حدیث نمبر: 3881
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ , حَدَّثَنَا أَبُو الْحُسَيْنِ , عَنْ حَمَّادِ بْنِ سَلَمَةَ , عَنْ عَاصِمِ بْنِ أَبِي النُّجُودِ , عَنْ شَهْرِ بْنِ حَوْشَبٍ , عَنْ أَبِي ظَبْيَةَ , عَنْ مُعَاذِ بْنِ جَبَلٍ , قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَا مِنْ عَبْدٍ بَاتَ عَلَى طُهُورٍ , ثُمَّ تَعَارَّ مِنَ اللَّيْلِ , فَسَأَلَ اللَّهَ شَيْئًا مِنْ أَمْرِ الدُّنْيَا , أَوْ مِنْ أَمْرِ الْآخِرَةِ , إِلَّا أَعْطَاهُ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جو کوئی بندہ رات کو باوضو سوئے ، اور پھر رات میں اٹھ کر اللہ تعالیٰ سے دنیا و آخرت کی کسی چیز کا سوال کرے تو اللہ تعالیٰ اسے دیتا ہے “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الدعاء / حدیث: 3881
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن
تخریج حدیث «سنن ابی داود/الأدب 105 ( 5042 ) ، ( تحفة الأشراف : 11371 ) ، وقد أخرجہ : مسند احمد ( 5/ 234 ، 235 ، 244 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 5042

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´رات میں آنکھ کھل جائے تو کیا دعا پڑھے؟`
معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو کوئی بندہ رات کو باوضو سوئے، اور پھر رات میں اٹھ کر اللہ تعالیٰ سے دنیا و آخرت کی کسی چیز کا سوال کرے تو اللہ تعالیٰ اسے دیتا ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الدعاء/حدیث: 3881]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
باوضو سونا بہت باعث برکت ہے۔
اس لئے باوضو سونا چاہیے تاکہ رات کو جاگ آئے تو اللہ سے کچھ نہ کچھ مانگ لیاجائے خواہ ہدایت ومغفرت کا سوال کیا جائے۔
یا مرض سے شفا مصیبت سے نجات اور قرض کی ادایئگی کے لئے دعا کی جائے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3881 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 5042 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´باوضو سونے کی فضیلت کا بیان۔`
معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو بھی مسلمان اللہ تعالیٰ کو یاد کرتا ہوا باوضو سوتا ہے پھر رات میں (کسی بھی وقت) چونک کر اٹھتا ہے اور اللہ سے دنیا اور آخرت کی بھلائی کا سوال کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے ضرور دیتا ہے۔‏‏‏‏ ثابت بنانی کہتے ہیں: ہمارے پاس ابوظبیہ آئے تو انہوں نے ہم سے معاذ بن جبل کی یہ حدیث بیان کی، جسے وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں۔ ثابت بنانی کہتے ہیں: فلاں شخص نے کہا ۱؎ کہ میں نے اپنی نیند سے بیدار ہوتے وقت کئی بار اس کلمہ کے ۲؎ ادا کرنے کی کوشش کی مگر کہہ نہ سکا ۳؎۔ [سنن ابي داود/أبواب النوم /حدیث: 5042]
فوائد ومسائل:
باوضو ہو کرمسنون ازکار پڑھ کر سونے کی بہت برکات ہیں۔
ان میں سے ایک یہ ہے کہ اگر انسان رات کو کسی وقت لیٹے لیٹے بھی دعا کرلے تو ان شاء اللہ مقبول ہوتی ہے۔
اور اگر اُٹھ کر نماز پڑھنے میں مشغول ہو تو نور علیٰ نور ہے۔
منصوص ذکراور دعا حدیث 5060 میں ملاحظہ ہو۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5042 سے ماخوذ ہے۔