کتب حدیثمختصر صحيح مسلمابوابباب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا انبیاء علیہم السلام کو نماز پڑھانا ۔
حدیث نمبر: 80
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : میں نے اپنے آپ کو حطیم میں دیکھا اور ( دیکھا کہ ) قریش مجھ سے میری سیر ( معراج ) کا حال پوچھ رہے تھے ، تو انہوں نے بیت المقدس کی کئی چیزیں پوچھیں جن کو میں ذہن میں محفوظ نہیں رکھتا تھا ۔ مجھے بڑا رنج ہوا ، ایسا رنج کبھی نہیں ہوا تھا ۔ پھر اللہ تعالیٰ نے بیت المقدس کو اٹھا کر میرے سامنے کر دیا ، میں اس کو دیکھنے لگا اور اب جو بات وہ پوچھتے تو میں بتا دیتا تھا ۔ اور میں نے اپنے آپ کو پیغمبروں کی جماعت میں پایا ، دیکھا کہ موسیٰ علیہ السلام کھڑے ہوئے نماز پڑھ رہے ہیں ، وہ ایک درمیانہ قد اور گٹھے ہوئے جسم کے شخص ہیں جیسے کہ ( قبیلہ ) شنوۃ کے لوگ ہوتے ہیں ۔ اور عیسیٰ بن مریم علیہما السلام کو بھی دیکھا کہ وہ بھی کھڑے ہوئے نماز پڑھ رہے ہیں ، اور میں ان کے سب سے زیادہ مشابہ عروہ ابن مسعود ثقفی رضی اللہ عنہ کو پاتا ہوں ۔ اور دیکھا کہ ابراہیم علیہ السلام بھی کھڑے ہوئے نماز پڑھ رہے ہیں ، ان کے سب سے زیادہ مشابہ تمہارے صاحب ( یعنی اپنے آپ کو مراد لیا ) ہیں ۔ اور پھر نماز کا وقت آیا تو میں نے امامت کی اور سب پیغمبروں نے میرے پیچھے نماز پڑھی ۔ جب میں نماز سے فارغ ہوا تو ایک بولنے والا بولا کہ اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم ! یہ جہنم کا داروغہ ” مالک “ ہے اس کو سلام کرو ۔ میں نے اس کی طرف دیکھا تو اس نے خود پہلے مجھے سلام کیا ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 80