حدیث نمبر: 910
حَدَّثَنَا يُوسُفُ بْنُ مُوسَى الْقَطَّانُ ، حَدَّثَنَا جَرِيرٌ ، عَنْ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِرَجُلٍ : " مَا تَقُولُ فِي الصَّلَاةِ ؟ " ، قَالَ : أَتَشَهَّدُ ، ثُمَّ أَسْأَلُ اللَّهَ الْجَنَّةَ ، وَأَعُوذُ بِهِ مِنَ النَّارِ ، أَمَا وَاللَّهِ مَا أُحْسِنُ دَنْدَنَتَكَ وَلَا دَنْدَنَةَ مُعَاذٍ ، فَقَالَ : " حَوْلَهَا نُدَنْدِنُ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی سے فرمایا : ” تم نماز میں کیا کہتے ہو ؟ “ ، اس نے کہا : میں تشہد پڑھتا ہوں ، پھر اللہ تعالیٰ سے جنت کا سوال کرتا ہوں اور جہنم سے پناہ مانگتا ہوں ، لیکن اللہ کی قسم ! میں آپ کی اور معاذ کی گنگناہٹ اچھی طرح نہیں سمجھتا ۱؎ ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ہم بھی اسی کے گرد گنگناتے ہیں “ ۲؎ ۔

وضاحت:
۱؎: یعنی آپ ﷺ اور معاذ دھیمی آواز میں دعاء مانگا کرتے تھے۔ ۲؎: یعنی جنت کے سوال اور جہنم سے پناہ مانگنے جیسی دعائیں ہماری بھی ہوتی ہیں۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب إقامة الصلاة والسنة / حدیث: 910
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, سنن أبي داود (792) وانظر الحديث الآتي (3847), انوار الصحيفه، صفحه نمبر 410
تخریج حدیث « تفرد بہ ابن ماجہ ، ( تحفة الأشراف : 12363 ، ومصباح الزجاجة : 332 ) ، وقد أخرجہ : سنن ابی داود/الصلاة 127 ( 792 ) ، مسند احمد ( 3/474 ، 5/74 ) ( صحیح ) ( حدیث مکرر ہے ، ملاحظہ کریں : 3847 ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 3847

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´تشہد اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود (نماز) کے بعد کیا دعا پڑھے؟`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی سے فرمایا: تم نماز میں کیا کہتے ہو؟ ، اس نے کہا: میں تشہد پڑھتا ہوں، پھر اللہ تعالیٰ سے جنت کا سوال کرتا ہوں اور جہنم سے پناہ مانگتا ہوں، لیکن اللہ کی قسم! میں آپ کی اور معاذ کی گنگناہٹ اچھی طرح نہیں سمجھتا ۱؎، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہم بھی اسی کے گرد گنگناتے ہیں ۲؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 910]
اردو حاشہ:
فوائدو مسائل: (1) (دندنة)
 اس کلام کو کہتے ہیں۔
جو سمجھ میں نہ آئے اس کا مطلب یہ ہے کہ مجھے آپ کی طرح لمبی لمبی دعایئں نہیں آتیں۔
میں تو مختصر سی دعا مانگتا ہوں۔

(2)
رسول اللہ ﷺ نے اس کی دعا کو پسند فرمایا کیونکہ یہ مختصر اور جامع ہے۔
اور سب سے اہم چیز بلکہ عبادات کا مقصود ہی یہ ہے۔
کہ آخرت میں اللہ کی رضا حاصل ہوجائے۔

(3) (حولھا ندندن)
’’ہم بھی اس کے بارے میں گنگناتے ہیں۔‘‘
اس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری لمبی چوڑی دعاؤں کا مقصو د بھی یہی ہے کہ دنیا اور آخرت میں اللہ کی رضا حاصل ہواور اس کے غضب سے محفوظ رہیں۔

(4)
صوفیا میں جو مشہور ہے۔
کہ ہم صرف اللہ کی محبت کی وجہ سے عمل کرتے ہیں۔
جنت کی خواہش میں یا جہنم کے خوف سے نہیں کرتے۔
یہ سوچ درست نہیں۔
رسول اللہ ﷺ اللہ کے عظیم ترین اور مقرب ترین بندے ہیں۔
بندے پر اللہ کے حقوق اور اللہ سے محبت کےآداب سے جس قدر نبی کریم ﷺ واقف تھے۔
کوئی اوراس مقام تک نہیں پہنچ سکتا۔
اس کے باوجود آپﷺ نے جنت کی دعا کی اور جہنم سے پناہ مانگی۔
کیونکہ جنت اللہ کی نعمتوں کا نام ہے۔
اور جنت میں اللہ کا دیدار ہوگا۔
اس لئے جنت سے اعراض اصل میں اللہ کے قرب سے اعراض ہے جو محبت الٰہی کے منافی ہے۔
اور جہنم سے بے خوفی اللہ ک غضب سے بے خوفی ہے۔
جو اہل ایمان کا شیوہ نہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 910 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3847 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´جامع دعاؤں کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص سے پوچھا: تم نماز میں کیا کہتے ہو ؟ اس نے کہا: میں تشہد (التحیات) پڑھتا ہوں، پھر اللہ سے جنت کا سوال کرتا ہوں اور جہنم سے اس کی پناہ مانگتا ہوں، لیکن اللہ کی قسم میں آپ کی اور معاذ کی گنگناہٹ اچھی طرح سمجھ نہیں پاتا ہوں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہم بھی تقریباً ویسے ہی گنگناتے ہیں۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الدعاء/حدیث: 3847]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
تشہد میں سلام پھیرنے سے پہلے دنیا اور آخرت کی ضرورت کی کوئی بھی دعا مانگی جا سکتی ہے۔
اس مقصد کے لیے قرآن اور حدیث کی کوئی مناسب دعا پڑھی جا سکتی ہے۔

(2)
استاد یا عالم کو اپنے شاگردوں اور مقتدیوں کے حالات سے باخبر رہنا چاہیے تا کہ ان کی رہنمائی ان کے حالات اور ضرورت کے مطابق کی جا سکے۔

(3)
اگر مقتدی کبھی بے تکلفی کا لہجہ اختیار کرے تو عالم کو برا نہیں منانا چاہیے۔

(4)
جنت کا حصول اور جہنم سے بچاؤ عبادات کا اہم ترین مقصد ہے، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ ہماری لمبی چوڑی دعاؤں کا مقصد بھی یہی ہے۔
مزید تفصیل کےلیے سنن ابن ماجہ ہی کی حدیث: 910 کے فوائد و مسائل ملاحظہ فرمائیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3847 سے ماخوذ ہے۔