حدیث نمبر: 1315
ابوعبداللہ آصف
´طلحہ بن نافع سے روایت ہے کہ` انہوں نے سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے سنا ، وہ کہتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے اپنے مکان پر لے گئے ۔ پھر روٹی کے چند ٹکڑے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لائے گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سالن نہیں ہے ؟ انہوں نے کہا کہ نہیں مگر تھوڑا سا سرکہ ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سرکہ اچھا سالن ہے ۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اس روز سے مجھے سرکہ سے محبت ہو گئی ، جب سے میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ سنا اور طلحہ نے کہا ( جو اس حدیث کو سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں ) جب سے میں نے یہ حدیث سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے سنی ، مجھے بھی سرکہ پسند ہے ۔