حدیث نمبر: 864
حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ عَلِيِّ بْنِ دَلُّوَيْهِ الْبَغْدَادِيُّ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ ثَابِتٍ الْجَحْدَرِيُّ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ خَالِدِ بْنِ عَثْمَةَ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ الْمُنِيبِ الْمَدِينِيُّ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، سَمِعْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ ، يَقُولُ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : "اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِلأَنْصَارِ ، وَلأَزْوَاجِ الأَنْصَارِ ، وَلِذَرَارِيِّهِمْ ، وَذَرَارِيِّ ذَرَارِيِّهِمْ "، لَمْ يَرْوِهِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْمُنِيبِ ، إِلا مُحَمَّدُ بْنُ خَالِدِ بْنِ عَثْمَةَ ، تَفَرَّدَ بِهِ أَحْمَدُ بْنُ ثَابِتٍ
ترجمہ: عبدالصمد ریالوی

سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ دعا کرتے ہوئے سنا: «اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِلْأَنْصَارِ، وَالْأَزْوَاجِ الْأَنْصَارِ، وَلِذَرَارِيِّهِمْ، وَذَرَارِيِّ ذَرَارِيِّهِمْ» ”اے اللہ! انصار کو اور ان کی بیویوں کو اور ان کی اولاد کو اور ان کی اولاد کی اولاد کو معاف فرما دے۔“

حوالہ حدیث معجم صغير للطبراني / كتاب المناقب / حدیث: 864
درجۂ حدیث محدثین: صحيح
تخریج حدیث «صحيح ، أخرجه مسلم فى «صحيحه» برقم: 2507، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 7280، 7282، والنسائي فى «الكبریٰ» برقم: 8292، والترمذي فى «جامعه» برقم: 3909، وأحمد فى «مسنده» برقم: 12789، والطبراني فى«الكبير» برقم: 735، والطبراني فى «الأوسط» برقم: 1493، 2169، 6045، والطبراني فى «الصغير» برقم: 354، وعبد الرزاق فى «مصنفه» برقم: 19913»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 4906 | صحيح مسلم: 2507 | سنن ترمذي: 3909

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4906 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
4906. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں: حرہ کے روز جو لوگ شہید کر دیے گئے، ان کے متعلق مجھے بہت غم ہوا۔ حضرت زید بن ارقم ؓ کو جب میرے غمزدہ ہونے کی اطلاع پہنچی تو انہوں نے تعزیت و تسلی کے طور پر مجھے ایک خط لکھا اور فرمایا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ دعا کرتے ہوئے سنا ہے: ’’اے اللہ! انصار کی مغفرت فرما اور انصار کے بیٹوں کی بھی مغفرت فرما۔‘‘ (راوی حدیث) حضرت عبداللہ بن فضل کو شک تھا کہ آپ ﷺ نے انصار کے پوتوں کا بھی ذکر کیا تھا یا نہیں۔ اس مجلس کے حاضرین میں سے کسی نے حضرت انس ؓ سے پوچھا (حضرت زید بن ارقم ؓ کون ہیں؟) تو انہوں نے جواب دیا: یہ وہی ہیں جن کے متعلق رسول اللہ ﷺ فرماتے تھے: ’’یہ وہی صاحب ہیں جن کے کان سے سنی ہوئی خبر کی اللہ تعالٰی نے تصدیق کی ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:4906]
حدیث حاشیہ: حرہ مدینہ کا ایک میدان ہے، 63ھ میں جہاں پر یزیدیوں نے پڑاؤ کیا جب کہ مدینہ منورہ کے لوگوں نے یزید کی بیعت سے انکار کر دیا تھا۔
اس نے ایک فوج بھیجی جس نے مدینہ منورہ پہنچ کر وہاں قتل عام کیا۔
انصار کی ایک بہت بڑی تعداد اس حادثہ میں شہید ہو گئی تھی۔
حضرت انس ان دونوں بصرہ میں تھے جب ان کو اس کی خبر ملی تو بہت رنجیدہ ہوئے۔
حضرت زید بن ارقم کی تصدیق سے مراد یہی ہے کہ اللہ پاک نے منافقوں کے خلاف بیان دینے میں ان کی تصدیق کے لئے سورۃ منافقون نازل فرمائی تھی۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4906 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4906 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
4906. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں: حرہ کے روز جو لوگ شہید کر دیے گئے، ان کے متعلق مجھے بہت غم ہوا۔ حضرت زید بن ارقم ؓ کو جب میرے غمزدہ ہونے کی اطلاع پہنچی تو انہوں نے تعزیت و تسلی کے طور پر مجھے ایک خط لکھا اور فرمایا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ دعا کرتے ہوئے سنا ہے: ’’اے اللہ! انصار کی مغفرت فرما اور انصار کے بیٹوں کی بھی مغفرت فرما۔‘‘ (راوی حدیث) حضرت عبداللہ بن فضل کو شک تھا کہ آپ ﷺ نے انصار کے پوتوں کا بھی ذکر کیا تھا یا نہیں۔ اس مجلس کے حاضرین میں سے کسی نے حضرت انس ؓ سے پوچھا (حضرت زید بن ارقم ؓ کون ہیں؟) تو انہوں نے جواب دیا: یہ وہی ہیں جن کے متعلق رسول اللہ ﷺ فرماتے تھے: ’’یہ وہی صاحب ہیں جن کے کان سے سنی ہوئی خبر کی اللہ تعالٰی نے تصدیق کی ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:4906]
حدیث حاشیہ:

حرّہ، مدینہ طیبہ کے آس پاس کے ایک علاقے کا نام ہے۔
اس کے میدان میں سیاہ پتھر پڑے ہیں۔
جب اہل مدینہ نے یزید کی بیعت سے انکار کردیا تو وہاں قتل وغارت کا بازار گرم ہوا۔
یہ تاریخ کا سیاہ ترین واقعہ ہے لیکن اس کے متعلق مورخین نے بہت مبالغہ آمیزی سے کام لیا ہے۔

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس وقت بصرے میں تھے۔
انھیں اس واقعے کا بہت دکھ ہوا تو انھیں تسلی دینے کے لیے حضرت زید بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کوفے سے خط لکھا جس کا خلاصہ یہ ہے: جو لوگ اللہ کی طرف سے مغفرت یافتہ ہیں، ان پر زیادہ غم نہیں کرنا چاہیے۔
ایک روایت میں انصار کے پوتوں کے متعلق بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعائے مغفرت کا ذکر ہے۔
(مسند أحمد: 139/3)

اس حدیث کو امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس لیے ذکر کیا ہے کہ اس کے آخر میں منافقین اور مذکورہ آیت کے نزول واقعہ کی طرف واضح اشارہ ہے۔
حضرت زید بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی واقعہ پچھلے صفحات میں تفصیل سے بیان ہوا ہے جس میں منافقین اور ان کے کردار کا واضح تذکرہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں کسی مصلحت کے پیش نظر کوئی سزا نہ دی، حالانکہ یہ لوگ قتل کے حقدار تھے۔
اس کی وضاحت ہم آئندہ حدیث کے فوائد میں کریں گے۔
بإذن اللہ تعالیٰ۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4906 سے ماخوذ ہے۔