حدیث نمبر: 661
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب اونٹنی پر سوار ہوئے اور وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو لے کر مسجد ذوالحلیفہ کے نزدیک سیدھی کھڑی ہو گئی ، تب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لبیک فرمائی یعنی ” میں حاضر ہوں ، اے اللہ ! میں حاضر ہوں ، میں حاضر ہوں ۔ تیرا کوئی شریک نہیں ، میں حاضر ہوں ۔ بیشک سب تعریف اور نعمت تیرے لئے ہے ، ملک تیرا ہی ہے اور تیرا کوئی شریک نہیں “ ۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے کہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا تلبیہ ہے ۔ نافع کہتے ہیں کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما اس میں یہ کلمات زیادہ پڑھتے تھے کہ ” میں حاضر ہوں ( تیری خدمت میں ) میں حاضر ہوں ، ( تیری خدمت میں ) میں حاضر ہوں اور سعادت سب تیری ہی طرف سے ہے اور خیر تیرے ہی ہاتھوں میں ہے ۔ میں حاضر ہوں اور تیری ہی طرف رغبت کرتا ہوں اور عمل تیرے ہی لئے ہے “ ۔