حدیث نمبر: 3790
حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ بْنُ حُمَيْدِ بْنِ كَاسِبٍ , حَدَّثَنَا الْمُغِيرَةُ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ , عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ سَعِيدِ بْنِ أَبِي هِنْدٍ , عَنْ زِيَادِ بْنِ أَبِي زِيَادٍ مَوْلَى ابْنِ عَيَّاشٍ , عَنْ أَبِي بَحْرِيَّةَ , عَنْ أَبِي الدَّرْدَاءِ , أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , قَالَ : " أَلَا أُنَبِّئُكُمْ بِخَيْرِ أَعْمَالِكُمْ , وَأَرْضَاهَا عِنْدَ مَلِيكِكُمْ , وَأَرْفَعِهَا فِي دَرَجَاتِكُمْ , وَخَيْرٍ لَكُمْ مِنْ إِعْطَاءِ الذَّهَبِ وَالْوَرِقِ , وَمِنْ أَنْ تَلْقَوْا عَدُوَّكُمْ , فَتَضْرِبُوا أَعْنَاقَهُمْ , وَيَضْرِبُوا أَعْنَاقَكُمْ " , قَالُوا : وَمَا ذَاكَ يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ قَالَ : " ذِكْرُ اللَّهِ " , وقَالَ مُعَاذُ بْنُ جَبَلٍ : مَا عَمِلَ امْرُؤٌ بِعَمَلٍ , أَنْجَى لَهُ مِنْ عَذَابِ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ , مِنْ ذِكْرِ اللَّهِ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوالدرداء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” کیا میں تمہیں وہ عمل نہ بتاؤں جو تمہارے اعمال میں سب سے بہتر عمل ہو ، اور تمہارے مالک کو سب سے زیادہ محبوب ہو ، اور تمہارے درجات کو بلند کرتا ہو ، اور تمہارے لیے سونا چاندی خرچ کرنے اور دشمن سے ایسی جنگ کرنے سے کہ تم ان کی گردنیں مارو ، اور وہ تمہاری گردنیں ماریں بہتر ہو ؟ “ ، لوگوں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! وہ کون سا عمل ہے ؟ آپ نے فرمایا : ” وہ اللہ کا ذکر ہے “ ۔ اور معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے عذاب سے نجات دلانے والا انسان کا کوئی عمل ذکر الٰہی سے بڑھ کر نہیں ہے ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الأدب / حدیث: 3790
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, ترمذي (3377ب), انوار الصحيفه، صفحه نمبر 512
تخریج حدیث «سنن الترمذی/الدعوات 6 ( 3377 ) ، ( تحفة الأشراف : 10950 ) ، وقد أخرجہ : موطا امام مالک/القرآن 7 ( 24 ) ، مسند احمد ( 5/195 ، 6/447 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 3377

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´ذکر الٰہی کی فضیلت۔`
ابوالدرداء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا میں تمہیں وہ عمل نہ بتاؤں جو تمہارے اعمال میں سب سے بہتر عمل ہو، اور تمہارے مالک کو سب سے زیادہ محبوب ہو، اور تمہارے درجات کو بلند کرتا ہو، اور تمہارے لیے سونا چاندی خرچ کرنے اور دشمن سے ایسی جنگ کرنے سے کہ تم ان کی گردنیں مارو، اور وہ تمہاری گردنیں ماریں بہتر ہو؟ ، لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! وہ کون سا عمل ہے؟ آپ نے فرمایا: وہ اللہ کا ذکر ہے۔‏‏‏‏ اور معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے عذاب سے نجات دلانے والا انسان کا کوئی عمل ذکر الٰہی سے بڑھ کر نہیں۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الأدب/حدیث: 3790]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
ہر عمل کی بنیاد اللہ کے لیے اخلاص اور اس کی یاد پر ہے۔
اور تمام بڑی بڑی عبادات کا مقصد اللہ کے حضور عبودیت کا اظہار اور اس کی یاد ہے جیسا کہ ارشاد ہے: ﴿وَأَقِمِ الصَّلاةَ لِذِكر‌ي ﴾ (طه 20: 14)
نماز قائم کرو میری یاد کے لیے۔
حج میں تلبیہ ایک اہم ذکر ہے جو ایک طویل عرصے تک مسلسل جاری رہتا ہے۔
قربانی کے موقع پر فرمایا: ﴿لِيَذكُرُ‌وا اسمَ اللَّـهِ عَلىٰ ما رَ‌زَقَهُم مِن بَهيمَةِ الأَنعامِ﴾ (الحج 22: 34)
’’اللہ نے انہیں جو مویشی دیے ہیں ان پر اللہ کا نام لیں‘‘ قربانی کے دنوں کے بارے میں ارشاد نبوی ہے: ’’اللہ نے انہیں جو مویشی دیے ہیں ان پر اللہ کا نام لیں۔‘‘
قربانی کے دنوں کے بارے میں ارشاد نبوی ہے: ’’یہ کھانے پینے کے اور اللہ کے ذکر کے دن ہیں۔‘‘ (صحيح المسلم، الصيام، باب تحريم صوم أيام التشريق ......، حديث: 1141)

(2)
جہاد میں بھی خلوص اور ذکر کی وجہ سے برکت حاصل ہوتی ہے، چنانچہ جہاد کے دوران میں نماز ادا کرنے کا طریقہ بیان کرنے کے بعد فرمایا: ﴿فَإِذا قَضَيتُمُ الصَّلاةَ فَاذكُرُ‌وا اللَّـهَ قِيامًا وَقُعودًا وَعَلىٰ جُنوبِكُم﴾ (النساء 4: 103)
 ’’جب تم نماز اداکر چکو تو کھڑے، بیٹھے اور لیٹے اللہ کو یاد کرتے رہو۔‘‘

(3)
نماز، روزہ، زکاۃ اور جہاد کے اپنے فوائد ہیں جن کی وجہ سے ان اعمال کی ادائیگی بھی ضروری ہے، تا ہم اللہ کا ذکر عبادات کے لیے روح رواں کی حیثیت رکھتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3790 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3377 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´ذکر الٰہی سے متعلق ایک اور باب۔`
ابو الدرداء رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا میں تمہارے سب سے بہتر اور تمہارے رب کے نزدیک سب سے پاکیزہ اور سب سے بلند درجے والے عمل کی تمہیں خبر نہ دوں؟ وہ عمل تمہارے لیے سونا چاندی خرچ کرنے سے بہتر ہے، وہ عمل تمہارے لیے اس سے بھی بہتر ہے کہ تم (میدان جنگ میں) اپنے دشمن سے ٹکراؤ، وہ تمہاری گردنیں کاٹے اور تم ان کی (یعنی تمہارے جہاد کرنے سے بھی افضل) لوگوں نے کہا: جی ہاں، (ضرور بتائیے) آپ نے فرمایا: وہ اللہ تعالیٰ کا ذکر ہے ، معاذ بن جبل رضی الله عنہ کہتے ہیں: اللہ کے ذکر سے بڑھ کر اللہ کے عذاب سے بچ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3377]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اللہ کا ذکر اللہ کے عذاب سے نجات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، کیوں کہ ذکر: رب العالمین کی توحید، اس کی ثنا، تحمید وتمجید وغیرہ کے کلمات کو دل اور زبان پرجاری رکھنے کا نام ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3377 سے ماخوذ ہے۔