کتب حدیثمختصر صحيح مسلمابوابباب: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بچوں اور اہل و عیال کے ساتھ سب سے زیادہ شفقت رکھتے تھے ۔
حدیث نمبر: 1578
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے کسی کو بچوں پر اتنی شفقت کرتے نہیں دیکھا ، جتنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کرتے تھے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صاحبزادے سیدنا ابراہیم ( مدینہ کے عوالی میں ) دودھ پیتے تھے ( عوالی مدینہ کے پاس کچھ گاؤں تھے ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم جایا کرتے اور ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہوتے ، پھر اس کے گھر تشریف لے جاتے ، وہاں دھواں ہوتا تھا کیونکہ ” انّا “ کا خاوند لوہار تھا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بچے کو لیتے ، پیار کرتے اور پھر لوٹ آتے ۔ عمرو نے کہا کہ جب سیدنا ابراہیم نے وفات پائی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ابراہیم میرا بیٹا ہے ، اس نے دودھ پیتے میں وفات پائی اب اس کو دو انّائیں ( دائیاں ) ملی ہیں جو جنت میں اس کے دودھ پینے کی مدت تک دودھ پلائیں گی ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 1578
حدیث نمبر: 1579
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` اقرع بن حابس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کو بوسہ دیتے ہوئے دیکھا تو وہ بولا کہ یا رسول اللہ ! میرے دس بچے ہیں میں نے ان میں سے کسی کو بوسہ نہیں دیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو ( بچوں اور یتیموں اور عاجزوں اور ضعیفوں پر ) رحم نہ کرے اللہ تعالیٰ بھی اس پر رحم نہ کرے گا ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 1579