حدیث نمبر: 1987
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سفید کپڑے پہنے ہوئے سو رہے تھے ۔ پھر تھوڑی دیر کے بعد گیا تو جاگ رہے تھے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ( اس وقت ) یہ فرمایا : ” جس نے کلمہ لا الہٰ الا اللہ کہا اور اسی پر اس کا خاتمہ ہوا تو وہ ضرور جنت میں داخل ہو گا ۔ “ میں نے کہا اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو ۔ “ میں نے دوبارہ کہا اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو ۔ “ میں نے تیسری مرتبہ کہا اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو ۔ “ ( اور ) ابوذر کی ناک خاک آلود ہو ۔ “ ( یعنی اگرچہ ابوذر کو برا معلوم ہو ) ۔ اور جب سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ اس حدیث کو بیان کرتے تو ( بطریق فخر ) فرماتے ” ابوذر کی ناک خاک آلود ہو ۔ “