سنن ابن ماجه
كتاب الدعاء— کتاب: دعا کے فضائل و آداب اور احکام و مسائل
بَابُ : يُسْتَجَابُ لأَحَدِكُمْ مَا لَمْ يَعْجَلْ باب: دعا قبول ہوتی ہے بشرطیکہ جلدی نہ کرے۔
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ , حَدَّثَنَا إِسْحَاق بْنُ سُلَيْمَانَ , عَنْ مَالِكِ بْنِ أَنَسٍ , عَنْ الزُّهْرِيِّ , عَنْ أَبِي عُبَيْدٍ مَوْلَى عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَوْفٍ , عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ , أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , قَالَ : " يُسْتَجَابُ لِأَحَدِكُمْ مَا لَمْ يَعْجَلْ " , قِيلَ : وَكَيْفَ يَعْجَلُ يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ قَالَ : " يَقُولُ : قَدْ دَعَوْتُ اللَّهَ فَلَمْ يَسْتَجِبْ اللَّهُ لِي " .
´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم میں سے ہر ایک کی دعا قبول ہوتی ہے ، بشرطیکہ وہ جلدی نہ کرے “ ، عرض کیا گیا : اللہ کے رسول ! جلدی کا کیا مطلب ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” وہ یوں کہتا ہے کہ میں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی لیکن اللہ تعالیٰ نے میری دعا قبول نہ کی “ ۱؎ ۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تم میں سے ایک کی دعا قبول ہوتی رہتی ہے جب تک کہ وہ جلد بازی نہ کرے۔“ عرض کیا گیا: ”اے اللہ کے رسول ﷺ! وہ جلد بازی کس طرح کرتا ہے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”وہ کہتا ہے: میں نے اللہ سے دعا کی لیکن اللہ نے میری دعا قبول نہیں کی۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم میں سے ہر ایک کی دعا قبول ہوتی ہے، بشرطیکہ وہ جلدی نہ کرے "، عرض کیا گیا: اللہ کے رسول! جلدی کا کیا مطلب ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " وہ یوں کہتا ہے کہ میں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی لیکن اللہ تعالیٰ نے میری دعا قبول نہ کی " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الدعاء/حدیث: 3853]
فوائد و مسائل:
(1)
دعا کی قبولیت میں تاخیر ہو تو دعا کرتےرہنا چاہیے۔
ممکن ہے اس تاخیر میں بندے کے لیے بہتری ہو۔
(2)
دعا مانگنا بہت بڑی نیکی اور عبادت ہے، لہٰذا اگر اللہ تعالیٰ کسی حکمت کی بنا پر بندے کو اس کی مطلوبہ چیز نہ دے تو بار بار دعا کرنے سےدعا کا ثواب بڑھتا چلا جاتا ہے اور یہ خود ایک انعام ہے۔
دعا اگر خلوص قلب کے ساتھ ہے اور شرائط وآداب دعا کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے تو وہ جلد یا بہ دیر ضرور قبول ہوگی۔
بظاہر قبول نہ بھی ہوتو وہ ذخیرہ آخرت بنے گی حدیث (یُستَجَابُ لأَحدِکُم ما لَم یعجل)
کا یہی مطلب ہے کہ دعا میں مشغول رہو تھک ہار کر دعا کا سلسلہ نہ کاٹ دو نا امید ی کو پاس نہ آنے دو اور دعا برابر کرتے رہو۔
راقم الحروف کی زندگی میں ایسے بہت سے مواقع آئے کہ ہر طرف سے نا امیدیوں نے گھیر لیا مگر دعا کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔
آخر اللہ پاک کی رحمت نے دست گیری فرمائی اور دعا قبول ہوئی ایک آخری دعا اور ہے اور امید قوی ہے کہ وہ بھی ضرور قبول ہوگی یہ دعا تکمیل بخاری شریف اور خدمت مسلم شریف کے لئے ہے۔
حدیث کے باب کا مطلب یہ ہے کہ بندہ ناامیدی کا کلمہ منہ سے نہ نکالے اور اللہ کی رحمت سے نا امید نہ ہو۔
مسلم شریف اور ترمذی کی روایت میں ہے جب تک گناہ یا ناطہ توڑنے کی دعا نہ کرے، دعا ضرور قبول ہوتی ہے۔
اس لئے آدمی کو لازم ہے کہ دعا سے کبھی اکتائے نہیں اگر بالفرض جو مطلب چاہتا تھا وہ پورا نہ ہو تو یہ کیا کم ہے کہ دعا کا ثواب ملا۔
دوسری حدیث میں ہے کہ مومن کی دعا ضائع نہیں جاتی یا تو دنیا ہی میں قبول ہوتی ہے یا آخرت میں اس کا ثواب ملے گا اور دعا کے قبول ہونے میں دیر ہو تو جلدی نہ کرے نا امید نہ ہو جائے۔
بعض پیغمبروں کی دعا چالیس چالیس برس بعد قبول ہوئی ہے۔
ہر بات کا ایک وقت اللہ تعالیٰ نے رکھا ہے وہ وقت آنا چاہئے(کل أمرمَرھُون بأوقاتِھَا)
مثل مشہور ہے۔
اصل یہ ہے کہ دعا کی قبولیت کے لئے بڑی ضرورت اس چیز کی ہے کہ آدمی کا کھانا پینا پہننا رہنا سہنا سب حلال سے ہو حرام اور مشتبہ کمائی سے بچا رہے اس کے ساتھ باطہارت ہو کر رو بقبلہ خلوص دل سے دعا کرے اور اول اور آخرت اللہ کی تعریف اورثنا بیان کرے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجے۔
(صلی اللہ علیہ وسلم)
ان شرائط کے ساتھ کے جو دعا ہوگی وہ زود یا بدیر ضرور قبول کی جائے گی۔
نہ ہو اس سے مایوس امیدوار۔
(1)
ایک روایت میں ہے کہ بندے کی دعا ضرور قبول ہوتی ہے جب تک وہ گناہ اور قطع رحمی کی دعا نہ کرے اور جلد بازی کا مظاہرہ نہ کرے۔
پوچھا گیا: اللہ کے رسول! وہ جلد بازی کا مظاہرہ کیسے کرتا ہے؟ آپ نے فرمایا: ''وہ کہتا ہے: میں نے دعا مانگی، دست سوال دراز کیا لیکن قبولیت کے اثرات نظر نہیں آتے، آخر کار تنگ آ کر دعا کرنا چھوڑ دیتا ہے۔
'' (صحیح مسلم، الذکر والدعاء، حدیث: 6936 (2735) (2)
قبولیت کا ایک وقت طے ہے، اس لیے اگر دعا کی قبولیت میں تاخیر ہو تو بھی دعا کرتے رہنا چاہیے ممکن ہے اس تاخیر میں کوئی بہتری ہو۔
یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ اس دعا کو آخرت کے لیے ذخیرہ کر دے یا اس کے برابر اس سے کوئی بلا ٹال دے۔
بہرحال دعا مانگنا بہت بڑی نیکی اور عبادت ہے، لہذا اگر اللہ تعالیٰ اپنی کسی حکمت کی بنا پر بندے کو اس کی مطلوبہ چیز نہ دے تو بار بار دعا کرنے سے دعا کا ثواب بڑھتا چلا جاتا ہے اور یہ خود ایک بہت بڑا انعام ہے، لہذا ناامیدی کو اپنے پاس نہیں آنے دینا چاہیے۔
واللہ أعلم
يستحسر: وہ تھک ہار جاتا ہے اور دعا چھوڑ دیتا ہے۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم میں سے ہر کسی کی دعا قبول کی جاتی ہے، جب تک کہ وہ جلدی نہ مچائے (جلدی یہ ہے کہ) وہ کہنے لگتا ہے: میں نے دعا کی مگر وہ قبول نہ ہوئی " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3387]
وضاحت:
1؎:
اس سے معلوم ہوا کہ دعا کرتے ہوئے انسان یہ کبھی نہ سوچے کہ دعاء مانگتے ہوئے اتنا عرصہ گذر گیا اور دعا قبول نہیں ہوئی، بلکہ اسے مسلسل دعاء مانگتے رہنا چاہیے، کیوں کہ اس تاخیر میں بھی کوئی مصلحت ہے جو صرف اللہ کو معلوم ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم میں سے ہر ایک کی دعا قبول کی جاتی ہے جب تک وہ جلد بازی سے کام نہیں لیتا اور یہ کہنے نہیں لگتا کہ میں نے تو دعا مانگی لیکن میری دعا قبول ہی نہیں ہوئی ۱؎۔" [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الوتر /حدیث: 1484]
➊ عین مطلوب کا بروقت مل جانا۔
➋ تاخیر سے ملنا۔جس میں کوئی نہ کوئی حکمت پوشیدہ ہوتی ہے۔
➌ بعض اوقات عین مطلوب تو نہیں دیا جاتا مگر اس کے بدلے کوئی اور شر دور کیا جاتا ہے۔ یا فائدہ پہنچا دیا جاتا ہے۔
➍ یا اس کی دعا کو آخرت کےلئے زخیرہ کردیا جاتا ہے۔جب کہ انسان از حد محتاج ہوگا۔ (عون المعبود) کبھی ایسے بھی ہوتا ہے کہ ایک نافرمان اور عاصی قسم کا آدمی دعا کرتا ہے تو اس کا مطلوب اسے بڑی جلدی مل جاتا ہے۔مگر صالح انسان مانگتا رہتا ہے۔ اور اسے نہیں دیا جاتا۔ اس کی حقیقی حکمت تو اللہ ہی جانےمگر بعض بزرگوں کے چونکہ دست دعا بلند کرنا اور اے اللہ!اے اللہ! پکارنا بذاتہ عبادت اور محبوب عمل ہے۔اور اللہ عزوجل کو اچھا لگتا ہے۔کہ یہ بندہ اس کی چو ھٹ پر بیٹھا رہے۔اس لئے اس کا مطلوب اس کو نہیں دیا جاتا۔بلکہ اس کے درجات بلند کیے جاتے اور بعض دوسری نعمتیں دی جاتی ہیں۔ جب کہ دوسرا عاصی انسان اللہ کا مبغوض ہوتا ہے۔اور اللہ کو اس کے دربار میں حاضری پسند نہیں ہوتی۔تو جونہی وہ کوئی طلب پیش کرتا ہے۔ تو اللہ کی مشیت ہوتی ہے۔تو فورا ً اسے دے دی جاتی ہے۔نتیجتاً وہ اپنا مطلوب پاکر پھر سے اللہ سے غافل ہوجاتا ہے۔اسی طرح سے وہ تقرب الی اللہ اور اجر وثواب سے محروم کردیا جاتا ہے۔واللہ اعلم بالصواب۔ونسال اللہ العافیۃ۔
«. . . عن ابى هريرة ان رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: "يستجاب لاحدكم ما لم يعجل فيقول: قد دعوت فلم يستجب لي . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم میں سے ہر ایک کی دعا قبول ہوتی ہے جب تک جلد بازی نہ کرے، یعنی یہ نہ کہے کہ میں نے دعا کی ہے لیکن قبول نہیں ہوئی . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 448]
[وأخرجه البخاري 6340، ومسلم 2735، من حديث مالك به]
تفقه
① اس حدیث کی شرح میں حافظ ابن عبدالبر فرماتے ہیں: اس حدیث میں دلیل ہے کہ آیت «اُدعُوْني استجب لكم» مجھ سے دعا مانگو میں تمہاری دعا قبول کروں گا، اپنے عموم پر نہیں ہے، اس کی تخصیص کی گئی ہے۔" [التمهيد 296/10]
حافظ ابن عبدالبر نے سورۃ الانعام کی آیت [41] «فَيَكْشِفُ مَا تَدْعُوْنَ إِلَيْهِ إِنْ شَاءَ» "پس تم (مصیبتیں ٹالنے کے لئے) جو دعائیں کرتے ہو تو وہ (اللہ) اگر چاہے تو مصیبتیں دور کر دیتا ہے" بھی بطور دلیل پیش کی ہے۔
② دعا مانگنے کے بہت سے ارکان و آداب ہیں مثلاً: ➊ صرف اللہ ہی سے دعا مانگی جائے۔
➋ غیر اللہ سے دعا نہ مانگی جائے۔
➌ دل میں دعا کی مقبولیت کا یقین ہو۔
➍ دعا مانگتے وقت دل و دماغ غافل نہ ہوں بلکہ آدمی پوری طرح اپنے رب کی طرف متوجہ ہو۔
➎ کتاب و سنت کی مکمل اتباع ہو اور ہر قسم کی بدعت سے کلی اجتناب ہو۔ وغیرہ
③ نیز دیکھئے: [ح 336]
④ مشہور تابعی امام زید بن اسلم رحمہ الله فرماتے تھے، جو شخص بھی دعا کرتا ہے تو اس کی تین حالتیں ہوتی ہیں: ➊ یا تو اس کی دعا (فوراً) قبول ہو جاتی ہے۔ ➋ یا مؤخر (لیٹ) کر دی جاتی ہے۔ ➌ یا اس (کے گناہوں) کا کفارہ بن جاتی ہے۔ [الموطأ رواية يحييٰ 1/217 ح505 وسنده صحيح]
⑤ مشہور تابعی امام سعید بن المسیب رحمہ الله فرمایا کرتے تھے کہ (مرنے والا) آدمی اپنے (مرنے کے) بعد اپنی اولاد کی دعا کی وجہ سے آسمانوں کی بلندیوں جتنا اٹھایا جاتا ہے یعنی اس کے درجے بہت بلند ہوتے ہیں۔ [المؤطآ رواية يحيٰ 217/1 ح 507 و سنده صحيح]
⑥ اللہ کی رحمت سے کبھی ناامید نہیں ہونا چاہئے۔
⑦ یہ شکوہ نہیں کرنا چاہئیے کہ میں نے بہت دعا کی لیکن قبول نہیں ہوئی۔