کتب حدیثمختصر صحيح مسلمابوابباب: عذاب قبر اور اس سے پناہ مانگنے کے بارے میں ۔
حدیث نمبر: 493
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بنی نجار کے باغ میں اپنے ایک خچر پر جا رہے تھے اور ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے ۔ اتنے میں وہ خچر بدکا اور قریب تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو گرا دے وہاں پر چھ یا پانچ یا چار قبریں تھیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کہ کوئی جانتا ہے کہ یہ قبریں کن کی ہیں ؟ ایک شخص بولا کہ میں جانتا ہوں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ لوگ کب مرے ؟ وہ شخص بولا کہ شرک کے زمانہ میں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس امت کا امتحان قبروں میں ہوتا ہے ۔ پھر اگر تم ( اپنے مردوں کو ) دفن کرنا نہ چھوڑ دو تو میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا کہ تم کو قبر کا عذاب سنا دیتا ، جو میں سن رہا ہوں ۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا کہ جہنم کے عذاب سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگو ۔ لوگوں نے کہا کہ ہم جہنم کے عذاب سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قبر کے عذاب سے اللہ کی پناہ مانگو ۔ لوگوں نے کہا کہ ہم قبر کے عذاب سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ چھپے اور کھلے فتنوں سے اللہ کی پناہ مانگو ۔ لوگوں نے کہا کہ ہم چھپے اور کھلے فتنوں سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ دجال کے فتنہ سے اللہ کی پناہ مانگو ۔ لوگوں نے کہا کہ ہم دجال کے فتنہ سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 493