کتب حدیثمختصر صحيح مسلمابوابباب: آخر زمانہ میں خلیفہ ( مہدی ) آئے گا ، جو مال کی لپیں بھربھر کر دے گا ۔
حدیث نمبر: 2036
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابونضرہ سے روایت ہے کہ` ہم سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کے پاس تھے کہ انہوں نے کہا کہ قریب ہے کہ عراق والوں کے قفیز اور درہم نہیں آئیں گے ۔ ہم نے کہا کہ کس سبب سے ؟ انہوں نے کہا کہ عجم کے لوگ اس کو روک لیں گے ۔ پھر کہا کہ قریب ہے کہ شام والوں کے پاس دینار اور مدی نہ آئیں ( مدی ایک پیمانہ ہے اسی طرح قفیز ) ہم نے کہا کہ کس سبب سے ؟ انہوں نے کہا کہ روم والے لوگ روک لیں گے ۔ پھر تھوڑی دیر چپ رہے ، اس کے بعد کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میری اخیر امت میں ایک خلیفہ ہو گا ، جو لپیں بھربھر کر مال دے گا ( یعنی روپیہ اور اشرفیاں لوگوں کو ) اور اس کو شمار نہ کرے گا ۔ جریر نے کہا کہ میں نے ابونضرہ اور ابوعلاء سے پوچھا کہ کیا تم سمجھتے ہو کہ یہ خلیفہ عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ نہیں ۔ ( یہ مہدی ہیں جو امت کے اخیر زمانہ میں پیدا ہوں گے ۔ عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ تو شروع میں تھے ) ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 2036