حدیث نمبر: 140
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سفر میں پیچھے رہ گئے اور میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ پیچھے رہ گیا ۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم حاجت سے فارغ ہوئے تو دریافت فرمایا کہ کیا تمہارے پاس پانی ہے ؟ چنانچہ میں پانی کا ایک لوٹا لے آیا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہاتھ دھوئے اور منہ دھویا ۔ پھر بازو آستینوں سے نکالنا چاہے تو آستین تنگ ہو گئی ( یعنی نہ نکال سکے ) چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نیچے سے ہاتھ کو نکالا اور جبہ کو اپنے مونڈھوں پر ڈال دیا اور دونوں ہاتھ دھوئے اور پیشانی ، عمامہ اور موزوں پر مسح کیا ۔ پھر سوار ہوئے تو میں بھی سوار ہوا ۔ جب اپنے لوگوں میں پہنچے ، تو وہ نماز پڑھ رہے تھے ۔ سیدنا عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ ان کو نماز پڑھا رہے تھے اور وہ ایک رکعت پڑھ چکے تھے ۔ ان کو جب معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے ہیں ، تو وہ پیچھے ہٹنے لگے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اشارہ فرمایا کہ اپنی جگہ پر رہو ۔ پھر انہوں نے نماز پڑھائی ۔ جب سلام پھیرا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوئے اور میں بھی کھڑا ہوا اور ایک رکعت جو ہم سے پہلے ہو چکی تھی پڑھ لی ۔