حدیث نمبر: 2132
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” میرا حوض ( کوثر ، طول و عرض میں ) مہینے کی مسافت کا ہے ۔ پانی اس کا دودھ سے زیادہ سفید اور مشک سے زیادہ خوشبودار ہے اور آبخورے ( پینے کے برتن جیسے جام ، پیالہ وغیرہ ) اس کے ایسے ہیں جیسے آسمان کے ستارے ، جس نے اس میں سے ( ایک دفعہ ) پی لیا وہ پھر کبھی پیاسا نہ ہو گا ۔ “
حدیث نمبر: 2133
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہے کہ` آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تمہارے سامنے میرا حوض ( کوثر ) ہو گا ۔ وہ اتنا بڑا ہے جتنا جرباء سے اذرح تک کا فاصلہ ۔ “
حدیث نمبر: 2134
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” میرے حوض کی مقدار اتنی ہے جتنی ایلہ سے صنعا تک ( کی مسافت ہے ۔ اور یہ دونوں شہر ملک یمن میں واقع ہیں ) اور اس کے کوزے ( پینے پلانے کے برتن ) اس قدر ہیں جتنے آسمان کے ستارے ۔ “
حدیث نمبر: 2135
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” قیامت کے دن حوض پر میں کھڑا ہوا ہوں گا ۔ ایک گروہ آئے گا ، جب میں ان کو پہچان لوں گا تو میرے اور ان کے درمیان سے شخص ( فرشتہ ) نکل کر ( ان لوگوں سے ) کہے گا کہ چلو ۔ میں کہوں گا کہ ان کو کدھر لے چلے ؟ وہ کہے گا دوزخ کی طرف ، اللہ کی قسم ( اور کہاں ) ۔ میں کہوں گا کہ اس کا کیا سبب ہے ؟ وہ کہے گا کہ یہ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد ( دین سے ) الٹے پاؤں پھر گئے تھے ( اور اللہ کے احکامات کو پس پشت ڈال دیا تھا ) ۔ پھر ( ان کے بعد ) ایک اور گروہ آئے گا اور جب میں ان کو پہچان لوں گا ( کہ میری امت کے لوگ ہیں ) تو میرے اور ان کے درمیان ایک شخص ( فرشتہ ) نکلے گا اور کہے گا کہ چلو ۔ میں کہوں گا کہ ان کو کہاں لے جاؤ گے ؟ وہ کہے گا دوزخ کی طرف میں کہوں گا کیوں ؟ وہ کہے گا کہ یہ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد دین سے الٹے پاؤں پھر گئے تھے ۔ “ ( اور اللہ کے احکامات کو پشت ڈال دیا تھا ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” پھر ان میں سے بہت ہی تھوڑے ( لوگ ) بچیں گے ۔ “
حدیث نمبر: 2136
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا حارثہ بن وہب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حوض کوثر کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا : ” اس کا طول اتنا ہے جیسے مدینہ سے صنعاء یمن تک ( کی مسافت ) ۔ “