مختصر صحيح مسلم
— ایمان کے متعلق
باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا انبیاء کرام علیہم السلام کا تذکرہ کرنا ۔
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب مجھے معراج کرائی گئی تو میں موسیٰ علیہ السلام سے ملا ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی صورت بیان کی ۔ میں خیال کرتا ہوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یوں فرمایا ( یہ شک راوی ہے ) کہ وہ لمبے ، چھریرے بدن والے ، سیاہ بالوں والے جیسے شنوۃ کے لوگ ہوتے تھے ۔ اور فرمایا کہ میں عیسیٰ علیہ السلام سے ملا ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی صورت بیان کی کہ وہ درمیانہ قد والے ، سرخ رنگت والے جیسے کہ ابھی کوئی حمام سے نکلا ہو ( یعنی ایسے تروتازہ اور خوش رنگ ) تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں نے ابراہیم علیہ السلام کو دیکھا ، تو میں ان کی اولاد میں سب سے زیادہ ان سے مشابہ ہوں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پھر میرے پاس دو برتن لائے گئے ۔ ایک میں دودھ تھا اور ایک میں شراب ، اور مجھ سے کہا گیا کہ جس کو چاہو پسند کر لو ۔ میں نے دودھ کا برتن لے لیا اور دودھ پیا تو اس ( فرشتے نے جو یہ دونوں برتن لے کر آیا تھا ) کہا کہ تم کو فطرت ( ہدایت ) کی راہ ملی یا تم فطرت ( ہدایت ) کو پہنچ گئے ۔ اور اگر تم شراب کو اختیار کرتے تو تمہاری امت گمراہ ہو جاتی ۔