مختصر صحيح بخاري
— نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے فضائل مناقب
باب: سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا بیان ۔
´سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں ایک خواب دیکھا جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا ۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ گویا کہ میں ایک باغ میں ہوں اور اس کی کشادگی اور سرسبزی کی تعریف کی ، اور اس کے درمیان میں ایک لوہے کا ستون ہے جس کا پایہ زمین میں ہے اور سر آسمان میں ، اس کے اوپر کی طرف ایک کڑا لگا ہے ۔ تو مجھے کہا گیا کہ اس کے اوپر چڑھ ۔ میں نے کہا کہ میں اتنی طاقت نہیں رکھتا ( نہیں چڑھ سکتا ) پھر ایک خدمتگار آیا اور اس نے پیچھے کی طرف سے میرے کپڑے اٹھا دیے ، پس میں چڑھنے لگا یہاں تک کہ چوٹی پر پہنچ گیا اور میں نے وہ کڑا پکڑ لیا تو مجھ سے کہا گیا کہ مضبوطی سے تھامے رکھ ۔ جب تک میں نیند سے اٹھا یہ کڑا تھامے رہا ۔ میں نے یہ خواب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” باغ سے دین اسلام مراد ہے اور ستون سے مراد اسلام کا ستون ( کلمہ شہادت یا پانچوں ارکان ) اور کڑا عروۃ الوثقی ہے اور تو اپنی موت تک اسلام پر قائم رہے گا ۔ “