کتب حدیثمختصر صحيح بخاريابوابباب: سورج گرہن میں صدقہ دینا ۔
حدیث نمبر: 562
ابوعبداللہ آصف
´ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں ( ایک مرتبہ ) سورج گرہن ہوا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو نماز پڑھائی اور ( نماز میں ) بہت طویل قیام کیا ۔ پھر رکوع کیا تو وہ بھی بہت طویل کیا ۔ پھر ( رکوع کے بعد ) قیام کیا تو بہت طویل قیام کیا اور پہلے قیام سے کم تھا ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے طویل رکوع کیا اور پہلے رکوع سے کم تھا ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سجدہ کیا اور بہت طویل سجدہ کیا ۔ پھر دوسری رکعت میں بھی اسی کے مثل کیا جو پہلی رکعت میں کیا تھا اس کے بعد نماز مکمل کی اور اس وقت تک آفتاب صاف ہو چکا تھا ۔ پھر لوگوں کے سامنے خطبہ دیا ، اللہ کی حمد و ثنا بیان کی اور فرمایا : ” آفتاب اور ماہتاب اللہ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں ، نہ کسی کے مرنے سے گرہن میں آتے ہیں اور نہ کسی کی زندگی سے ۔ پس تم جب اسے دیکھو تو اللہ سے دعا کرو اور اس کی بڑائی بیان کرو اور نماز پڑھو اور صدقہ دو ۔ “ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اے امت محمد ! اللہ کی قسم ! اللہ سے زیادہ کوئی اس بات کی غیرت نہیں رکھتا کہ اس کا غلام یا اس کی لونڈی زنا کرے ۔ اے امت محمد ! اللہ کی قسم ! اگر تم لوگ ان باتوں کو جان لو جو میں جانتا ہوں تو تمہیں ہنسی بہت کم اور رونا بہت زیادہ آئے ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 562