کتب حدیثمختصر صحيح بخاريابوابباب: نماز عصر کا فضیلت ( کا بیان ) ۔
حدیث نمبر: 342
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چاند کی طرف نظر کی اور فرمایا کہ بیشک تم اپنے پروردگار کو اسی طرح دیکھو گے جیسے اس چاند کو دیکھ رہے ہو ۔ اس کے دیکھنے میں وقت ، تکلیف یا مشکل محسوس نہ کرو گے ۔ لہٰذا اگر تم یہ کر سکتے ہو کہ آفتاب کے طلوع و غروب سے پہلے کی نماز پر ( شیطان سے ) مغلوب نہ ہو تو کر لو ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت تلاوت فرمائی : ” پس آفتاب کے طلوع و غروب ہونے سے پہلے اپنے پروردگار کی تعریف کے ساتھ پاکی بیان کرو ۔ “
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 342
حدیث نمبر: 343
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” کچھ فرشتے رات کو تمہارے پاس یکے بعد دیگرے آتے ہیں اور کچھ فرشتے دن کو اور یہ سب فجر اور عصر کی نماز میں جمع ہو جاتے ہیں ۔ پھر جو فرشتے رات کو تمہارے پاس رہے ہیں ( آسمان پر ) چڑھ جاتے ہیں ، تو ان سے ان کا پروردگار پوچھتا ہے ، حالانکہ وہ خود اپنے بندوں سے خوب واقف ہے ، کہ تم نے میرے بندوں کو کس حال میں چھوڑا ہے ؟ وہ کہتے ہیں کہ ہم نے انھیں نماز پڑھتے ہوئے چھوڑا اور ( جب ) ہم ان کے پاس پہنچے تھے ( تب بھی ) وہ نماز پڑھ رہے تھے ۔ “
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 343