حدیث نمبر: 495
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی والدہ کی قبر کی زیارت کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم رو پڑے ۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اردگرد لوگوں کو بھی رلا دیا ۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں نے اپنے رب سے اپنی والدہ کیلئے استغفار کرنے کی اجازت مانگی تو مجھے اجازت نہیں دی گئی ۔ اور میں نے قبر کی زیارت کی اجازت طلب کی تو مجھے اجازت دیدی گئی ۔ لہٰذا تم قبروں کی زیارت کیا کرو ، یہ موت یاد دلاتی ہیں ۔
حدیث نمبر: 496
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : میں تمہیں قبروں کی زیارت کرنے سے منع کرتا تھا ، پس اب تم زیارت کیا کرو ۔ اور میں تمہیں تین دن سے زیادہ قربانی کا گوشت رکھنے سے منع کرتا تھا ، پس اب جب تک چاہو رکھو ۔ اور میں تمہیں مشکوں کے سوا اور برتنوں میں نبیذ ( پینے ) سے منع کرتا تھا ، پس اب پینے کے برتنوں میں سے جس میں چاہو پیو مگر نشہ کی چیز نہ پیو ۔