حدیث نمبر: 613
حَدَّثَنَا الْعَبَّاسُ بْنُ عَبْدِ الْعَظِيمِ الْعَنْبَرِيُّ ، وَأَبُو حَفْصٍ عَمْرُو بْنُ عَلِيٍّ الْفَلَّاسُ ، وَمُجَاهِدُ بْنُ مُوسَى ، قَالُوا : حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ مَهْدِيٍّ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ الْوَلِيدِ ، أَخْبَرَنِي مُحِلُّ بْنُ خَلِيفَةَ ، حَدَّثَنِي أَبُو السَّمْحِ ، قَالَ : " كُنْتُ أَخْدُمُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَكَانَ إِذَا أَرَادَ أَنْ يَغْتَسِلَ ، قَالَ : وَلِّنِي ، فَأُوَلِّيهِ قَفَايَ ، وَأَنْشُرُ الثَّوْبَ فَأَسْتُرُهُ بِهِ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوالسمح رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کیا کرتا تھا ، جب آپ غسل کا ارادہ کرتے تو فرماتے : ” میری طرف پیٹھ کر لو “ تو میں پیٹھ آپ کی طرف کر لیتا ، اور کپڑا پھیلا کر پردہ کر دیتا ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / أبواب التيمم / حدیث: 613
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح
تخریج حدیث « سنن ابی داود/الطہارة 137 ( 376 ) ، سنن النسائی/الطہارة 143 ( 225 ) ، ( تحفة الأشراف : 12051 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 225

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´غسل کے وقت پردہ کرنے کا بیان۔`
ابوالسمح رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کیا کرتا تھا، جب آپ غسل کا ارادہ کرتے تو فرماتے: میری طرف پیٹھ کر لو تو میں پیٹھ آپ کی طرف کر لیتا، اور کپڑا پھیلا کر پردہ کر دیتا۔ [سنن ابن ماجه/أبواب التيمم/حدیث: 613]
اردو حاشہ:
کسی کے سامنے بے لباس ہونا جائز نہیں، البتہ تنہائی میں یا پردے میں کسی ضرورت کے تحت لباس اتارنا جائز ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 613 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 225 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´غسل کرتے وقت پردہ کرنے کا بیان۔`
ابو سمح (ایاد) رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کیا کرتا تھا، تو جب آپ غسل کا ارادہ کرتے تو فرماتے: میری طرف اپنی گدی کر لو تو میں اپنی گدی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف کر کے آپ کو آڑ کر لیتا تھا۔ [سنن نسائي/ذكر ما يوجب الغسل وما لا يوجبه/حدیث: 225]
225۔ اردو حاشیہ:
➊ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ننگے بدن غسل نہیں فرمایا کرتے تھے بلکہ ازار باندھ کر غسل فرمایا کرتے تھے جیسا کہ احادیث میں صراحتاً ذکر ہے، مگر پھر بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم پسند نہیں فرماتے تھے کہ باقی ماندہ ننگے جسم پر بھی کسی کی نظر پڑے۔ خادم کو اس طرح کھڑا کرتے کہ نہ تو اس کی نظر پڑتی، نہ کسی دوسرے کی کیونکہ وہ خادم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے پردے کے قائم مقام ہوتا تھا۔
➋ غسل کرتے وقت پردے کا اہتمام کرنا چاہیے۔
➌ بالغ آدمی کے مقام ستر کو دیکھناجائز نہیں۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 225 سے ماخوذ ہے۔