حدیث نمبر: 1198
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` جب اللہ نے یہ آیت نازل فرمائی ” اور اپنے قریب کے عزیز ، رشتہ داروں کو عذاب الٰہی سے ڈراؤ “ ( شعراء : 216 ) تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہو گئے اور فرمایا : ” اے گروہ قریش ! ( یا کوئی اسی قسم کا اور لفظ فرمایا ) تم اپنی جانوں کو بچاؤ ! میں اللہ ( کے عذاب ) سے تمہیں بھی نہیں بچا سکتا ۔ اے بنی عبد مناف ! میں تمہیں اللہ ( کے عذاب ) سے نہیں بچا سکتا اے عباس بن عبدالمطلب ! میں تمہیں اللہ ( کے عذاب ) سے نہیں بچا سکتا اور اے صفیہ ! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی ! میں تمہیں اللہ ( کے عذاب ) سے نہیں بچا سکتا اور اے فاطمۃالزہراء بنت محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) ! تم مجھ سے میرا مال جس قدر چاہو لے لو مگر میں اللہ ( کے عذاب ) سے تمہیں بھی نہیں بچا سکتا ۔ “