سنن ابن ماجه
أبواب التيمم— کتاب: تیمم کے احکام و مسائل
بَابٌ في الْغُسْلِ مِنَ الْجَنَابَةِ باب: غسل جنابت میں سر کیسے دھلے؟
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بِنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا أَبُو خَالِدٍ الْأَحْمَرُ ، عَنِ ابْنِ عَجْلَانَ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ أَبِي سَعِيدٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، سَأَلَهُ رَجُلٌ كَمْ أُفِيضُ عَلَى رَأْسِي وَأَنَا جُنُبٌ ؟ قَالَ : كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " يَحْثُو عَلَى رَأْسِهِ ثَلَاثَ حَثَيَاتٍ " ، قَالَ الرَّجُلُ : إِنَّ شَعْرِي طَوِيلٌ ، قَالَ : " كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَكْثَرَ شَعْرًا مِنْكَ وَأَطْيَبَ " .
´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` کسی شخص نے ان سے پوچھا : جب میں غسل جنابت کروں تو اپنے سر پر کتنا پانی ڈالوں ؟ کہا : رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے سر پر تین پانی چلو ڈالتے تھے ، اس پر اس شخص نے کہا : میرے بال لمبے ہیں ، تو انہوں نے کہا کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم تم سے زیادہ بال والے ، اور زیادہ پاک و صاف رہنے والے تھے ۱؎ ۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان سے ایک آدمی نے سوال کیا: ”جب میں جنبی ہوں تو (غسل کرتے وقت) سر پر کتنا پانی ڈالا کروں؟“ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”رسول اللہ ﷺ اپنے سر مبارک پر تین لپ (پانی) ڈالا کرتے تھے۔“ اس شخص نے کہا: ”میرے بال لمبے ہیں۔“ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”رسول اللہ ﷺ کے بال تجھ سے زیادہ تھے اور زیادہ پاکیزہ تھے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
اس حدیث میں غسل جنابت کا ایک مسئلہ ذکر ہوا ہے کہ سر پر تین مرتبہ پانی ڈالنا چاہیے، اس کی تفصیل یہ ہے کہ ایک چلو سر کی دائیں طرف، دوسرا سر کی بائیں طرف اور تیسرا سر کے درمیان میں ڈالنا چاہیے، یہ تفصیل صحیح مسلم اور صیح ابن خزیمہ میں ہے۔