کتب حدیثمختصر صحيح بخاريابوابباب: گرمی کی شدت میں ظہر کو ٹھنڈا کر کے پڑھنا ۔
حدیث نمبر: 332
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ` آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب گرمی زیادہ بڑھ جائے تو نماز کو ٹھنڈا کر کے پڑھا کرو ۔ اس لیے کہ گرمی کی شدت جہنم کے جوش سے ( ہوتی ) ہے اور جہنم نے اپنے پروردگار سے شکایت کی اور کہا کہ اے میرے پروردگار ! میرے ایک حصہ نے دوسرے حصہ کو کھا لیا تو اللہ تعالیٰ نے اسے دو مرتبہ سانس لینے کی اجازت دی ، ایک سانس کی سردی میں اور ایک سانس کی گرمی میں ۔ اور وہی سخت گرمی ہے جس کو تم محسوس کرتے ہو اور سخت سردی ہے جسے تم پاتے ہو ۔ “
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 332
حدیث نمبر: 333
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوذرغفاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` ہم کسی سفر میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے ، مؤذن نے چاہا کہ ظہر کی اذان دے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا : ” ٹھنڈا ہونے دو ۔ “ پھر اس نے چاہا کہ اذان دے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا : ” ٹھنڈا ہونے دو ۔ “ یہاں تک کہ ہم نے ٹیلوں کا سایہ دیکھا ۔ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” گرمی کی شدت جہنم کے جوش سے ( ہوتی ) ہے ، لہٰذا جب گرمی کی شدت ہو جائے تو ( ظہر کی ) نماز کو ٹھنڈا کر کے پڑھو ۔ “
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 333