کتب حدیثمختصر صحيح مسلمابوابباب: عیسیٰ علیہ السلام کا نازل ہونا ، صلیب توڑنا اور خنزیر کا قتل کرنا ۔
حدیث نمبر: 2059
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” اللہ کی قسم ! مریم علیہا السلام کے بیٹے ( آسمان سے ) اتریں گے اور وہ حاکم ہوں گے ، عدل کریں گے ، صلیب کو توڑ ڈالیں گے اور خنزیر کو مار ڈالیں گے اور جزیہ لینا موقوف کر دیں گے ۔ اور جوان اونٹ کو چھوڑ دیا جائے گا ، پھر کوئی اس پر محنت نہ کرے گا ۔ اور لوگوں کے دلوں میں سے بخل ، دشمنی اور حسد جاتے رہیں گے اور وہ لوگوں کو مال دینے کے لئے بلائیں گے لیکن کوئی قبول نہ کرے گا ۔ ( اس وجہ سے کہ حاجت نہ ہو گی اور مال کثرت سے ہر ایک کے پاس ہو گا ) ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 2059
حدیث نمبر: 2060
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تمہارا کیا حال ہو گا جب مریم علیہا السلام کے بیٹے ( آسمان سے ) اتریں گے ، پھر تم لوگوں میں سے ہی تمہارے لوگ امامت کریں گے ۔ ( راوی ولید بن مسلم نے کہا ) میں نے ابن ابی ذئب سے کہا مجھ سے اوزاعی نے حدیث بیان کی زہری سے ، انہوں نے نافع سے اور انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ، اس میں یہ ہے کہ تمہارا امام تم ہی میں سے ہو گا ۔ ابن ابی ذئب نے کہا تو جانتا ہے کہ اس کا مطلب کیا ہے کہ تمہاری امامت تمہی لوگوں میں سے کریں گے ؟ میں نے کہا کہ آپ ہی بتلائیے تو انہوں نے کہا عیسیٰ علیہ السلام تمہارے پروردگار کی کتاب ( یعنی قرآن مجید ) اور تمہارے پیغمبر کی سنت سے تمہاری امامت کریں گے ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 2060
حدیث نمبر: 2061
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ قیامت تک میری امت میں سے ایک گروہ ( کافروں اور مخالفوں سے ) ہمیشہ حق ( بات ) پر لڑتا رہے گا ، وہ ( گروہ ) غالب رہے گا ۔ پھر عیسیٰ بن مریم علیہما السلام اتریں گے اور اس گروہ کا امام ( عیسیٰ علیہ السلام سے ) کہے گا کہ آئیے نماز پڑھائیے ۔ وہ کہیں گے نہیں ، تم میں سے ایک دوسروں پر حاکم رہیں ۔ یہ وہ بزرگی ہے جو اللہ تعالیٰ اس امت کو عنایت فرمائے گا ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 2061