حدیث نمبر: 110
‏‏‏‏وَعَن مطر بن عكام قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «إِذَا قَضَى اللَّهُ لِعَبْدٍ أَنْ يَمُوتَ بِأَرْضٍ جَعَلَ لَهُ إِلَيْهَا حَاجَةً» . رَوَاهُ أَحْمَدُ وَالتِّرْمِذِيّ
الشیخ عبدالستار الحماد

مطر بن عکام بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ’’جب اللہ کسی بندے کے متعلق فیصلہ فرماتا ہے کہ اسے فلاں جگہ موت آ جائے تو وہ اس شخص کے لیے اس جگہ کوئی ضرورت پیدا کر دیتا ہے۔ ‘‘ اس حدیث کو احمد اور ترمذی نے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث مشكوة المصابيح / كتاب الإيمان / حدیث: 110
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح
تخریج حدیث ´تحقيق و تخريج: محدث العصر حافظ زبير على زئي رحمه الله` «صحيح، رواه أحمد (5/ 227 ح 22332) والترمذي (2146 وقال: ھذا حديث حسن غريب و 2147)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2146

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ زبیر علی زئی
´چھ قسم کے ملعون`
«. . . ‏‏‏‏وَعَن مطر بن عكام قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «إِذَا قَضَى اللَّهُ لِعَبْدٍ أَنْ يَمُوتَ بِأَرْضٍ جَعَلَ لَهُ إِلَيْهَا حَاجَةً» . رَوَاهُ أَحْمَدُ وَالتِّرْمِذِيّ . . .»
. . . سیدنا مطر بن عکامیں رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب اللہ کسی شخص کے بارے میں فیصلہ فرماتا ہے کہ وہ فلاں علاقے میں فوت ہو گا تو اللہ اس کو اس علاقے کی طرف (جانے کے) سبب بنا دیتا ہے۔ (احمد، ترمذی) . . . [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 110]
تخریج:
[سنن ترمذي 2146]
تحقیق الحدیث:
صحیح ہے۔
◈ اسے حاکم [1؍42 ح125، 126] اور ذہبی نے بخاری و مسلم کی شرط پر صحیح کہا ہے۔
◈ اس میں ابواسحاق السبیعی مدلس راوی ہیں، لیکن سنن الترمذی [2147] میں اس کا بعینہ اسی معنی کا صحیح شاہد بھی ہے، جس کے بارے میں امام ترمذی نے کہا: «هٰذا حديث صحيح» اس کی سند صحیح ہے۔
اور اسے ابن حبان [الموارد: 1815] حاکم [42/1] اور ذہبی نے صحیح کہا ہے۔
فقہ الحدیث:
➊ جس آدمی کے مرنے کا تقدیر میں جو وقت اور جگہ اللہ کی طرف سے مقرر ہے وہ وہاں پہنچ جاتا ہے۔
➋ عقیدہ تقدیر برحق ہے۔
➌ بعض نسخوں میں «عكامس» کی جگہ «عكام» لکھا ہوا ہے جبکہ صحیح «عكامس» ہے جیسا کہ مشکوٰۃ درسی نسخہ ہند ص [22] میں ہے۔
درج بالا اقتباس اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 110 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2146 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´موت اسی جگہ آتی ہے جہاں مقدر ہوتی ہے۔`
مطر بن عکامس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب اللہ تعالیٰ کسی بندے کی موت کے لیے کسی زمین کا فیصلہ کر دیتا ہے تو وہاں اس کی کوئی حاجت و ضرورت پیدا کر دیتا ہے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب القدر/حدیث: 2146]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
چنانچہ بندہ اپنی ضرورت کی تکمیل کے لیے زمین کے اس حصہ کی جانب سفر کرتا ہے جہاں اللہ نے اس کی موت اس کے لیے مقدر کر رکھی ہے، پھر وہاں پہنچ کر اس کی موت ہوتی ہے،  ﴿وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ بِأَيِّ أَرْضٍ تَمُوتُ﴾ (لقمان: 34) (اورکسی جان کو اس بات کا علم نہیں ہوتاکہ اُس کی موت کسی سرزمین میں آئے گی) اسی طرف اشارہ ہے کہ زمین کے کس حصہ میں موت آئے گی کسی کو کچھ خبر نہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2146 سے ماخوذ ہے۔