سنن ابن ماجه
كتاب تعبير الرؤيا— کتاب: خواب کی تعبیر سے متعلق احکام و مسائل
بَابُ : تَعْبِيرِ الرُّؤْيَا باب: خواب کی تعبیر کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرٍ , حَدَّثَنَا مُعَاوِيَةُ بْنُ هِشَامٍ , حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ صَالِحٍ , عَنْ سِمَاكٍ , عَنْ قَابُوسَ , قَالَ : قَالَت أُمُّ الْفَضْلِ : يَا رَسُولَ اللَّهِ , رَأَيْتُ كَأَنَّ فِي بَيْتِي عُضْوًا مِنْ أَعْضَائِكَ , قَالَ : " خَيْرًا رَأَيْتِ , تَلِدُ فَاطِمَةُ غُلَامًا فَتُرْضِعِيهِ " , فَوَلَدَتْ حُسَيْنًا , أَوْ حَسَنًا , فَأَرْضَعَتْهُ بِلَبَنِ قُثَمٍ , قَالَتْ : فَجِئْتُ بِهِ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَوَضَعْتُهُ فِي حَجْرِهِ , فَبَالَ فَضَرَبْتُ كَتِفَهُ , فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " أَوْجَعْتِ ابْنِي رَحِمَكِ اللَّهُ " .
´قابوس کہتے ہیں کہ` ام الفضل رضی اللہ عنہا نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ آپ کے جسم کا ایک ٹکڑا میرے گھر میں آ گیا ہے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم نے اچھا خواب دیکھا ہے ، فاطمہ کو اللہ تعالیٰ بیٹا عطا کرے گا اور تم اسے دودھ پلاؤ گی “ ، پھر جب حسین یا حسن ( رضی اللہ عنہما ) پیدا ہوئے تو انہوں نے ان کو دودھ پلایا ، جو قثم بن عباس کا دودھ تھا ، پھر میں اس بچے کو لے کر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آئی ، اور آپ کی گود میں بٹھا دیا ، اس بچے نے پیشاب کر دیا ، میں نے اس کے کندھے پر مارا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم نے میرے بچے کو تکلیف پہنچائی ہے ، اللہ تم پر رحم کرے “ ! ۔
قابوس بن مخارق رحمہ اللہ سے روایت ہے، حضرت ام فضل (لبابہ بنت حارث) رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ”اے اللہ کے رسول! میں نے (خواب میں) دیکھا گویا میرے گھر میں آپ کے جسم مبارک کا حصہ ہے۔“ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تو نے اچھی چیز دیکھی ہے۔ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے ہاں لڑکا پیدا ہوگا تو تم اسے دودھ پلاؤ گی۔“ چنانچہ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے ہاں حضرت حسن رضی اللہ عنہ یا حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی ولادت ہوئی تو انہیں ام الفضل رضی اللہ عنہا نے دودھ پلایا جو قثم (بن عباس) رضی اللہ عنہما سے تھا۔ انہوں نے بیان فرمایا: ”میں انہیں (حسن یا حسین کو) لے کر نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور آپ کی آغوش میں رکھ دیا۔ بچے نے پیشاب کر دیا تو میں نے اس کے کندھے پر چپت لگائی۔“ نبی ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تجھ پر رحم کرے! تو نے میرے بیٹے کو تکلیف پہنچائی ہے۔“