سنن ابن ماجہ — حدیث نمبر 887
باب: رکوع اور سجدہ میں پڑھی جانے والی دعا (تسبیح) کا بیان۔
بَابُ : التَّسْبِيحِ فِي الرُّكُوعِ وَالسُّجُودِ
حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ رَافِعٍ الْبَجَلِيُّ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ الْمُبَارَكِ ، عَنْ مُوسَى بْنِ أَيُّوبَ الْغَافِقِيِّ ، قَالَ : سَمِعْتُ عَمِّي إِيَاسَ بْنَ عَامِرٍ ، يَقُولُ : سَمِعْتُ عُقْبَةَ بْنَ عَامِرٍ الْجُهَنِيَّ ، يَقُولُ : " لَمَّا نَزَلَتْ : فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِيمِ سورة الواقعة آية 74 ، قَالَ لَنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : اجْعَلُوهَا فِي رُكُوعِكُمْ ، فَلَمَّا نَزَلَتْ : سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الأَعْلَى سورة الأعلى آية 1 ، قَالَ لَنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : اجْعَلُوهَا فِي سُجُودِكُمْ " .
´عقبہ بن عامر جہنی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` جب آیت کریمہ : «فسبح باسم ربك العظيم» نازل ہوئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے فرمایا : ” اسے اپنے رکوع میں کہا کرو “ ، پھر جب «سبح اسم ربك الأعلى» نازل ہوئی تو ہم سے فرمایا : ” اسے اپنے سجدے میں کہا کرو “ ۱؎ ۔
حضرت عقبہ بن عامر جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: جب یہ آیت ﴿فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِيمِ﴾ [سورة الواقعة: 74] ”اپنے عظمت والے رب کے نام کی تسبیح کیجئے۔“ نازل ہوئی، تو رسول اللہ ﷺ نے ہمیں فرمایا: ”یہ کام اپنے رکوع میں کرو۔“ اور جب یہ آیت ﴿سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى﴾ [سورة الأعلى: 1] ”اپنے رب کے نام کی تسبیح کیجئے جو سب سے بلند ہے۔“ نازل ہوئی، تو رسول اللہ ﷺ نے ہم سے فرمایا: ”یہ کام اپنے سجدوں میں کرو۔“
تشریح، فوائد و مسائل
عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں جب آیت کریمہ: «فسبح باسم ربك العظيم» "اپنے بہت بڑے رب کے نام کی تسبیح کیا کرو" (سورۃ الواقعۃ: ۷۴) نازل ہوئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اسے اپنے رکوع میں کر لو"، پھر جب «سبح اسم ربك الأعلى» "اپنے بہت ہی بلند رب کے نام پاکیزگی بیان کرو" (سورۃ الاعلی: ۱) اتری تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اسے اپنے سجدے میں کر لو۔" [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 869]
یہ تسبیحات صحیح اسانید سے ثابت ہیں۔ اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اپنا عمل بھی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بذات خود رکوع اور سجود میں یہ تسبیحات پڑھا کرتے تھے۔ [صحيح مسلم۔ حديث 772]
مذکورہ دونوں روایات سنن ابی داود [869] اور [870] شیخ البانی رحمہ اللہ کے نزدیک سنداً ضعیف ہیں، لیکن شواہد کی بنا پر یہ اضافہ ان کے نزدیک صحیح ہے۔ دیکھئے: [مفصل سنن ابي داودوصفة الصّلاة للالباني]
آپ رکوع میں «سبحان ربي العظيم» کہتے (رہتے) تھے۔
دلیل: اس روایت کے الفاظ یہ ہیں: «ثم ركع فجعل يقول سبحان ربي العظيم .» [صحيح مسلم: 772]
آپ مذکورہ بالا دعا کا نماز میں پڑھنے کا حکم بھی کرتے۔
دلیل: «عن عقبة بن عامر قال: لمانزلت‘فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِيْم، قال رسول الله صلى الله عليه وسلم إجعلوها فى ركوعكم» [ابوداود: 869]
اس کی تسبیح کی تعداد میں امام ذہبی نے اختلاف کیا ہے۔
میمون بن مہران (تابعی) اور زہری (تابعی) فرماتے ہیں کہ رکوع وسجود میں تین تسبیحات سے کم نہیں پڑھنا چاہئے [مصنف ابن ابي شيبه 1/250، رقم 2571]
اس کے علاوہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے درج ذیل دعائیں بھی ثابت ہیں۔
«سُبْحَانَكَ اللّٰهُمَّ رَبَّنَا وَبِحَمْدِكَ، اَللّٰهُمَّ اغْفِرْلِيْ .»
’’اے اللہ! جو ہمارا رب ہے، تو پاک ہے، ہم تیری تعریف کرتے ہیں الٰہی مجھے بخش دے۔" [صحيح بخاري: 794، 817، صحيح مسلم: 484]
یہ دعا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کثرت سے پڑھتے تھے۔
«سُبُّوْحٌ قُدُّوْسٌ، رَبُّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوْحِ .» [صحيح مسلم: 487]
’’وہ ہر عیب سے پاک ہے وہ فرشتوں اور جبریل کا رب ہے۔"
«سُبْحَانَكَ وَبِحَمْدِكَ، لَا إلهَ إلَّا أَنْتَ .» [صحيح مسلم: 485]
’’اے اللہ تو پاک ہے اور تیری ہی تعریف ہے۔ نہیں ہے کوئی معبود (برحق) مگر تو ہی۔"
«اَللّٰهُمَّ لَكَ رَكَعْتُ وَبِكَ آمَنْتُ وَلَكَ أَسْلَمْتُ، خَشَعَ لَكَ سَمْعِيْ وَبَصَرِيْ وَمُخِّيْ وَعَظْمِيْ وَعَصَبِيْ .» [صحيح مسلم: 771]
’’اے اللہ! میں نے تیرے لئے رکوع کیا تیرے لئے ہی ایمان لایا اور تیرے لئے ہی فرمانبردار ہوا میری سماعت، بصارت، ہڈی اور اس کی مخ اور پٹھے (سب کے سب) تجھ سے ڈر گئے۔"
ان دعاؤں میں سے کوئی دعا بھی پڑھی جا سکتی ہے، ان دعاؤں کا ایک ہی رکوع یا سجدے میں جمع کرنا اور اکٹھا پڑھنا کسی صریح دلیل سے ثابت نہیں۔ تاہم حالت تشہد میں «ثم ليتخير من الدعاء أعجبه إليه فيدعو .» [صحيح بخاري: 835] کی عام دلیل سے ان دعاؤں کا جمع کرنا بھی جائز ہے۔ واللہ أعلم