حدیث نمبر: 1172
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ ایک لڑائی میں نکلے اور ہم چھ آدمیوں کے پاس صرف ایک اونٹ تھا ۔ ہم باری باری اس پر سوار ہوتے تھے ۔ ہمارے قدم چھلنی ہو گئے تھے اور میرے دونوں پیر پھٹ گئے اور ناخن بھی گر پڑے ، تو ہم نے اپنے پیروں پر پٹیاں باندھ لیں ، اس لڑائی کا نام ذات الرقاع بھی اسی وجہ سے رکھا گیا ( یعنی پٹیوں دھجیوں والی لڑائی ) کیونکہ ہم پاؤں پھٹ جانے کی وجہ سے ان پر پٹیاں باندھتے تھے ۔ ابوبردہ ( راوی ) نے کہا کہ یہ حدیث ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نے ایک مرتبہ سنائی پھر ( ریاکاری کے خوف سے ) بیان نہیں کرتے تھے ۔ اور ابواسامہ نے کہا کہ برید کے علاوہ کسی دوسرے راوی نے یہ زیادہ کیا کہ اللہ تعالیٰ اس کی جزا دے ۔