حدیث نمبر: 458
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ( نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کرتے ہوئے ) کہتے ہیں کہ` جب ایماندار کی روح بدن سے نکلتی ہے تو اس کے آگے دو فرشتے آتے ہیں اور اس کو آسمان پر چڑھا لے جاتے ہیں ۔ حماد ( راوی حدیث ) نے کہا کہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے اس روح کی خوشبو کا اور مشک کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ آسمان والے ( فرشتے ) کہتے ہیں کہ کوئی پاک روح زمین کی طرف سے آئی ہے ، اللہ تجھ پر رحمت کرے اور تیرے بدن پر جس کو تو نے آباد رکھا ۔ پھر رب العالمین کے پاس اس کو لے جاتے ہیں ۔ پھر رب العالمین فرماتا ہے کہ اس کو لے جاؤ ( اپنے مقام میں یعنی علیّین میں جہاں مومنوں کی ارواح رہتی ہیں ) قیامت تک ( وہیں رکھو ) اور کافر کی روح جب نکلتی ہے ( راوی حدیث ) حماد نے کہا کہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے اس کی بدبو اور اس پر لعنت کا ذکر کیا ، کہ آسمان والے کہتے ہیں کہ کوئی ناپاک روح زمین کی طرف سے آئی ہے ۔ پھر حکم ہوتا ہے کہ اس کو لے جاؤ ( اپنے مقام سجین میں جہاں کافروں کی روحیں رہتی ہیں ) قیامت ہونے تک ۔ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک باریک کپڑا جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اوڑھے ہوئے تھے ( جب کافر کی روح کا ذکر کیا اس کی بدبو بیان کرنے کو ) اپنی ناک پر ڈال کر دکھاتے ہوئے فرمایا کہ اس طرح سے ۔