سنن ابن ماجه
كتاب إقامة الصلاة والسنة— کتاب: اقامت صلاۃ اور اس کے سنن و آداب اور احکام و مسائل
بَابُ : مَا يَقْطَعُ الصَّلاَةَ باب: کس چیز کے نمازی کے سامنے گزرنے سے نماز ٹوٹ جاتی ہے؟
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ حُمَيْدِ بْنِ هِلَالٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الصَّامِتِ ، عَنْ أَبِي ذَرٍّ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " يَقْطَعُ الصَّلَاةَ إِذَا لَمْ يَكُنْ بَيْنَ يَدَيِ الرَّجُلِ مِثْلُ مُؤَخِّرَةِ الرَّحْلِ : الْمَرْأَةُ ، وَالْحِمَارُ ، وَالْكَلْبُ الْأَسْوَدُ " ، قَالَ : قُلْتُ : مَا بَالُ الْأَسْوَدِ مِنَ الْأَحْمَرِ ؟ فقَالَ : سَأَلْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَمَا سَأَلْتَنِي فَقَالَ : " الْكَلْبُ الْأَسْوَدُ شَيْطَانٌ " .
´ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب نمازی کے آگے کجاوہ کی لکڑی کے مثل کوئی چیز نہ ہو تو اس کی نماز عورت ، گدھے اور کالے کتے کے گزرنے سے ٹوٹ جاتی ہے “ ۱؎ ۔ عبداللہ بن صامت رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے ابوذر رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ کالے کتے کی تخصیص کی کیا وجہ ہے ؟ اگر لال کتا ہو تو ؟ انہوں نے کہا : میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی سوال کیا تھا جو تم نے مجھ سے کیا ہے تو آپ نے فرمایا : ” کالا کتا شیطان ہے “ ۲؎ ۔
حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ”جب آدمی کے سامنے کجاوے کی پچھلی لکڑی جیسی کوئی چیز (سترہ کے طور پر) موجود نہ ہو تو عورت، گدھا اور کالا کتا نماز توڑ دیتے ہیں۔“ حضرت عبداللہ بن صامت رحمہ اللہ نے عرض کیا: ”سیاہ اور سرخ میں فرق کی کیا وجہ ہے؟“ حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”جس طرح تو نے مجھ سے پوچھا ہے، اسی طرح میں نے بھی رسول اللہ ﷺ سے سوال کیا تھا، چنانچہ آپ ﷺ نے فرمایا تھا: ”کالا کتا شیطان ہوتا ہے۔“”
تشریح، فوائد و مسائل
ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب نمازی کے آگے کجاوہ کی لکڑی کے مثل کوئی چیز نہ ہو تو اس کی نماز عورت، گدھے اور کتے کے گزرنے سے ٹوٹ جاتی ہے " ۱؎۔ عبداللہ بن صامت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے ابوذر رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ کالے کتے کی تخصیص کی کیا وجہ ہے؟ اگر لال کتا ہو تو؟ انہوں نے کہا: میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی سوال کیا تھا جو تم نے مجھ سے کیا ہے تو آپ نے فرمایا: " کالا کتا شیطان ہے " ۲؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 952]
فوائد و مسائل:
(1)
حدیث کا مطلب یہ ہے کہ شیطان کالے کتے کو نمازی کے سامنے لاتا ہے۔
یا خود شیطان کتے کی صورت بن کر آ جاتا ہے۔
تاکہ نمازی کی توجہ اس کی طرف ہوجائے۔
ویسے بھی بعض جانوروں میں شیطان سے مناسبت پائی جاتی ہے۔
اور ان میں شرارت کا مادہ زیادہ ہوتا ہے۔
(2)
ان کے گزرنے سے واقعی نماز ٹوٹ جاتی ہے۔
اس کی بابت اختلاف ہے۔
علماء کا ایک گروہ نماز ٹوٹ جانے کا قائل ہے جیسا کہ حدیث کے ظاہری الفاظ سے معلوم ہوتا ہے دوسرے علماء کہتے ہیں کہ نماز ٹوٹنے سے مراد خشوع خضوع میں کمی ہے۔
ایک تیسری رائے یہ ہے کہ یہ حدیث منسوخ ہے اور اس کی ناسخ یہ حدیث ہے۔ (لَايَقْطَعُ الصَّلاَةَ شَيْئٌُ)
(سنن ابی داؤد، الصلاۃ، باب من قال لا یقطع...، حدیث: 719)
’’نماز کو کوئی چیز نہیں توڑتی‘‘ لیکن پہلا موقف راجح ہے کیونکہ اس کی تائید ایک اور صحیح حدیث سے ہوتی ہے جس میں ہے: (تعاد الصلاة من ممر الحمار والمرأة والكلب الأسود)
(الصحيحة: 959/7، حديث: 3323)
’’گدھے، عورت اور سیاہ کتے کے گزرنے پر نماز لوٹائی جائے‘‘ اور جنھوں نے (لَايَقْطَعُ الصَّلاَةَ شَيْئٌُ)
سے استدلال کیا ہے۔
ان کے نزدیک تو اس عموم سے وہ تین چیزیں خارج ہوں گی۔
جن کے گزرنے سے نماز ٹوٹ جاتی ہے۔
اور وہ ہیں۔
عورت گدھا اور کالا کتا۔
اس حدیث کے عموم سے مذکورہ تینوں چیزیں مستثنیٰ ہوں گی۔
یعنی ان کے گزرنے سے نماز ٹوٹ جائے گی۔
اوراس کا اعادہ ضروری ہوگا البتہ ان کےعلاوہ کسی چیز کے گزرنے سے نماز نہیں ٹوٹے گی۔
واللہ أعلم۔