سنن ابن ماجہ — حدیث نمبر 3898
باب: مسلمان اچھا خواب دیکھے یا اس کے بارے میں دیکھا جائے اس کا بیان۔
بَابُ : الرُّؤْيَا الصَّالِحَةِ يَرَاهَا الْمُسْلِمُ أَوْ تُرَى لَهُ
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ , حَدَّثَنَا وَكِيعٌ , عَنْ عَلِيِّ بْنِ الْمُبَارَكِ , عَنْ يَحْيَى بْنِ أَبِي كَثِيرٍ , عَنْ أَبِي سَلَمَةَ , عَنْ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ , قَالَ : سَأَلْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ قَوْلِ اللَّهِ سُبْحَانَهُ : لَهُمُ الْبُشْرَى فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الآخِرَةِ سورة يونس آية 64 , قَالَ : " هِيَ الرُّؤْيَا الصَّالِحَةُ يَرَاهَا الْمُسْلِمُ أَوْ تُرَى لَهُ " .
´عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اللہ تعالیٰ کے فرمان : «لهم البشرى في الحياة الدنيا وفي الآخرة» ( سورة يونس : ۶۴ ) ” ان کے لیے دنیا کی زندگی اور آخرت میں خوشخبری ہے “ کے بارے میں سوال کیا ( کہ اس آیت کا کیا مطلب ہے ؟ ) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” یہ اچھے خواب ہیں جنہیں مسلمان دیکھتا ہے یا اس کے لیے کوئی اور دیکھتا ہے “ ۔
حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے اللہ تعالیٰ کے اس فرمان ﴿لَهُمُ الْبُشْرَى فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآخِرَةِ﴾ [سورة يونس: 64] ”ان کے لیے دنیا کی زندگی میں بھی خوشخبری ہے اور آخرت میں بھی۔“ کے متعلق دریافت کیا، تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس سے مراد اچھا خواب ہے جو مسلمان دیکھتا ہے، یا اس کے لیے دیکھا جاتا ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اللہ تعالیٰ کے فرمان: «لهم البشرى في الحياة الدنيا وفي الآخرة» (سورة يونس: ۶۳) " ان کے لیے دنیا کی زندگی اور آخرت میں خوشخبری ہے " کے بارے میں سوال کیا (کہ اس آیت کا کیا مطلب ہے؟) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " یہ اچھے خواب ہیں جنہیں مسلمان دیکھتا ہے یا اس کے لیے کوئی اور دیکھتا ہے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب تعبير الرؤيا/حدیث: 3898]
فوائد و مسائل:
(1)
اچھا خواب اپنے بارے میں بھی ہوسکتاہے۔
اور کسی دوسرے مسلمان کے بارے میں بھی دونوں صورتوں میں یہ خوشخبری ہے۔
مثلاً ایک آدمی دیکھتا ہے کہ وہ کعبہ کا طواف کررہا ہے۔
یہ اس کا اپنے بارے میں خواب ہے۔
یا دیکھتا ہے کہ اس کا والد طواف کررہا ہے تو یہ اس کے والد کےبارے میں خوشخبری ہے۔
(2)
آخرت میں مومن کو جنت میں داخلے کی خوشخبری ملے گی۔
یہ روح قبض ہوتے وقت بھی ملتی ہے۔
اور قبر کے سوالات کے بعد بھی ملتی ہے۔
دایئں ہاتھ میں اعمال نامہ ملنا بھی خوشخبری ہوگی۔
اعمال کا وزن ہوتے وقت نیکیوں کے پلڑے کا بھاری ہوجانا بھی خوشخبری ہے۔
(3)
فوت شدہ کواچھی حالت میں دیکھنا بھی خوش خبری ہے۔
عبادہ بن صامت رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اللہ تعالیٰ کے آیت کریمہ: «لهم البشرى في الحياة الدنيا» کے بارے میں پوچھا تو آپ نے فرمایا: " اس سے مراد اچھے اور نیک خواب ہیں جسے مومن دیکھتا ہے یا اسے دکھایا جاتا ہے۔" [سنن ترمذي/كتاب الرؤيا/حدیث: 2275]
نوٹ:
(ابن ماجہ کی سند متصل ہے)