سنن ابن ماجه
كتاب تعبير الرؤيا— کتاب: خواب کی تعبیر سے متعلق احکام و مسائل
بَابُ : تَعْبِيرِ الرُّؤْيَا باب: خواب کی تعبیر کا بیان۔
حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ الْمُنْذِرِ الْحِزَامِيُّ , حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُعَاذٍ الصَّنْعَانِيُّ , عَنْ مَعْمَرٍ , عَنْ الزُّهْرِيِّ , عَنْ سَالِمٍ , عَنْ ابْنِ عُمَرَ , قَالَ : كُنْتُ غُلَامًا شَابًّا عَزَبًا , فِي عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , فَكُنْتُ أَبِيتُ فِي الْمَسْجِدِ , فَكَانَ مَنْ رَأَى مِنَّا رُؤْيَا يَقُصُّهَا عَلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , فَقُلْتُ : اللَّهُمَّ إِنْ كَانَ لِي عِنْدَكَ خَيْرٌ فَأَرِنِي رُؤْيَا يُعَبِّرُهَا لِي النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , فَنِمْتُ فَرَأَيْتُ مَلَكَيْنِ أَتَيَانِي فَانْطَلَقَا بِي , فَلَقِيَهُمَا مَلَكٌ آخَرُ , فَقَالَ : لَمْ تُرَعْ , فَانْطَلَقَا بِي إِلَى النَّارِ , فَإِذَا هِيَ مَطْوِيَّةٌ كَطَيِّ الْبِئْرِ , وَإِذَا فِيهَا نَاسٌ قَدْ عَرَفْتُ بَعْضَهُمْ , فَأَخَذُوا بِي ذَاتَ الْيَمِينِ , فَلَمَّا أَصْبَحْتُ ذَكَرْتُ ذَلِكَ لِحَفْصَةَ , فَزَعَمَتْ حَفْصَةُ أَنَّهَا قَصَّتْهَا عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , فَقَالَ : " إِنَّ عَبْدَ اللَّهِ رَجُلٌ صَالِحٌ , لَوْ كَانَ يُكْثِرُ الصَّلَاةَ مِنَ اللَّيْلِ " , قَالَ : فَكَانَ عَبْدُ اللَّهِ يُكْثِرُ الصَّلَاةَ مِنَ اللَّيْلِ .
´عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ایک نوجوان غیر شادی شدہ لڑکا تھا ، اور رات میں مسجد میں سویا کرتا تھا ، اور ہم میں سے جو شخص بھی خواب دیکھتا وہ اس کی تعبیر آپ سے پوچھا کرتا ، میں نے ( ایک دن دل میں ) کہا : اے اللہ ! اگر میرے لیے تیرے پاس خیر ہے تو مجھے بھی ایک خواب دکھا جس کی تعبیر میرے لیے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بیان فرما دیں ، پھر میں سویا تو میں نے دو فرشتوں کو دیکھا کہ وہ میرے پاس آئے ، اور مجھے لے کر چلے ، ( راستے میں ) ان دونوں کو ایک اور فرشتہ ملا اور اس نے کہا : تم خوفزدہ نہ ہو ، بالآخر وہ دونوں فرشتے مجھ کو جہنم کی طرف لے گئے ، میں نے اسے ایک کنویں کی طرح گھرا ہوا پایا ، ( اور میں نے اس میں اوپر نیچے بہت سے درجے دیکھے ) اور مجھے بہت سے جانے پہچانے لوگ بھی نظر آئے ، اس کے بعد وہ فرشتے مجھے دائیں طرف لے کر چلے ، پھر صبح ہوئی تو میں نے یہ خواب حفصہ رضی اللہ عنہا سے بیان کیا ، حفصہ رضی اللہ عنہا کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ خواب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” عبداللہ ایک نیک آدمی ہے ، اگر وہ رات کو نماز زیادہ پڑھا کرے “ ۔ راوی کہتے ہیں اس کے بعد عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما رات کو نماز زیادہ پڑھنے لگے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ایک نوجوان غیر شادی شدہ لڑکا تھا، اور رات میں مسجد میں سویا کرتا تھا، اور ہم میں سے جو شخص بھی خواب دیکھتا وہ اس کی تعبیر آپ سے پوچھا کرتا، میں نے (ایک دن دل میں) کہا: اے اللہ! اگر میرے لیے تیرے پاس خیر ہے تو مجھے بھی ایک خواب دکھا جس کی تعبیر میرے لیے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بیان فرما دیں، پھر میں سویا تو میں نے دو فرشتوں کو دیکھا کہ وہ میرے پاس آئے، اور مجھے لے کر چلے، (راستے میں) ان دونوں کو ایک اور فرشتہ ملا اور اس نے کہا: تم خوفزدہ نہ ہو، بالآخر وہ دونوں۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب تعبير الرؤيا/حدیث: 3919]
فوائد و مسائل:
(1)
ایک نوجوان کنوارا آدمی ضرورت پڑنے پر دن یا رات کو مسجد میں سوسکتا ہے۔
(2)
نیک آدمی کی اس انداز سے تعریف کرنا جائز ہے جس سے اس میں فخر کے جذبات پیدا ہونے کا خدشہ نہ ہو۔
(3)
نیکی کی ترغیب دلانے کے لیے موجود نیکی کا ذکر کرکے کوتاہی بیان کرنا درست ہے تاکہ اصلاح کی ہمت پیدا ہو۔
(4)
اس میں حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کے جنتی ہونے کا اشارہ ہے۔
1۔
دراصل حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی مذکورہ حدیث ان کے دو خوابوں پر مشتمل ہے وہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں خواب میں دیکھا کہ میرے ہاتھ میں ایک موٹے ریشم کا ٹکڑا ہے۔
میں جنت کے جس مقام کا ارادہ کرتا ہوں وہ مجھے وہاں لے جاتا ہے۔
پھر میں نے ایک دوسرے خواب میں دیکھا کہ میرے پاس دو فرشتے آئے اور مجھے آگ کی طرف لے گئے انھیں ایک تیسرا فرشتہ ملا تو اس نے کہا: عبد اللہ! گھبرانے کی ضرورت نہیں پھر ان سے مخاطب ہوا کہ اسے چھوڑ دو۔
میں نے یہ خواب حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے بیان کیا۔
انھوں نے اس کا ایک حصہ (جو آگ والا تھا)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا تو آپ نے فرمایا: ’’عبد اللہ اچھا آدمی ہے اگر قیام اللیل کا اہتمام کیا کرے۔
‘‘ (صحیح البخاري، التهجد، حدیث: 1156۔
1157)
اس کے بعد حضرت عبد اللہ رات کو بہت کم سوتے تھے۔
(صحیح البخاري التهجد، حدیث: 1122)
2۔
حافظ ابن حجر نے ایک روایت کی نشاندہی کی ہے جس کے الفاظ یہ ہیں۔
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بہت سوتے تھے اور جس فرشتے نے خواب میں آپ کو تسلی دی تھی اس نے کہا کہ نماز سے سستی نہ کیا کرو۔
آپ اچھے آدمی ہیں صرف نماز تہجد کے اہتمام کی کمی ہے۔
(فتح الباری: 12/505)
بہر حال حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مذکورہ ارشاد گرامی اس خواب کا حصہ ہے جس میں انھیں آگ سے ڈرایا گیا تھا اور ایک فرشتے نے انھیں تسلی دی تھی کہ گھبرانے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں۔
آپ اس میں داخل نہیں ہوں گے۔
آپ نماز تہجد پڑھنے کا اہتمام کیا کریں۔
واللہ أعلم۔
صفہ مسجد نبوی کے سامنے ایک سایہ دار جگہ تھی۔
جوآج بھی مدینہ منورہ جانے والے دیکھتے ہیں، یہاں آپ ﷺ سے تعلیم حاصل کرنے والے رہتے تھے۔
حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ کے متعلق ایک روایت میں ہے کہ نکاح سے پہلے ان کا گھر مسجد ہی تھا اور آپ وہیں سوتے تھے۔
(صحیح البخاري، التعبیر،حدیث: 7028)
حضرت ابن عمر ؓ خود فرماتے ہیں کہ میں نے ایک دفعہ کوشش کی کہ رہنے کے لیے جھونپڑی بنا لوں، مگر افسوس کہ مخلوق میں سے کسی نے میری مدد نہ کی۔
(سنن ابن ماجة، الزھد، حدیث: 4162)
اس لیے وہ مسافر سے بھی زیادہ مسجد میں اقامت گزیں ہونے کے حقدار تھے۔
واضح رہے کہ ان جزوی واقعات سے مسجد میں سونے کی اجازت کو ثابت کیا جا رہا ہے۔
ان سے مراد میں سونے کی ترغیب نہیں، کیونکہ یہ اجازت صرف ضرورت کے پیش نظر ہے۔
واللہ أعلم۔
اس کے بعد حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ نے نماز تہجد کو اپنی زندگی کا معمول بنا لیا۔
اس سے معلوم ہوا کہ نماز تہجد کی بے حد فضیلت ہے۔
اس بارے میں کئی احادیث مروی ہیں۔
ایک دفعہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: علَیکُم بقیامِ اللیل فإِنهُ دأبُ الصالحینَ قبلکُم۔
یعنی اپنے لیے نمازتہجد کو لازم کر لو یہ تمام صالحین، نیکو کار بندوں کا طریقہ ہے۔
حدیث سے یہ بھی نکلتا ہے کہ رات میں تہجد پڑھنا دوزخ سے نجات پانے کا باعث ہے۔
حضرت سلیمان ؑ کو ان کی والدہ نے نصیحت فرمائی تھی رات بہت سونا اچھا نہیں جس سے آدمی قیامت کے دن محتاج ہو کر رہ جائے گا۔
(1)
حضرت عبداللہ بن عمر ؓ مسجد میں اس وقت رہائش پذیر تھے جب ان کا اپنا مکان وغیرہ نہیں تھا۔
وہ خود فرماتے ہیں کہ میں نے بارش اور دھوپ سے بچاؤ کے لیے اپنا مکان بنایا، لیکن اس کی تعمیر میں کسی نے بھی میرے ساتھ کوئی تعاون نہ کیا۔
(سنن ابن ماجة، الزھد، حدیث: 4182)
اس خواب کے ذریعے سے انہیں خبردار کیا گیا کہ جس مسجد میں تم رہائش رکھتے ہو کم از کم نماز تہجد پڑھ کر اس کا حق تو ادا کرو۔
(فتح الباري: 11/3) (2)
امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے نماز تہجد کی فضیلت ثابت کی ہے، کیونکہ اس کی پابندی کرنا دوزخ سے نجات کا ذریعہ ہے۔
شاید امام بخاری کے ہاں ایسی کوئی حدیث صحیح نہیں تھی جس میں صراحت کے ساتھ نماز تہجد کی فضیلت ثابت ہو۔
صحیح مسلم میں ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’فرض نماز کے بعد نماز تہجد بہت فضیلت والی ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، الصیام، حدیث: 2755(1163) (3)
حضرت سالم فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی تنبیہ کے بعد حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے نماز تہجد کا اس قدر اہتمام کیا کہ رات کو بہت کم سوتے تھے۔
(صحیح البخاري، فضائل أصحاب النبي صلی اللہ علیه وسلم، حدیث: 3739)
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ میں نے خواب میں دیکھا گویا میرے ہاتھ میں موٹے ریشم کا ایک ٹکڑا ہے اور اس سے میں جنت کی جس جگہ کی جانب اشارہ کرتا ہوں تو وہ مجھے اڑا کر وہاں پہنچا دیتا ہے، تو میں نے یہ خواب (ام المؤمنین) حفصہ رضی الله عنہا سے بیان کیا پھر حفصہ رضی الله عنہا نے اسے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا تو آپ نے فرمایا: " تیرا بھائی ایک مرد صالح ہے " یا فرمایا: " عبداللہ مرد صالح ہیں " ۱؎۔ امام ترمذی: یہ حدیث حسن صحیح ہے۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3825]
وضاحت:
1؎:
کسی کے صالح ہونے کی شہادت اللہ کے رسول ﷺدیں، اس کے شرف کا کیا پوچھنا!۔
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں جب وہ نوجوان اور غیر شادی شدہ تھے تو مسجد نبوی میں سوتے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 723]