کتب حدیث ›
مختصر صحيح بخاري › ابواب
› باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام سیدنا زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا بیان ۔
حدیث نمبر: 1540
ابوعبداللہ آصف
´ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` میرے پاس ایک قیافہ جاننے والا ( مدلجی ) آیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی موجود تھے اور سیدنا اسامہ بن زید اور سیدنا زید بن حارثہ ( رضی اللہ عنہما ) ( دونوں باپ بیٹا ایک چادر میں ) لیٹے ہوئے تھے ( منہ اور جسم کا سارہ حصہ قدموں کے سوا چھپا ہوا تھا ) تو اس نے کہا کہ یہ پاؤں تو ایک دوسرے سے نکلے ہیں پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس بات سے بہت خوش ہوئے اور اسے پسند کیا ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے یہ بات بیان کی ۔
حدیث نمبر: 1541
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لشکر تیار کیا اور اس کا سردار سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کو مقرر کیا ( جو نوعمر اور کمسن تھے ) بعض لوگوں نے سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہ کی سرداری پر طعن کیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ( لوگو ! ) اگر تم اسامہ کی سرداری پر طعن کرتے ہو تو اس سے پہلے تم نے اس کے باپ کی سرداری پر بھی طعن کیا ، اللہ کی قسم ! بیشک وہ ( زید رضی اللہ عنہ ) سرداری کے لائق تھا اور ان لوگوں میں سے تھا جو مجھے سب سے زیادہ محبوب ہیں اور اس کے بعد یہ ( اسامہ رضی اللہ عنہ ) بھی مجھے محبوب ترین لوگوں میں سے ہے ۔ “