کتب حدیثمختصر صحيح بخاريابوابباب: زکوٰۃ ادا کرنا اسلام میں سے ہے ۔
حدیث نمبر: 43
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` ایک شخص نجد کا رہنے والا پراگندہ حال ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا ۔ ہم اس کی آواز کی گنگناہٹ سنتے تھے مگر یہ نہ سمجھ پاتے کہ کیا کہتا ہے ؟ یہاں تک کہ جب وہ قریب آیا تو ( معلوم ہوا کہ ) وہ اسلام کی بابت آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھ رہا ہے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : دن رات میں پانچ نمازیں ہیں ۔ وہ شخص بولا کہ کیا ان کے علاوہ ( بھی کوئی ) نماز میرے اوپر ( فرض ) ہے ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : نہیں ! مگر یہ کہ تو اپنی خوشی سے ( نفل ) پڑھے ۔ ( پھر ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اور ماہ رمضان کے روزے ۔ اس نے عرض کی کہ کیا اس کے علاوہ ( اور روزے بھی ) میرے اوپر فرض ہیں ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : نہیں ! مگر یہ کہ تو اپنی خوشی سے رکھے ۔ ( سیدنا طلحہ رضی اللہ عنہ ) کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے زکوٰۃ کا بھی ذکر کیا ، اس نے کہا کہ کیا میرے اوپر اس کے علاوہ ( اور کوئی صدقہ بھی فرض ) ہے ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : نہیں ! مگر یہ کہ تو اپنی خوشی سے دے ۔ سیدنا طلحہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ پھر وہ شخص یہ کہتا ہوا پلٹا کہ اللہ کی قسم ! میں ان ( مذکورہ فرائض ) میں نہ اضافہ کروں گا اور نہ ( اس میں ) کمی کروں گا ۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر یہ سچ کہہ رہا ہے تو کامیاب ہو گیا ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 43