حدیث نمبر: 960
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عُبَيْدٍ ، عَنْ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : " كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُعَلِّمُنَا أَنْ لَا نُبَادِرَ الْإِمَامَ بِالرُّكُوعِ وَالسُّجُودِ ، وَإِذَا كَبَّرَ فَكَبِّرُوا ، وَإِذَا سَجَدَ فَاسْجُدُوا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں سکھاتے کہ ہم رکوع اور سجدے میں امام سے پہل نہ کریں اور ( فرماتے ) جب امام «اللہ اکبر» کہے تو تم بھی «اللہ اکبر» کہو ، اور جب سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: مطلب یہ ہے کہ مقتدی کو ہر ایک رکن امام کے بعد کرنا چاہئے، امام کے ساتھ ساتھ یا امام سے پہلے یا امام کے بعد زیادہ دیر سے کرنا درست نہیں ہے۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب إقامة الصلاة والسنة / حدیث: 960
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح
تخریج حدیث « تفرد بہ ابن ماجہ ، ( تحفة الأشراف : 12447 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 415

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´امام سے پہلے رکوع یا سجدہ میں جانا منع ہے۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں سکھاتے کہ ہم رکوع اور سجدے میں امام سے پہل نہ کریں اور (فرماتے) جب امام «اللہ اکبر» کہے تو تم بھی «اللہ اکبر» کہو، اور جب سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 960]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
نمازشروع کرتے وقت اور ایک حالت سے دوسری حالت میں منتقل ہوتے وقت امام سے پہلے حرکت کرنا سخت منع ہے۔

(2)
صحابہ کرام رضوان للہ عنہم اجمعین ایک حالت سے دوسری حالت میں منقتل ہوتے وقت رسول اللہ ﷺ سے اس قدر پیچھے رہتے تھے۔
کہ رسول اللہ ﷺ جب اللہ اکبر کہہ کر سجدے میں جاتے تھے۔
تو جب تک آپﷺ زمین پر سر مبارک نہ رکھ دیتے۔
صحابہ کرام رضوان للہ عنہم اجمعین قومے ہی میں کھڑے رہتے سجدے کے لئے نہ جھکتے تھے۔
دیکھئے:(صحیح البخاري، الأذان، باب متی یسجد من خلف الإمام؟، حدیث 690، وصحیح مسلم، الصلاۃ، باب متابعة الإمام والعمل بعدہ، حدیث: 474)
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 960 سے ماخوذ ہے۔