہو گا جو مومنوں (یا فرمایا: مسلمانوں) پر جاری ہوتا ہے اور مال غنیمت اور مال فے میں ان کا کوئی حصہ نہیں ہو گا۔ اگر وہ انکار کریں تو انہیں جزیہ دینے کی دعوت دیں، اگر وہ مان لیں تو ان سے قبول کر لیں اور ان سے ہاتھ روک لیں اور اگر وہ انکار کریں تو اللہ سے مدد مانگیں اور ان سے لڑیں۔ جب آپ کسی قلعے کا محاصرہ کریں اور وہ آپ سے چاہیں کہ آپ انہیں اللہ اور اس کے رسول کا ذمہ دیں تو انہیں اللہ اور اس کے رسول کا ذمہ نہ دیں، بلکہ اپنا، اپنے آباء کا اور اپنے ساتھیوں کا ذمہ دیں، کیونکہ اگر آپ اپنا اور اپنے آباء کا ذمہ توڑ دیں تو یہ آپ کے لیے اس سے ہلکا ہے کہ آپ اللہ اور اس کے رسول کا ذمہ توڑیں۔ اور جب آپ کسی قلعے والوں کا محاصرہ کریں اور وہ آپ سے چاہیں کہ آپ انہیں اللہ کے حکم پر (قلعے سے) اتاریں تو انہیں اللہ کے حکم پر نہ اتاریں، کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ آپ ان کے بارے میں اللہ کے حکم کو پا سکیں گے یا نہیں، بلکہ انہیں اپنے حکم پر اتاریں۔

حوالہ حدیث المنتقى ابن الجارود / كتاب الطلاق / حدیث: 1042
درجۂ حدیث محدثین: غلام مصطفےٰ ظهير امن پوري: صحیح
تخریج حدیث از غلام مصطفےٰ ظهير امن پوري:«صحیح مسلم : 1731»